صحائف
عِیتر ۱۱


باب ۱۱

جنگیں، فسادات، اور بدکاری بنی یارد کی زِندگی پر غالب آتی ہیں—نبی بنی یارد کے نیست و نابُود ہونے کی پیشین گوئی کرتے ہیں سِوا اِس کے کہ وہ تَوبہ کریں—قَوم نبیّوں کے کلام کو رَد کرتی ہے۔

۱ اور قام کے دِنوں میں کئی نبی آئے، اور اُس عظیم اُلشان قَوم کی تباہی کی بابت پیشین گوئی کی تھی سِوا اِس کے کہ وہ تائب ہو، اور خُداوند کی طرف رجُوع لائے، اور اپنی قتل و غارت اور بدکاری سے باز آئے۔

۲ اور اَیسا ہُوا کہ قَوم نے نبیوں کو رَدّ کِیا، اور وہ پناہ کی خاطر قام کے پاس بھاگ گئے، کیوں کہ لوگ اُن کو ہلاک کرنے کے خوا ہاں تھے۔

۳ اور اُنھوں نے قام کے سامنے کئی باتوں کی نبوت کی؛ اور اپنی زِندگی کے باقی تمام ایّام میں اُس نے برکت پائی۔

۴ اور اُس نے کافی لمبی عُمر پائی تھی، اور اُس سے شبلوم پَیدا ہُوا؛ اور شبلوم نے اُس کی جگہ حُکم رانی سنبھالی۔ اور شبلوم کے بھائی نے اُس کے خِلاف بغاوت کر دی، اور سارے مُلک میں بڑی شدِید جنگ شرُوع ہو گئی۔

۵ اور اَیسا ہُوا کہ شبلوم کے بھائی نے اُن سب نبیوں کو ہلاک کرنے کا حُکم دِیا جو قَوم کی تباہی کی پیشین گوئیاں کرتے تھے؛

۶ اور اُس سارے مُلک میں بڑی مُصیبت برپا تھی، کیوں کہ اُنھوں نے گواہی دی تھی کہ مُلک پر بڑی لعنت نازل ہو گی، اور قَوم پر بھی، اور اُن کے ہاں بڑی شدِید تباہی و بربادی برپا ہو گی، اَیسی شدِید کہ اُس سے پہلے رُویِ زِمین پر کبھی برپا نہ ہُوئی تھی، اور اُن کی ہڈیاں مٹی کے ڈھیروں کی مانِند رُویِ زمِین پر ہوں گی، سِوا اِس کے کہ وہ اپنی بدیوں سے تَوبہ کریں۔

۷ اور اُنھوں نے خُداوند کی آواز پر کان نہ لگایا، اِس کا سبب اُن سُفلی سازِشیں تھیں؛ پَس، سارے مُلک میں جنگیں اور جھگڑے برپا ہونے لگے، اور مُہلک وبائیں اور بڑے بڑے کال پڑنے لگے، اِس قدر شدِید کہ بُہت زیادہ تباہی و بربادی آ پڑی، اَیسی کہ رُویِ زمِین پر پہلے کسی نے نہ دیکھی ہو گی؛ اور یہ سب کُچھ شبلوم کے دِنوں میں ہُوا۔

۸ اور لوگ اب اپنی سِیہ کاریوں سے تَوبہ کرنے لگے؛ اور جِس قدر وہ تائب ہوتے خُداوند اُسی قدر اُن پر رحم کرتا۔

۹ اور اَیسا ہُوا کہ شبلوم قتل کر دِیا گیا، اور سیت کو اسِیر کر لِیا گیا، اور اپنی ساری عُمر اسیری میں کاٹی۔

۱۰ اور اَیسا ہُوا کہ اُس کے بیٹے، آحاہ، نے سلطنت سنبھالی؛ اور اُس نے تاحیات لوگوں پر حکُومت کی۔ اور وہ اپنے ایّام میں ہر قِسم کی سِیہ کاری کا مُرتکب ہُوا، جِس کی وجہ سے وہ بڑی خُون ریزی کا سبب بنا؛ اور تھوڑے تھے اُس کے ایّام۔

