صحائف
عِیتر ۴


باب ۴

مرونی کو یارد کے بھائی کے نوِشتوں کو مُہربند کرنے کا حُکم دِیا جاتا ہے—اُنھیں اُس وقت تک ظاہر نہ کِیا جائے گا جب تک آدمیوں کا اِیمان یارد کے بھائی کی مانِند نہ ہو گا—مسِیح حُکم دیتا ہے کہ اِنسان اُس کے اور اُس کے شاگِردوں کے کلام پر اِیمان لائیں—اِنسان کو تَوبہ کرنے، اِنجِیل پر ایمان لانے اور نجات پانے کا حُکم دِیا جاتا ہے۔

۱ اور خُداوند نے یارد کے بھائی کو حُکم دِیا کہ پہاڑ سے اُتر کر خُداوند کی حُضُوری سے جائے، اور اُن باتوں کو لِکھے جو وہ دیکھ چُکا ہے؛ اور اُن باتوں کو بنی آدم تک پُہنچانے سے منع فرمایا گیا تھا جب تک کہ وہ صلِیب پر اُٹھا نہ لِیا جائے؛ اور اِسی واسطے مضایاہ بادِشاہ نے اُنھیں اپنی حِفاظت میں رکھا، تاکہ وہ دُنیا میں نہ آئیں جب تک کہ مسِیح اپنے آپ کو اپنے لوگوں پر ظاہر نہ کرے۔

۲ اور مسِیح نے واقعی اپنے آپ کو اپنی اُمّت پر ظاہر کرنے کے بعد حُکم دیا کہ وہ ظہُور میں لائی جائیں۔

۳ اور اب، اِس کے بعد، وہ سارے کے سارے بے اعتقادی میں سِمٹ گئے ہیں؛ اور بنی لامن کے سِوا کوئی نہ بچا، اور اُنھوں نے مسِیح کی اِنجِیل کو رَد کر دِیا ہے؛ پَس مُجھے حُکم دِیا گیا ہے کہ مَیں اُنھیں دوبارہ زمِین میں محفُوظ کر دُوں۔

۴ دیکھو، مَیں اِن اَوراق پر وہ ساری باتیں لِکھ چُکا ہُوں، جو یارد کے بھائی نے دیکھیں؛ اور جو باتیں یارد کے بھائی پر ظاہر کی گئی تھیں اُن سے زیادہ اعلیٰ و ارفع باتیں کبھی آشکار نہ کی گئی تھیں۔

۵ پَس خُداوند نے مُجھے حُکم دِیا کہ اُنھیں لِکھوں؛ اور مَیں نے اُنھیں لِکھا ہے۔ اور اُس نے مُجھے حُکم دِیا کہ مَیں اُنھیں مُہر بند کر دُوں؛ اور اُس نے مُجھے یہ بھی حُکم دِیا ہے کہ مَیں اُن کے ترجُمہ کو بھی مُہر کرُوں؛ پَس مَیں نے خُداوند کے حُکم کے مُطابق ترجُمانوں کو مُہر بند کر دِیا ہے۔

۶ پَس خُدا نے مُجھ سے کہا: وہ باتیں غیر قَوموں میں اُس روز تک نہ پُہنچیں گی جب تک وہ اپنی سِیہ کاری سے تَوبہ نہیں کر لیتے، اور خُداوند کے حُضُور پاک صاف نہیں بن جاتے۔

۷ خُداوند فرماتا ہے، اور اُس روز وہ مُجھ پر اِیمان لائیں گے، یعنی جِس طرح یارد کا بھائی اِیمان لایا تھا، تاکہ وہ مُجھ میں پاک ہو جائیں، تب مَیں اُن پر وہ باتیں آشکار کرُوں گا جو یارد کے بھائی نے دیکھیں، یعنی اپنے سارے بھیدوں کو اُن پر ظاہر کرُوں گا، یِسُوع مسِیح فرماتا ہے، جو خُدا کا بیٹا ہے، جو اَفلاک اور زمِین، اور اُس میں ہر شَے کا باپ ہے۔

۸ اور وہ جو خُداوند کے کلام کے خِلاف لڑے گا، وہ ملعون ٹھہرے؛ اور وہ جو اِن باتوں کا اِنکار کرے گا وہ ملعون ٹھہرے؛ پَس مَیں اُن پر اعلیٰ و ارفع باتیں ظاہر نہ کرُوں گا، یِسُوع مسِیح فرماتا ہے؛ پَس مَیں وہی ہُوں جو کلام کرتا ہے۔

۹ اور میرے حُکم پر آسمان کھولے اور بند کِیے جاتے ہیں؛ اور میرے کلام کے سبب سے زمِین کانپ اُٹھے گی؛ اور میرے حُکم کے سبب سے اِس کے باشِندے ایسے فنا ہو جائیں گے، یعنی جَیسے آگ بھسم کرتی ہے۔

