باب ۱۰
ایک بادِشاہ کے بعد دُوسرا جانشین ہوتا ہے—بعض بادِشاہ راست باز ہوتے ہیں؛ جب کہ دُوسرے بدکار—جب راست بازی غالب آتی ہے، تو خُداوند لوگوں کو برکت دیتا اور خُوش حال کرتا ہے۔
۱ اور اَیسا ہُوا کہ شِظ جو حِتّ کی نسل سے تھا—پَس حِتّ اور اُس کا سارا گھرانا، سِوا شِظ کے قحط سے ہلاک ہو گیا تھا—پَس شِظ دِل برداشتہ لوگوں کی ہمت بڑھانے لگا۔
۲ اور اَیسا ہُوا کہ شِظ کو اپنے باپ دادا کی بربادی یاد تھی، اور اُس نے راست سلطنت قائم کی تھی؛ کیوں کہ اُسے یاد تھا کہ خُداوند نے یارد اور اُس کے بھائی کو اُس گہرے میں سے لانے کے لِیے کیا کیا کِیا تھا؛ اور وہ خُداوند کی راہوں پر چلا؛ اور اُس کے بیٹے اور بیٹیاں پَیدا ہُوئیں۔
۳ اور اُس کے بڑے بیٹے نے، جِس کا نام شِظ تھا، اُس کے خِلاف بغاوت کر دی؛ باوجُود اِس کے، شِظ ایک ڈاکو کے ہاتھوں مارا گیا، اِس کا سبب اُس کی بے تحاشا دولت تھی، جِس سے اُس کے باپ کو پِھر سے اِطمِینان مِلا۔
۴ اور اَیسا ہُوا کہ اُس کے باپ نے کُل رُویِ زمِین پر کئی شہر تعمیر کِیے، اور لوگ پھر کُل رُویِ زمِین پر پھیلنے لگے۔ اور شِظ نے بڑی طویل عُمر پائی؛ اور اُس سے ریپلاقش پَیدا ہُوا۔ اور وہ وفات پا گیا اور ریپلاقش اُس کی جگہ حُکم رانی کرنے لگا۔
۵ اور اَیسا ہُوا کہ ریپلاقش نے وہ کام نہ کِیا جو خُداوند کی نظر میں راست تھا، چُوں کہ اُس کی بُہت سی بیویاں اور حُرمیں تھیں، اور اُس نے آدمیوں کے کندھوں پر وہ بوجھ ڈالا جو ناقابلِ برادشت تھا؛ ہاں، اُس نے اُن پر نہایت زیادہ محصُول لگا دِیا تھا؛ اور اُس محصُول سے اُس نے بُہت سی وسِیع و عرِیض عِمارتیں تعمِیر کیں۔
۶ اور اُس نے اپنے لیے نہایت خُوب صُورت تخت بنوایا؛ اور اُس نے بُہت سے قید خانے بھی تعمیر کِیے، اور جو کوئی محصُول نہ ادا کرتا وہ اُسے قید خانہ میں ڈال دیتا؛ اور جو کوئی ادا کرنے کے قابل نہ ہوتا اُس کو بھی وہ قید خانہ میں ڈال دیتا؛ اور اُس نے حُکم دِیا کہ وہ اپنی کفالت کے لیے مُسلسل محنت و مُشقّت کرتے رہیں؛ اور جو کوئی کام کرنے سے اِنکار کرتا وہ اُس کی موت کا حُکم دے دیتا۔
۷ پَس اُس نے اپنے لیے سارا اعلیٰ و عُمدہ کام مُکمل کر لِیا، ہاں، یہاں تک کہ اُس نے قید خانہ میں اپنے عُمدہ سونے کو صاف کرایا؛ اور اُس نے قید خانہ میں ہر قِسم کا عُمدہ و نفِیس کام کرانے کا حُکم دِیا۔ اور اَیسا ہُوا کہ اُس نے اپنی حرام کاریوں اور مکرُوہات سے لوگوں کو ستایا۔
۸ اور جب وہ بیالیس برس کے عرصہ تک حُکم رانی کر چُکا تو لوگ اُس کے خِلاف بغاوت کے لیے اُٹھ کھڑے ہُوئے؛ اور اُس مُلک میں دوبارہ جنگ ہُوئی، اِس قدر شدِید کہ ریپلاقش مارا گیا، اور اُس کی نسل کو مُلک سے نِکال دِیا گیا۔
۹ اور اَیسا ہُوا کہ کئی برس بِیت جانے کے بعد، موریعنتن نے، (وہ ریپلاقش کی نسل سے تھا) نِکالے جانے والوں کی فَوج بنائی، اور لوگوں سے لڑائی کے لیے آگے بڑھا؛ اور اُس نے کئی شہروں پر غلبہ پا لِیا؛ اور جنگ نہایت شدِید ہو گئی، اور کئی برسوں تک جاری رہی؛ اور وہ سارے مُلک پر قابض ہو گیا، اور اپنے آپ کو سارے مُلک کا بادِشاہ مُقرر کر لِیا۔
