عِیتر کی کِتاب
بنی یارد کی رُوداد، چَوبِیس اَوراق سے ماخُوذ، مضایاہ بادِشاہ کے دَور میں لِمحی کے سُراغ رسانوں نے دریافت کِیے تھے۔
باب ۱
مرونی، عِیتر کے نوِشتوں کا خلاصہ لِکھتا ہے—عِیتر کا نَسب نامہ بیان کِیا جاتا ہے—بابل کے بُرج کے دوران میں یاردیوں کی زبان میں اِختلاف پَیدا نہیں کِیا جاتا ہے—خُداوند اُن سے وعدہ کرتا ہے کہ وہ اُنھیں پسندِیدہ سرزمِین میں لے جائے گا، اور اُنھیں عظیم قَوم بنائے گا۔
۱ اور اب مَیں، مرونی، اُن قدیم باشندوں کا حال بیان کرتا ہُوں، جِنھیں خُداوند نے اِس رُویِ زمِین کے شِمالی علاقہ سے نِیست و نابُود کر دِیا تھا۔
۲ اور مَیں اپنا صحیفہ اِن چَوبِیس اَوراق سے لیتا ہُوں جِنھیں لِمحی کے سُراغ رسانوں نے دریافت کِیا تھا، جو عِیتر کی کِتاب کہلاتی ہے۔
۳ اور جَیسا کہ مَیں سمجھتا ہُوں کہ اِس صحِیفہ کا پہلا حِصّہ، جو دُنیا کی تخلِیق کو بیان کرتا ہے، اور آدم کی پَیدایش کو بھی، اور اُس زمانہ سے لے کر یہاں تک کہ بڑے بُرج کے دَور تک، اور اُس زمانہ کی ہر وہ بات جو بنی آدم کے درمیان میں رُونما ہُوئی، وہ یہُودیوں کے پاس ہے—
۴ پَس مَیں وہ باتیں نہیں لِکھتا جو آدم کے ایّام سے لے کر اُس زمانہ تک رُونما ہُوئیں؛ اَلبتہ اُن کا ذِکر اَوراق میں ہے؛ اور جو کوئی اِنھیں پاتا ہے، اُسی کو قُدرت حاصل ہوگی کہ پُورا صحِیفہ سمجھ پائے۔
۵ مگر دیکھو، مَیں سارا حال بیان نہیں کرتا، بلکہ اِس کا وہ حِصّہ بتاتا ہُوں، جو بُرج سے لے کر اُس وقت تک کا ہے جب تک وہ نیست و نابُود نہ کر دِیے گئے۔
۶ اور یُوں مَیں یہ رُوداد بیان کرتا ہُوں۔ وہ جِس نے یہ صحِیفہ لِکھا وہ عِیتر تھا، اور یہ کوری عنتر کی نسل سے تھا۔
۷ کوری عنتر مورون کا بیٹا تھا۔
۸ اور مورون ایتام کا بیٹا تھا۔
۹ اور ایتام آحاہ کا بیٹا تھا۔
۱۰ اور آحاہ سیت کا بیٹا تھا۔
۱۱ اور سیت شبلون کا بیٹا تھا۔
۱۲ اور شبلون قام کا بیٹا تھا۔
۱۳ اور قام کوری عنتم کا بیٹا تھا۔
۱۴ اور کوری عنتم، عمنی جد کا بیٹا تھا۔
۱۵ اور عمنی جد ہارُون کا بیٹا تھا۔
۱۶ اور ہارُون حِتّ کی نسل سے تھا، جو عیرتم کا بیٹا تھا۔
۱۷ اور عیرتم لِب کا بیٹا تھا۔
۱۸ اور لِب قیس کا بیٹا تھا۔
۱۹ اور قیس قورم کا بیٹا تھا۔
۲۰ اور قورم لاوی کا بیٹا تھا۔
۲۱ اور لاوی قِم کا بیٹا تھا۔
۲۲ اور قِم موری عنتن کا بیٹا تھا۔
۲۳ اور موری عنتن ریپلاقیس کی نسل سے تھا۔
۲۴ اور ریپلاقیس شظ کا بیٹا تھا۔
۲۵ اور شظ حِتّ کا بیٹا تھا۔
۲۶ اور حِتّ قام کا بیٹا تھا۔
۲۷ اور قام کوری عنتم کا بیٹا تھا۔
۲۸ اور کوری عنتم عیمر کا بیٹا تھا۔
۲۹ اور عیمر اُومر کا بیٹا تھا۔
۳۰ اور اُومر شول کا بیٹا تھا۔
۳۱ اور شول قِب کا بیٹا تھا۔
۳۲ اور قِب عوریاہ کا بیٹا تھا جو کہ یارد کا بیٹا تھا؛
