صحائف
عِیتر ۵


باب ۵

تین گواہ اور بہ ذاتِ خُود یہ اَمر مورمن کی کِتاب کی سچّائی کی گواہی کے طور پر کھڑے ہوں گے۔

۱ اور اب مُجھ، مرونی، نے اپنے حافِظہ کے مُطابق، اُن باتوں کو لِکھا ہے، جِن کا مُجھے حُکم دِیا گیا تھا؛ اور مَیں نے تُمھیں وہ باتیں بتا دی ہیں جِن کو مَیں نے مُہربند کِیا ہے؛ پَس اُن کو ترجُمہ کرنے کی غرض سے مت چُھونا؛ کیوں کہ اِس بات سے منع کِیا گیا ہے، مگر یہ کہ خُدا کی حِکمت ہو گی تو یہ فِی الفور ہوگا۔

۲ اور دیکھو، تُمھیں اِمتیاز حاصل ہو گا کہ تُم یہ اَوراق اُنھیں دِکھا سکو گے، جو اِس کام کو آگے بڑھانے میں مدد دیں گے۔

۳ اور خُدا کی قُدرت کے وسِیلہ سے یہ تِین کو دِکھائے جائیں گے؛ پَس وہ یقِین کے ساتھ جان جائیں گے کہ یہ باتیں سچّ ہیں۔

۴ اور تِین گواہوں کے مُنہ سے یہ باتیں ثابت ہوں گی؛ اور تِینوں کی گواہی، اور یہ اَمر، جِس سے خُدا کی قُدرت اور اُس کا کلام ظاہر ہو گا، جِس کی باپ، اور بیٹا، اور رُوحُ القُدس گواہی دیتے ہیں—اور یہ سب یومِ آخِر کو دُنیا کے خِلاف گواہی کے طور پر کھڑے ہوں گے۔

۵ اور اگر اَیسا ہوتا ہے کہ وہ تَوبہ کریں، اور یِسُوع کے نام پر باپ کی طرف رُجُوع لائیں، تو وہ خُدا کی بادِشاہی میں قبُول کِیے جائیں گے۔

۶ اور اب، اگر گُمان کرتے ہو کہ اِن باتوں کے واسطے میرے پاس اِختیار نہیں ہے، تو تُم مُجرم ہو؛ پَس جب تُم مُجھے دیکھو گے تُم جان جاؤ گے کہ میرے پاس اِختیار ہے، اور یومِ آخِر پر ہم خُدا کے حُضُور کھڑے ہوں گے۔ آمین۔