صحائف
عِیتر ۸


باب ۸

سلطنت کو لے کر جھگڑے اور فسادات ہوتے ہیں—آکیش، بادِشاہ کو قتل کرنے کے لیے درپردہ سازِشیوں کا حلف بردار ٹولا تیار کرتا ہے—خُفیہ سازِشیں اِبلِیس کی طرف سے ہیں اور قَوموں کی تباہی و بربادی کا سبب بنتی ہیں—جدید غیر قَوموں کو درپردہ سازِشیوں سے خبردار کِیا جاتا ہے جو سارے عِلاقوں اور مُلکوں کی آزادی کو سَلب کرنے کے خواہاں ہوتے ہیں۔

۱ اور اَیسا ہُوا کہ اُس سے اُومر پَیدا ہُوا، اور اُومر نے اُس کی جگہ حُکم رانی سنبھالی۔ اور اُومر سے یارد پَیدا ہُوا؛ اور یارد سے بیٹے اور بیٹیاں پَیدا ہُوئیں۔

۲ اور یارد نے اپنے باپ کے خِلاف بغاوت کی، اور حِتّ کے ملک میں جا بسا۔ اور اَیسا ہُوا کہ وہ اپنی دروغ گوئی کے ذریعے سے بُہت سے لوگوں کی چاپلُوسی کرتا رہا، جب تک کہ اُس نے آدھی سلطنت نہ ہتھیا لی۔

۳ اور جب اُس نے آدھی سلطنت ہتھیا لی تھی تو اُس نے اپنے باپ کے خِلاف جنگ چھیڑ دی، اور وہ اپنے باپ کو اسِیر بنا کر لے گیا، اور اسِیری میں اُس سے مُشقّت کرائی۔

۴ اور اب اُومر کے دَورِ حُکم رانی میں اُس نے اپنی آدھی عُمر اسِیری میں گُزار دی۔ اور اَیسا ہُوا کہ اُس سے بیٹے اور بیٹیاں پَیدا ہُوئیں، جِن میں عسرم اور کوری عنتمر بھی تھے؛

۵ اور وہ اپنے بھائی یارد کی کرتُوتوں سے اِس قدر خفا تھے کہ اُنھوں نے اپنی فوج بنائی اور یارد پر چڑھائی کر دی۔ اور اَیسا ہُوا کہ اُنھوں نے رات کے وقت اُس پر حملہ کِیا۔

۶ اور اَیسا ہُوا کہ یارد کی فوج کو موت کے گھاٹ اُتارنے کے بعد وہ اُس کو بھی قتل کرنے والے تھے؛ اور اُس نے اُن سے فریاد کی کہ وہ اُسے قتل نہ کریں، اور وہ بادِشاہت اپنے باپ کے حوالہ کر دے گا۔ اور اَیسا ہُوا کہ اُنھوں نے اُس کی زِندگی بخش دی۔

۷ اور اب یارد بادِشاہت چھن جانے کے باعث نہایت ملُول تھا، کیوں کہ اُس نے بادِشاہت اور دنیا کی شان و شوکت پر اپنا دِل لگایا ہُوا تھا۔

۸ اب یارد کی بیٹی بڑی چالاک تھی، اور اپنے باپ کی پریشانیوں کو دیکھ کر اُس نے منصُوبہ رچانے کا سوچا جِس سے وہ اپنے باپ کے واسطے سلطنت واپس لے سکے۔

۹ اب یارد کی بیٹی نہایت حسِین و جمِیل تھی۔ اور اَیسا ہُوا کہ اُس نے اپنے باپ کے ساتھ بات کی اور اُس سے کہا: کس بات پر میرا باپ اِتنا زیادہ پریشان ہے؟ کیا اُس نے وہ نوِشتہ نہیں پڑھا جِس کو ہمارے باپ دادا اَتھاہ گہرائی کے پانیوں کے پار سے لائے تھے؟ دیکھ، کیا اُس میں قُدما کے مُتعلق ماجرا نہیں ہے، کہ اُنھوں نے اپنے خُفیہ منصُوبوں کی مدد سے بادِشاہتیں اور بڑی شان و شوکت حاصِل کی تھی۔