۱۰ اور جو کوئی میرے کلام پر اِیمان نہیں لاتا وہ میرے شاگِردوں کا یقِین نہیں کرتا؛ اور اگر اَیسا گُمان کرتے ہو کہ مَیں کلام نہیں کرتا، تو تُم مُجرم ہو؛ پَس تُم یہ بات یُومِ آخِر پر جان جاؤ گے کہ مَیں ہی ہُوں جو کلام کرتا ہُوں۔

۱۱ اَلبتہ جو کوئی اِن باتوں پر اِیمان لاتا ہے جو مَیں نے فرمائی ہیں، اُس کے پاس مَیں اپنے رُوح کی تاثِیروں کے ساتھ آؤں گا، اور وہ جان جائے گا اور گواہی دے گا۔ پَس وہ میرے رُوح کے سبب سے جان جائے گا کہ یہ باتیں برحق ہیں؛ کیوں کہ یہ اِنسانوں کو نیکوکاری کی ہدایت دیتا ہے۔

۱۲ اور ہر وہ بات جو آدمیوں کو نیکوکاری کی ہدایت دیتی ہے میری طرف سے ہے؛ پَس نیکی میرے سِوا کسی اور سے نہیں آتی۔ مَیں ہی ہُوں جو ہر اِنسان کو ہر طرح کی نیکی کی ہدایت دیتا ہے؛ جو کوئی میرے کلام پر اِیمان نہیں لاتا وہ مُجھ پر اِیمان نہیں لاتا—کہ مَیں ہُوں؛ اور جو کوئی مُجھ پر اِیمان نہیں لاتا، وہ باپ پر اِیمان نہیں لاتا جِس نے مُجھے بھیجا ہے۔ پَس دیکھ، مَیں باپ ہُوں، مَیں دُنیا کا نُور، اور زِندگی، اور سچّائی ہُوں۔

۱۳ اَے غیر قَومو، میری طرف رُجُوع لاؤ، اور مَیں تُم پر اعلیٰ و ارفع باتیں ظاہر کرُوں گا، وہ عِرفان و معرفت جو بے اعتقادی کے سبب سے پوشِیدہ رکھی گئی ہے۔

۱۴ اَے اِسرائیل کے گھرانے، تُو میری طرف رُجُوع لا، اور تُجھ پر یہ ظاہر کِیا جائے گا کہ باپ نے تیرے لِیے بِنایِ عَالم سے کسِ قدر اعلیٰ و ارفع باتیں خزانہ کر رکھی ہیں؛ اور بے اعتقادی کے سبب سے، یہ تُجھ تک پُہنچ نہیں پائی ہیں۔

۱۵ دیکھ، اَے اسرائیل کے گھرانے، جب تُو اپنی بے اعتقادی کا پردہ چاک کرے گا جِس نے تُجھے، تیری بدکاری کی ہول ناک حالت، اور دِل کی سنگِینی، اور عقل کی تِیرگی میں رکھا ہُوا ہے، تب اعلیٰ و ارفع باتیں جو بِنایِ عَالم سے تُجھ سے پوشِیدہ رکھی گئی ہیں—ہاں، جب تُو شِکستہ دِل اور پشیمان رُوح کے ساتھ میرے نام پر باپ کی طرف رُجُوع لائے گا، تب تُو جان جائے گا کہ باپ نے اُس عہد کو یاد رکھا ہُوا ہے، جو اُس نے تیرے باپ دادا سے باندھا تھا۔

۱۶ اور پِھر میرے مُکاشفات جِنھیں مَیں نے اپنے خادِم یُوحنّا کو لِکھنے کا حُکم دِیا تھا ساری قَوموں کے سامنے عیاں کرُوں گا۔ یاد رکھ، جب تُو یہ باتیں دیکھے، تو تُو جان جائے گا کہ وقت نزدِیک ہے کہ وہ فی الحقِیقت آشکار کی جائیں گی۔

۱۷ پَس جب تُو یہ نوِشتہ پائے گا تُو جان جائے گا کہ کُل رُویِ زمِین پر باپ کے اَمر کا آغاز ہو گیا ہے۔

۱۸ پَس، زمِین کی سب اِنتہاؤ تَوبہ کرو، اور میری طرف رُجُوع لاؤ، اور میری اِنجِیل پر اِیمان لاؤ، اور میرے نام پر بپتِسما پاؤ؛ پَس جو کوئی اِیمان لاتا اور بپتِسما پاتا ہے بچایا جائے گا؛ لیکن جو کوئی اِیمان نہیں لاتا سزاوار ٹھہرایا جائے گا؛ اور میرے نام پر اِیمان لانے والوں کے ہاں نِشان رُونُما ہوں گے۔

۱۹ اور مُبارک ہے وہ جو یومِ آخر تک میرے نام سے وفادار رہا ہے، پَس وہ اُس بادِشاہی میں قیام کرنے کے لیے اِقبال مند کِیا جائے گا جو اُس کے لیے بِنایِ عَالم سے تیار کی گئی ہے۔ اور دیکھ یہ مَیں ہُوں، جِس نے یہ فرمایا ہے۔ آمین۔