باب ۲
بنی یارد موعُودہ سرزمِین کے سفر کی تیاری کرتے ہیں—یہ چُنیدہ و پسندِیدہ سرزمِین ہے، جہاں لازِم ہے کہ اِنسان مسِیح کی خِدمت کریں ورنہ فنا کر دِیے جائیں گے—خُداوند یارد کے بھائی سے تین گھڑیاں باتیں کرتا ہے—بنی یارد کشتیاں بناتے ہیں—خُداوند یارد کے بھائی سے دریافت کرتا ہے کہ کشتیوں میں اُجالا کرنے کے واسطے کیا تدبِیر کی جانی چاہیے۔
۱ اور اَیسا ہُوا کہ یارد اور اُس کا بھائی، اور اُن کے خاندان، اور یارد اور اُس کے بھائی کے دوست احباب اور اُن کے خاندان بھی، وادی میں آئے جو شِمال کی جانب ہے، (اور وادی کا نام نِمرود تھا جو نہایت قوی شِکاری، کے نام سے کہلائی جاتی تھی) اُنھوں نے اپنے گلّوں، ہر قسم کے نر اور مادہ جِن کو اِکٹھا کِیا تھا، ساتھ لے کر شِمالی وادی میں گئے۔
۲ اور اُنھوں نے جال بھی لگائے؛ اور ہَوا کے پرندے پکڑے؛ اور اُنھوں نے اَیسا برتن بھی تیار کِیا جِس میں وہ اپنے ساتھ پانیوں کی مچھلیاں لے آئے۔
۳ اور وہ مکھیوں کا چھتا بھی اپنے ساتھ لائے، جِس سے مُراد شہد کی مکھی ہے؛ اور یُوں اُنھوں نے شہد کی مکھیوں کے غَول، اور ہر قِسم کے وہ بیج جو رُویِ زمِین پر تھے، اپنے ساتھ لے آئے۔
۴ اور اَیسا ہُوا کہ جب وہ وادیِ نِمرود میں آئے تو خُداوند اُن کے پاس آیا اور یارد کے بھائی سے ہم کلام ہُوا؛ اور وہ بادِل میں تھا، اور یارد کا بھائی اُس کو دیکھ نہ پایا۔
۵ اور اَیسا ہُوا کہ خُداوند نے اُنھیں حُکم دِیا کہ وہ بیابان میں جائیں، ہاں، اُس عِلاقہ میں جہاں پر کبھی کوئی اِنسان نہ گیا تھا۔ اور اَیسا ہُوا کہ خُداوند اُن کے آگے آگے چلا کرتا تھا، اور بادِل میں کھڑا ہو کر اُن کے ساتھ کلام کرتا تھا، اور اُنھیں ہدایت دیتا تھا کہ اُنھیں کس طرف سفر کرنا ہے۔
۶ اور اَیسا ہُوا کہ وہ بیابان میں سفر کرتے تھے، اور کشتیاں بناتے تھے، جِن میں وہ بڑے بڑے پانیوں کو پار کرتے تھے، اور خُداوند کے ہاتھ سے مُسلسل ہدایت پاتے رہتے تھے۔
۷ اور خُداوند نہیں چاہتا کہ وہ سَمُندر پار بیابان میں رُکیں، بلکہ وہ چاہتا تھا کہ وہ آگے بڑھ کر اُس وعدہ کی سرزمِین میں پُہنچیں، جو باقی تمام مُلکوں سے زیادہ پسندیدہ تھی، جِس کو خُداوند خُدا نے راست باز اُمّت کے واسطے بچا کر رکھا ہُوا تھا۔
۸ اور اُس نے اپنے قہر میں یارد کے بھائی سے قَسم کھائی، کہ جو بھی موعُودہ سرزمِین پائیں گے، اُس وقت سے لے کر ہمیشہ تک اُس برحق اور خُدایِ واحد کی خِدمت کریں گے، ورنہ وہ فنا کر دِیے جائیں گے جب اُس کا شدِید قہر اُن پر نازِل ہو گا۔
۹ اور اب، ہم اِس سرزمِین کی بابت خُدا کے فرمان دیکھتے ہیں، کہ یہ وعدہ کی سرزمِین ہے؛ اور جو قَوم بھی اِس کو پائے گی وہ خُدا کی خِدمت کرے گی، ورنہ وہ فنا کر دی جائے گی جب اُس کا شدِید قہر اُن پر نازِل ہو گا۔ اور جب وہ بدی میں پک جائیں گے تو اُس کے غضب کا قہر اُن پر نازِل ہو گا۔