۱۰ اور اب، پَس، میرا باپ آکیش بن قمنور کو بُلاوا بھیجے؛ اور دیکھ، مَیں حسِین و جمِیل ہُوں، اور مَیں اُس کے سامنے رقص کرُوں گی، اور مَیں اُس کو لُبھاؤں گی، تاکہ وہ مُجھے بیوی بنانے کے لِیے تڑپے؛ پَس اگر وہ تُم سے درخواست کرے کہ تُم مُجھے اُس سے بیاہ دو تاکہ اُس کی بیوی بنُوں، تب تُم اُسے کہنا: اگر تُو مُجھے میرے باپ، یعنی بادِشاہ، کا سر لا کر دے گا تو مَیں اُس کو تیرے ساتھ بیاہ دُوں گا۔

۱۱ اور اب اُومر، آکیش کا دوست تھا، پَس، جب یارد نے آکیش کو بُلاوا بھیجا، یارد کی بیٹی نے اُس کے سامنے رقص کِیا اور اُس کو لُبھایا، اِس قدر کہ وہ اُس کو اپنی بیوی بنانے کے لِیے تڑپنے لگا۔ اور اَیسا ہُوا کہ اُس نے یارد سے کہا: اِس کو مُجھ سے بیاہ دے۔

۱۲ اور یارد نے اُس سے کہا: اگر تُو مُجھے میرے باپ، یعنی بادِشاہ، کا سر لا کر دے گا تو مَیں اُس کو تیرے ساتھ بیاہ دُوں گا۔

۱۳ اور اَیسا ہُوا کہ آکیش نے یارد کے گھر میں اپنے سب رشتہ داروں کو اِکٹھا کِیا، اور اُن سے کہا: کیا تُم مُجھ سے قَسم کھاؤ گے کہ جو کام مَیں چاہتا ہُوں کہ تُم کرو اُس میں تُم میرے وفادار رہو گے؟

۱۴ اور اَیسا ہُوا کہ اُن سب نے اُس کے سامنے آسمان کے خُدا، اور آسمانوں کی بھی، اور زمِین کی بھی، اور اپنے سروں کی قَسمیں کھائیں کہ جو کوئی اُس مدد سے پِھرے گا جِس کی آکیش نے خواہش کی ہے اُس کا سر قلم کر دِیا جائے گا؛ اور جو کوئی آکیش کی بتائی ہُوئی بات کو اُن پر عیاں کرے گا، وہ شخص اپنی جان گنوائے گا۔

۱۵ اور اَیسا ہُوا کہ یُوں وہ آکیش کے ساتھ مُتفق ہُوئے۔ اور آکیش نے اُن سے وہ ہی حلف اور قَسمیں اُٹھوائیں جو ماضی میں اِقتدار کے بُھوکوں نے اُٹھائی تھیں، جو ایک نسل سے اَگلی نسل تک مُنتقل کی جاتی رہی تھیں، یعنی قائن سے لے کر، جو ازل سے ہی قاتِل تھا۔

۱۶ اور اُنھیں اِبلِیس کے اِختیار سے قائم رکھا گیا تھا تاکہ لوگ یہ حلف برداریاں ادا کریں، اُنھیں تارِیکی میں رکھیں، تاکہ اُن لوگوں کی مدد کریں یعنی اِقتدار کے بُھوکے اِقتدار چِھینیں، اور خُون کریں، اور لُوٹ مار کریں، اور جُھوٹ بولیں، اور ہر قِسم کی بدکاری اور حرام کاری کا اِرتکاب کریں۔

۱۷ اور یہ یارد کی بیٹی تھی جِس نے اُس کے دِل میں یہ بات ڈالی کہ اِن قدیم حلف برداریوں کو پِھر سے ڈُھونڈ نِکالے؛ یارد نے یہ بات آکیش کے دِل میں ڈالی؛ پَس آکیش نے اپنے رِشتہ داروں اور دوستوں سے اِس بات کا حلف لِیا، دِل فریب وعدوں کے ذریعے سے اُنھیں گُم راہ کِیا، تاکہ وہ ہر اَیسا کام اَنجام دیں جو وہ چاہتا تھا۔

۱۸ اور اَیسا ہُوا کہ اُنھوں نے خُفِیہ سازِشیوں کا ٹولا تیار کِیا، یعنی اُن قُدما کی مانِند؛ اَیسی سازِش جو خُدا کی نظر میں سب سے زیادہ مکرُوہ اور ہر قِسم کی بدی سے بڑھ کر ہے۔

۱۹ پَس خُداوند خُفیہ سازِشیوں کے ذریعے سے کام نہیں کرتا، نہ وہ چاہتا ہے کہ اِنسان کا خُون بہائے، بلکہ اِنسان کو ازل سے ہر لحاظ سے اِس فعل کو منع فرمایا ہے۔