۳۳ یہ وہی یارد تھا جو اپنے بھائی اور اپنے خاندانوں، اور بعض دُوسروں اور اُن کے خاندانوں کے ساتھ بڑے بُرج سے اُس وقت آیا تھا، جب خُداوند نے لوگوں کی زبانوں میں اِختلاف ڈالا، اور اپنے قہر میں قَسم کھائی کہ وہ کُل رُویِ زمِین پر پراگندہ کِیے جائیں گے؛ اور خُداوند کے کلام کے مُوافِق وہ لوگ پراگندہ ہُوئے۔
۳۴ اور یارد کا بھائی قد آور اور قَوی آدمی تھا، اور وہ آدمی خُداوند کا نہایت مقبولِ نظر تھا، اُس کے بھائی یارد نے، اُس سے کہا: خُداوند کے حُضُور فریاد کر، کہ وہ ہمیں پراگندہ نہ کرے جِس کے سبب سے ہم ایک دُوسرے کی زبان کو نہ سمجھ پائیں۔
۳۵ اور ایسا ہُوا کہ یارد کے بھائی نے خُداوند سے فریاد کی، اور خُداوند نے یارد پر رحم کِیا: پَس اُس نے یارد کی زبان میں اِختلاف نہ ڈالا؛ اور یارد اور اُس کا بھائی پراگندہ نہ ہُوا۔
۳۶ تب یارد نے اپنے بھائی سے کہا: خُداوند کے حُضُور دوبارہ فریاد کر، تو ہو سکتا ہے کہ وہ اُن پر سے اپنا غضب پھیرے جو ہمارے دوست و احباب ہیں، تاکہ وہ اُن کی زبان میں اِختلاف نہ ڈالے۔
۳۷ اور ایسا ہُوا کہ یارد کے بھائی نے خُداوند سے فریاد کی، اور خُداوند نے اُس کے دوست و احباب اور اُن کے خاندانوں پر بھی رحم کِیا، جِس کی بدولت وہ پراگندہ نہ ہُوئے۔
۳۸ اور اَیسا ہُوا کہ یارد اپنے بھائی سے پِھر ہم کلام ہُوا، کہا: جا اور خُداوند سے دریافت کر کہ آیا وہ ہمیں اِس مُلک سے نِکالے گا، اور اُس سے فریاد کر اگر وہ ہمیں اِس مُلک سے نِکالے تو ہم کہاں جائیں۔ اور کون جانتا ہے کہ خُداوند ہمیں اُس مُلک میں لے جائے گا جو تمام رُویِ زمِین پر سب سے زیادہ پسندِیدہ ہے؟ اور اگر اَیسا ہے تو آؤ ہم خُداوند کے وفادار بنیں تاکہ ہم اِسے اپنی مِیراث کے لیے پائیں۔
۳۹ اور اَیسا ہُوا کہ یارد کے بھائی نے یارد کے مُنہ سے نِکلے ہُوئے کلام کے مُوافِق خُداوند سے فریاد کی۔
۴۰ اور اَیسا ہُوا کہ خُداوند نے یارد کے بھائی کی فریاد سُنی، اور اُس پر ترس کھایا، اور اُس سے کہا:
۴۱ جا اور اپنے گلّوں کو جمع کر، ہر دو قِسم کے نر اور مادہ؛ اور کھیت کے ہر قِسم کے بیج؛ اور اپنے خاندان؛ اور اپنے بھائی یارد اور اُس کے خاندان؛ اور اپنے دوست احباب اور اُن کے خاندان، اور یارد کے دوست احباب اور اُن کے خاندانوں کو اِکٹھا کر۔
۴۲ اور جب تُو اَیسا کر لے تو اُنھیں لے کر اُس وادی میں جانا جو شِمال کی جانب ہے۔ اور مَیں تُجھے وہاں مِلوں گا، اور تیرے آگے آگے اُس مُلک میں جاؤں گا جو رُویِ زمِین کے سارے مُلکوں میں سب سے زیادہ پسندِیدہ ہے۔
۴۳ اور وہاں مَیں تُجھے اور تیری نسل کو برکت بخشُوں گا، اور تیری نسل سے، اور تیرے بھائی کی نسل سے، اور جو تیرے ساتھ جائیں گے اُن میں سے، اپنے واسطے ایک بڑی قَوم پَیدا کرُوں گا۔ اور تیری نسل جِسے مَیں نے اپنے لیے برپا کیا کُل رُویِ زمِین پر کوئی دُوسری قَوم اِتنی قَوی نہ ہو گی۔ اور مَیں تیرے لیے اَیسا اِس لیے کرُوں گا کیوں کہ طویل مُدت تک تُو نے مُجھ سے فریاد کی ہے۔