۱۰ پَس دیکھ، یہ وہ سرزمِین ہے جو باقی تمام مُلکوں سے زیادہ پسندِیدہ ہے؛ چُناں چہ جو کوئی بھی اِس کو پائے، وہ خُدا کی خِدمت کرے ورنہ وہ فنا کر دِیا جائے گا؛ پَس یہ خُدا کا دائمی فرمان ہے۔ اور یہ تب تک نہ ہو گا جب تک اِس سرزمِین کی اُمّت بدی میں پک نہیں جاتی، تب وہ فنا کر دی جائے گی۔
۱۱ اور اَے غیر قَومو، یہ نوِشتہ تُمھارے پاس پُہنچتا ہے تاکہ تُم خُدا کے فرمان جان پاؤ—تاکہ تُم تَوبہ کرو، اور معمُوری کے آنے تک مُسلسل اپنی بدیوں میں نہ پڑے رہو، تاکہ خُدا کا شدِید قہر تُم اپنے اُوپر نہ لاؤ جیسا کہ مُلک کے باشندے اب تک کرتے رہے ہیں۔
۱۲ دیکھو، یہ پسندِیدہ سرزمِین ہے اور جو قَوم بھی اِس کی مِلکیت پائے گی وہ آسمان تلے دُوسری تمام قَوموں، اور غُلامی، اور اسِیری، سے آزاد ہو گی، اگر وہ فقط ربُّ اُلعالمِین کی خِدمت کریں، جو یِسُوع مسِیح ہے، جِس کا ظہُور ہو چُکا ہے اُن نوِشتوں کے مُطابق جو ہم نے لِکھے ہیں۔
۱۳ اور اَب مَیں اپنے نوِشتہ کی طرف بڑھتا ہُوں؛ پَس دیکھو، اَیسا ہُوا کہ خُداوند یارد اور اُس کے بھائیوں کو آگے لے آیا یعنی اُس بڑے سَمُندر تک جو مُلکوں کو تقسیم کرتا ہے۔ اور سَمُندر کے پاس آ کر وہ خیمہ زن ہُوئے؛ اور اُنھوں نے اُس جگہ کو موریعن کومر کا نام دِیا؛ اور اُنھوں نے خیموں میں قیام کِیا، اور چار برس تک ساحلِ سَمُندر پر خیموں میں قیام کرتے رہے۔
۱۴ اور اَیسا ہُوا کہ چار برسوں کے آخِر میں خُداوند یارد کے بھائی کے پاس پِھر آیا، اور بادِل میں کھڑا ہُوا اور اُس سے ہم کلام ہُوا۔ اور خُداوند، یارد کے بھائی کے ساتھ تین گھڑیاں کلام کرتا رہا، اور اُسے تنبیہ کرتا رہا کیوں کہ وہ خُداوند کا نام پُکارنا بھُول گیا تھا۔
۱۵ اور یارد کے بھائی نے اُس خطا سے تَوبہ کی جو اُس سے سرزد ہُوئی تھی، اور اپنے بھائیوں کے واسطے جو اُس کے ساتھ تھے خُداوند کا نام پُکارا۔ اور خُداوند نے اُس سے کہا: مَیں تُجھے اور تیرے بھائیوں کے گُناہ مُعاف کر دُوں گا؛ لیکن تُو پِھر گُناہ نہ کرنا، اَلبتہ یاد رکھنا کہ میرا رُوح اِنسان کے ساتھ ہمیشہ مُزاحمت نہ کرتا رہے گا؛ پَس اگر تُم گُناہ کرتے رہو گے جب تک کہ تُم گُناہ میں بالکل پک نہ جاؤ تو تُم خُداوند کی حُضُوری سے کاٹ ڈالے جاؤ گے۔ اور میری نظر میں یہ مُلک جو مَیں تُمھیں تُمھاری وراثت میں دُوں گا؛ پَس وہ مُلک باقی تمام مُلکوں سے زیادہ پسندِیدہ ہو گا۔
۱۶ اور خُداوند نے فرمایا: تُم کام پر لگ جاؤ اور اُسی طرح کی کشتیاں بناؤ، جَیسی تُم نے اب تک بنائی تھیں۔ اور اَیسا ہُوا کہ یارد کا بھائی اور اُس کے بھائی کام پر لگ گئے اور خُداوند کی ہدایت کے مُطابق اُسی طرح کی کشتیاں بنائیں جَیسی اُنھوں نے پہلے بنائی تھیں۔ اور وہ چھوٹی تھیں اور وہ پانی پر اَیسے ہلکی تھیں یعنی کہ جَیسے پرندہ پانی پر ہو۔