۲۰ اور اب مَیں، مرونی اُن کی حلف برداریوں اور سازِشوں کا طریقہ بیان نہیں کرتا، کیوں کہ مُجھے معلُوم ہو گیا ہُوا ہے کہ یہ سارے لوگوں کے درمیان میں موجُود تھیں، اور بنی لامن کے ہاں بھی موجُود تھیں۔

۲۱ اور یہی باتیں اِس قَوم کی ہلاکت کا سبب بنی تھیں جِس کے مُتعلق مَیں اب کلام کر رہا ہُوں، اور نِیفی کے لوگوں کی ہلاکت کا سبب بھی بنیں۔

۲۲ اور جو بھی قَوم اَیسی خُفیہ سازِشوں کی حمایت کرے گی، تاکہ اِقتدار اور نفع بٹوریں، یہاں تک کہ اُنھیں پُوری قَوم میں پھیلا دیں گے، دیکھو، وہ ہلاک ہو جائیں گے؛ پَس خُداوند برداشت نہ کرے گا کہ اُس کے مُقدّسِین کا خُون، جو وہ بہائیں گے، خاک میں سے اُن سے اِنتقام لینے کی خاطر ہمیشہ فریاد کرتا رہے گا اور وہ پھر بھی اُن سے انتقام نہ لے۔

۲۳ پَس، اے غیر قَومو، یہ خُدا کی حِکمت ہے کہ یہ باتیں تُم پر ظاہر کی جائیں، تاکہ اِن کی بدولت تُم اپنے گُناہوں سے تَوبہ کرو، اور اُن خُونی سازشوں کو اپنے اُوپر غالب نہ آنے دو، جو اِقتدار اور نفع بٹورنے کرنے کے واسطے تیار کی گئی ہیں—اور اگر تُم اِن باتوں کو ہونے کی اِجازت دیتے ہو، یہ فعل، ہاں، یعنی یہ ہلاکت کا فعل تُم پر آئے گا، ہاں، یعنی اَبَدی خُدا کی شمشِیرِ عدل، تُمھیں مِٹانے اور ہلاک کرنے کے واسطے، تُم پر وار کرے گی۔

۲۴ پَس، خُداوند تُمھیں حُکم دیتا ہے، کہ جب تُم اَیسی باتیں اپنے درمیان میں ہوتے ہُوئے دیکھو گے، تو تُمھیں اپنی بھیانک صُورتِ حال کا احساس بےدار کر دے گا، اِس خُفیہ سازِش کی وجہ سے جو تُمھارے درمیان میں موجُود ہوگی؛ یا اِس پر افسوس ہوگا، اُن کے خُون کے باعث جو قتل کِیے گئے ہیں؛ پَس وہ اِس سے اِنتقام لینے کے واسطے خاک سے فریاد کرتے ہیں، اور اُن سے بھی جِنھوں نے اِس کو تیار کِیا تھا۔

۲۵ پَس اَیسا ہوتا ہے کہ جو کوئی اِس کو تیار کرتا ہے، وہ سارے مُلکوں، قَوموں اور عِلاقوں کی آزادی کا تختہ اُلٹنے کا خواہاں ہوتا ہے؛ اور یہ ساری قَوموں کی ہلاکت لاتی ہے، پَس اِس کی تیاری اِبلِیس کرتا ہے، جو تمام جھوٹوں کا باپ ہے؛ ہاں درحقیقت یہ وہی جھوٹا ہے جِس نے ہمارے پہلے والدین کو بہکایا، ہاں، یعنی وہی جھوٹا جِس نے اِنسان سے اِبتدا میں خُون کرایا؛ اور جِس نے اِنسانوں کے دِلوں کو سخت کِیا اِسی لِیے اُنھوں نے شرُوع سے ہی سے نبیوں کو قتل کِیا، اور اُنھیں سنگ سار کِیا، اور اُنھیں دُھتکارا۔

۲۶ پَس مجُھ مرونی کو یہ باتیں لِکھنے کا حُکم دیا گیا ہے تاکہ بُرائی جاتی رہے، اور کہ وہ وقت آئے کہ بنی آدم کے دِلوں پر شیطان کا غلبہ نہ رہے، بلکہ وہ نیکی کرنے پر مُسلسل مائل رہیں، تاکہ ساری راست بازی کے چشمہ کے پاس آئیں اور نجات پائیں۔