۱۰ اور بادِشاہ بننے کے بعد اُس نے اپنے لوگوں کا بوجھ ہلکا کِیا، جِس سے اُس نے لوگوں کی نظر میں مقبُولِیت پائی، اور اُنھوں نے اُسے اپنا بادِشاہ بننے کے لیے مَسح کِیا۔
۱۱ اور اُس نے لوگوں کے ساتھ تو اِنصاف کِیا، لیکن اپنی بُہت ساری حرام کاریوں کے سبب سے اپنے ساتھ نہیں؛ پَس وہ خُداوند کی حُضُوری سے کاٹ ڈالا گیا۔
۱۲ اور اَیسا ہُوا کہ موریعنتن نے بُہت سے شہر تعمیر کِیے، اور اُس کے عہدِ حکُومت میں لوگ نہایت امیر ہو گئے تھے، ہر چند عِمارتوں کی تعمیر میں، اور سونے اور چاندی میں، اور غلہ اُگانے میں، اور گلّوں میں، اور ریوڑوں میں، اور ایسی چیزوں میں جِن میں اُنھیں شِفا عطا ہو گئی تھی۔
۱۳ اور موریعنتن نے نہایت طویل عُمر پائی، اور پھر اُس سے قِم پَیدا ہُوا؛ اور قِم نے اپنے باپ کی جگہ حُکم رانی سنبھالی؛ اور اُس نے آٹھ سال حکُومت کی، اور اُس کے باپ نے وفات پائی۔ اور اَیسا ہُوا کہ قِم نے راست بازی سے حُکم رانی کو نہ نِبھایا، پَس وہ خُداوند کا مقبُولِ نظر نہ رہا۔
۱۴ اور اُس کا بھائی اُس کے خِلاف بغاوت کے لیے اُٹھ کھڑا ہُوا، اِس وجہ سے اُس نے اُس کو اسیر بنا لِیا؛ اور اُس نے اپنے تمام ایّام اسیری میں گُزارے؛ اور اسیری میں ہی اُس سے بیٹے اور بیٹیاں پَیدا ہُوئیں، اور بڑھاپے میں اُس سے لاوی پَیدا ہُوا اور وہ وفات پا گیا۔
۱۵ اور اَیسا ہُوا کہ اپنے باپ کی وفات کے بعد لاوی نے بیالیس برس بامُشقّت اسیری میں گُزارے، اور اُسی مُلک کے بادِشاہ پر چڑھائی کر دی، جس وجہ سے وہ اُس سلطنت کا بادِشاہ بن بیٹھا۔
۱۶ اور اُس سلطنت پر قابض ہونے کے بعد اُس نے وہی کام کِیے جو خُدا کی نظر میں راست تھے؛ اور لوگ مُلک میں خُوش حال ہُوئے؛ اور وہ بڑی عُمر تک زندہ رہا، اور اُس سے بیٹے اور بیٹیاں پَیدا ہُوئیں؛ اور قورم بھی پَیدا ہُوا، جسے اُس نے اپنی جگہ بادِشاہ بننے کے لیے مَسح کِیا۔
۱۷ اور اَیسا ہُوا کہ قورم نے اپنے تمام ایّام میں وہی کِیا جو خُداوند کی نظر میں مقبُول تھا؛ اور اُس سے بُہت سے بیٹے اور بیٹیاں پَیدا ہُوئیں؛ اور جب وہ خاصی طویل عُمر گُزار چُکا تو وفات پا گیا، یعنی دُنیا کی باقی ماندہ چیزوں کی طرح؛ اور اُس کی جگہ قِس نے حُکم رانی سنبھالی۔
۱۸ اور اَیسا ہُوا کہ قِس بھی وفات پا گیا، اور اُس کی جگہ لِب نے حُکم رانی سنبھالی۔
۱۹ اور اَیسا ہُوا کہ لِب نے بھی وہی راست کام کِیے جو خُداوند کی نظر میں مقبُول تھے۔ اور لِب کے دِنوں میں زہریلے سانپ ہلاک کر دِیے گئے تھے۔ اِس لیے وہ مُلک کے لوگوں کے لیے، خوراک کا شکار کرنے کے واسطے جنوبی علاقہ میں گئے، کیوں کہ یہ علاقہ جنگل کے جانوروں سے بھرا ہُوا تھا۔ اور لِب خُود بھی بُہت بڑا شکاری بن گیا۔
۲۰ اور اُنھوں نے اُس مُلک کے ساتھ ساتھ تنگ خاکنائے کے پاس اُس جگہ کے نزدیک بڑا شہر تعمِیر کِیا، جہاں سَمُندر اُس مُلک کو تقِسیم کرتا تھا۔