۱۷ اور یہ اِس طرح بنائی گئیں تھیں کہ وہ اِنتہائی پانی بند تھیں، یعنی جَیسے کوئی طشتری پانی پر تیرتی تھی؛ اور اُس کا پیندا طشتری کی طرح پانی بند تھا؛ اور اِطراف سے بھی طشتری کی طرح پانی بند تھیں؛ اور اُن کے کِنارے نوک دار تھے؛ اور اُن کا بالائی حِصّہ طشتری کی طرح پانی بند تھا؛ اور اُن کی لمبائی درخت کی لمبائی کے برابر تھی؛ اور اُس کا دروازہ، جب بند ہو جاتا تھا، تو وہ بھی طشتری کی طرح پانی بند ہو جاتا تھا۔
۱۸ اور اَیسا ہُوا کہ یارد کا بھائی خُداوند سے فریاد کر کے، کہنے لگا: اَے خُداوند مَیں نے وہ کام انجام دے دِیا ہے جِس کا تُو نے مُجھے حُکم دِیا تھا، اور مَیں نے اُسی طرح کشتیاں بنائی ہیں جِس طرح تُو نے مُجھے ہدایت دی تھی۔
۱۹ اور اَے خُداوند، دیکھ، اُن میں کوئی اُجالا نہیں ہے؛ ہم کس طرف جائیں گے؟ اور ہم تو مر جائیں گے، کیوں کہ ہم اُن میں سانس بھی نہیں لے سکتے، سِوا اُس ہَوا کے جو پہلے سے اُن میں ہے؛ پَس ہم تو ہلاک ہو جائیں گے۔
۲۰ اور خُداوند نے یارد کے بھائی سے کہا: دیکھ، تُو چھت اور پیندے میں ایک ایک سُوراخ بنانا؛ اور جب تُمھیں ہَوا کم محسُوس ہو تو اُوپر سے سُوراخ کھول دینا اور ہَوا حاصل کرنا۔ اگر اَیسا ہو کہ پانی اُوپر تُمھاری طرف آئے، تو دیکھ، تُم اُوپر سے سُوراخ بند کر دینا، تاکہ تُم تَلاطُم سے غرق نہ ہو جاؤ۔
۲۱ اور اَیسا ہُوا کہ یارد کے بھائی نے وَیسا ہی کِیا، جَیسا خُداوند نے حُکم دیا تھا۔
۲۲ اور وہ خُداوند سے دوبارہ فریاد کر کے، کہنے لگا: اَے خُداوند، دیکھ مَیں نے ویسا ہی کِیا جیسا تُو نے مُجھے حُکم دِیا ہے؛ اور مَیں نے اپنے لوگوں کے لیے کشتیاں بنائی ہیں، اور دیکھ اُن میں کوئی اُجالا نہیں ہے۔ اَے خُداوند، دیکھ، کیا تو یہ چاہے گا کہ ہم تارِیکی میں اِن بڑے پانیوں کو پار کریں؟
۲۳ اور خُداوند نے یارد کے بھائی سے کہا: تُو کیا چاہتا ہے کہ مَیں تیرے لیے کرُوں تاکہ تُمھاری کشتیوں میں اُجالا ہو؟ پَس دیکھ، تُم کھڑکیاں نہیں بنا سکتے، کیوں کہ وہ پاش پاش ہو جائیں گی؛ نہ تُم اپنے ساتھ آگ لے کر جانا، نہ تُم آگ کی روشنی کے ساتھ سفر کرنا۔
۲۴ پَس دیکھ، تُم سَمُندر کے بِیچ میں بڑی مچھلی کی مانِند ہو گے؛ پَس پہاڑ نُما موجیں تُم سے ٹکرائیں گی۔ تو بھی، مَیں تُمھیں سَمُندر کی گہرائیوں سے نِکال لاؤں گا؛ پَس تُند ہَوائیں میرے مُنہ سے نِکلتی ہیں، اور بارِشیں اور سَمُندری طُوفان بھی مَیں بھیجتا ہُوں۔
۲۵ اور دیکھ، مَیں تُجھے اِن باتوں کے لیے تیار کرتا ہُوں؛ پَس تُو پانی کی اِس اَتھاہ گہرائی کو پار نہیں کر سکتا سِوا اِس کے کہ مَیں تُجھے سَمُندر کی لہروں، اور چلنے والی آندھِیوں، اور درپیش سَمُندری طُوفانوں کا مُقابلہ کرنے کے لِیے تیار کرُوں۔ پَس تُو کیا چاہتا ہے کہ مَیں تیرے لِیے کرُوں تاکہ جب تُو سَمُندر کی گہرائیوں میں غرق ہو جائے تو تیرے پاس روشنی ہو؟