۱۱ اور ایتام، آحاہ کی نسل سے ہونے کی وجہ سے، سلطنت کا وارِث بنا؛ اور اُس نے بھی اپنے ایّام میں وہی کِیا جو بُرا تھا۔

۱۲ اور اَیسا ہُوا کہ ایتام کے دِنوں میں بُہت سے نبی آئے، اور دوبارہ لوگوں میں نبُّوت کی؛ ہاں، اُنھوں نے نبُّوت کی تھی کہ خُداوند اُنھیں رُویِ زمِین پر سے بالکل فنا کر دے گا سِوا اِس کے کہ وہ اپنے گُناہوں سے تَوبہ کر لیں۔

۱۳ اور اَیسا ہُوا کہ لوگوں نے اپنے دِلوں کو سخت کر لِیا، اور اُن کی باتوں پر کان نہ لگایا؛ اور نبِیوں نے ماتم کِیا اور اُن لوگوں کے ہاں سے چلے گئے۔

۱۴ اور اَیسا ہُوا کہ ایتام نے اپنی ساری عُمر بدکاری سے عدالت کی تھی؛ اور اُس سے مورون پَیدا ہُوا۔ اور اَیسا ہُوا کہ مورون اُس کی جگہ حکُومت کرنے لگا؛ اور مورون نے وہی کام کِیے جو خُداوند کی نظر میں شرارت تھے۔

۱۵ اور اَیسا ہُوا کہ اُس خُفیہ سازش کے باعث جو اِقتدار اور نفع کی خاطر قائم ہُوئی تھی، لوگوں میں بغاوت اُٹھی؛ اور بدکاری میں زور آور شخص اُن کے درمیان میں برپا ہُوا، اور وہ مورن پر حملہ آور ہُوا، جِس میں اُس نے آدھی سلطنت چھین لی؛ اور وہ کئی برسوں تک آدھی سلطنت پر قابض رہا۔

۱۶ اور اَیسا ہُوا کہ مورون نے اُسے شکست دی، اور دوبارہ سلطنت لے لی۔

۱۷ اور اَیسا ہُوا کہ ایک اور قَوی شخص برپا ہُوا؛ اور وہ یارد کے بھائی کی نسل سے تھا۔

۱۸ اور اَیسا ہُوا کہ اُس نے مورون کو شکست دی اور سلطنت پر قابض ہو گیا؛ پَس، مورون نے اپنی باقی ماندہ ساری عُمر اسیری میں گُزاری؛ اور اُس سے کوری عنتر پَیدا ہُوا۔

۱۹ اور اَیسا ہُوا کہ کوری عنتر نے اپنے تمام ایّام اسِیری میں گُزارے۔

۲۰ اور کوری عنتر کے دِنوں میں بھی بُہت سارے نبی آئے، اور ارفع و اعلیٰ باتوں کی پیشین گوئیاں کی تھیں، اور لوگوں میں تَوبہ کی مُنادی کی، اور سِوا اِس کے کہ وہ تائب ہوں خُداوند خُدا اُنھیں بالکل فنا کرنے کے لیے سزاوار ٹھہرائے گا۔

۲۱ اور کہ خُداوند خُدا ایک اور قَوم کو اِس مُلک پر قبضہ کرنے کے لیے بھیجے گا یا لائے گا، اپنی قُدرت کے وسِیلہ سے، اُسی طرح جِس طرح وہ اُن کے باپ دادا کو یہاں لایا تھا۔

۲۲ اور اُنھوں نے اپنے خُفیہ ٹولے اور گھناؤنی مکروہات کے باعث، نبیّوں کی ساری باتوں کو رَد کر دِیا۔

۲۳ اور اَیسا ہُوا کہ کوری عنتر سے عِیتر پَیدا ہُوا، اور اپنی زِندگی کے تمام ایّام، اسیری میں گُزار کر مر گیا۔