۲۱ اور اُنھوں نے جنُوبی مُلک کا جنگل شِکار گاہ کے لیے مخصُوص کر دِیا۔ اور شِمال کے مُلک کی ساری رُویِ زمِین باشندوں سے بھر گئی۔
۲۲ اور وہ نہایت محنتی تھے، اور اُنھوں نے ایک دُوسرے کے ساتھ خریدو فروخت اور تجارت کی، تاکہ وہ نفع حاصل کریں۔
۲۳ اور اُنھوں نے ہر قِسم کی کچ دھات کا کام کِیا، اور اُنھوں نے سونے، اور چاندی، لوہے، اور پِیتل، اور ہر قِسم کی دھات کو بنایا؛ اور اُنھوں نے اُس کو زمِین میں سے نِکالا؛ پَس، اُنھوں نے سونے، اور چاندی، اور لوہے، اور پیتل کی کچ دھاتیں نِکالنے کے لیے مٹی کے بڑے بڑے ڈھیر لگا دِیے۔ اور اُنھوں نے ہر قِسم کے عُمدہ کام کو مُہارت سے کِیا۔
۲۴ اور اُن کے پاس ہر قِسم کا ریشمی، اور مہین کتانی کپڑا تھا؛ اور وہ ہر قِسم کا کپڑا بُنتے تھے، تاکہ وہ اپنی برہنگی کو ڈھانپ سکیں۔
۲۵ اور اُنھوں نے زمِین کو کاشت کرنے کے لیے ہر قِسم کے اوزار بنائے، ہر چند ہل چلانے اور بیج بونے، اور کاٹنے اور کھودنے، اور فصل گاہنے کے لیے بھی۔
۲۶ اور اُنھوں نے ہر اُس قِسم کے اوزار بنائے جِن کی مدد سے وہ اپنے جانوروں سے کام لیتے تھے۔
۲۷ اور اُنھوں نے ہر قِسم کے جنگی ہتھیار بنائے۔ اور اُنھوں نے ہر قِسم کی کاری گری کے نہایت عُمدہ کام کِیے تھے۔
۲۸ اور اُن سے بڑھ کر کوئی اور قَوم کبھی اِس قدر مُبارک نہ ٹھہری تھی، اور خُداوند کے ہاتھ سے کبھی اِس قدر خُوش حال نہ ہُوئی تھی۔ اور وہ اُس مُلک میں تھے جو باقی سب مُلکوں سے زیادہ پسندِیدہ تھا، پَس یہ خُداوند کا فرمان تھا۔
۲۹ اور اَیسا ہُوا کہ لِب کئی برسوں تک زندہ رہا، اور اُس سے بیٹے اور بیٹیاں پَیدا ہُوئیں؛ اور اُس سے عیرتم بھی پَیدا ہُوا۔
۳۰ اور اَیسا ہُوا کہ عیرتم اپنے باپ کی جگہ حُکم رانی کرنے لگا۔ اور جب عیرتم چوبیس برس تک حکُومت کر چُکا، تو دیکھو، اُس سے سلطنت لے لی گئی۔ اور اُس نے کئی برس بامُشقّت اسِیری میں کاٹے، ہاں، یعنی اپنی عُمر کے باقی ماندہ تمام ایّام۔
۳۱ اور اُس سے حِتّ پَیدا ہُوا، اور حِتّ نے اپنے تمام ایّام اسیری میں گُزارے۔ اور حِتّ سے ہارُون پَیدا ہُوا، اور ہارُون نے اپنی ساری عُمر اسیری میں کاٹی؛ اور اُس سے عمنی جد پَیدا ہُوا، اور عمنی جد بھی اپنے تمام ایّام اسیری میں رہا؛ اور اُس سے کوری عنتم پَیدا ہُوا، اور کوری عنتم نے اپنے تمام ایّام اسیری میں کاٹے؛ اور اُس سے قام پَیدا ہُوا۔
۳۲ اور اَیسا ہُوا کہ قام نے آدھی سلطنت پر قبضہ جما لِیا۔ اور اُس نے آدھی سلطنت پر بیالیس برس حکُومت کی؛ اور وہ، عمجد، بادِشاہ کے خِلاف لڑنے گیا، اور وہ کئی برسوں تک لڑتے رہے، اِسی دوران میں قام نے عمجد کو مغلُوب کر لیا، اور باقی ماندہ سلطنت پر بھی اِختیار پا لِیا۔
۳۳ اور قام کے دِنوں میں اُس مُلک میں ڈاکو سر اُٹھانے لگے؛ اور اُنھوں نے قدیم لوگوں کی طرح قَسمیں کھا کر وہی پُرانے منصُوبوں کو اپنایا، اور ایک بار پھر سلطنت کو تباہ کرنے کی کوشش کرنے لگے۔
۳۴ اب قام نے اُن سے بڑی لڑائی لڑی؛ تو بھی، وہ اُن کے خِلاف جِیت نہ پایا۔