صحائف
مرونی ۹


مورمن کا اپنے بیٹے مرونی کے نام دُوسرا خط۔

باب ۹ پر مُشتمِل

باب ۹

بنی نِیفی اور بنی لامن بدچلن اور بداَخلاق ہیں—وہ ایک دُوسرے پر ظُلم ڈھاتے اور قتل کرتے ہیں—مورمن دُعا کرتا ہے کہ مرونی پر فضل اور فضِیلت کا سایہ ہمیشہ قائم رہے۔ قریباً ۴۰۱ سالِ خُداوند۔

۱ میرے پیارے بیٹے، مَیں تُجھے دوبارہ لِکھتا ہُوں تاکہ تُو جان لے کہ مَیں ابھی زِندہ ہُوں؛ اَلبتہ مَیں اُن باتوں کی بابت لِکھتا ہُوں، جو قدرے تکلِیف دہ ہیں۔

۲ پَس دیکھ، مَیں بنی لامن کے ساتھ شدِید جنگ لڑ چُکا ہُوں، جِس میں ہم فتح یاب نہیں ہُوئے؛ اور ارخینتُس اور لورام اور عیمرون بھی تہِ تیغ ہو گئے ہیں؛ ہاں، اور ہم اپنے باصلاحِیت مَردوں کی بڑی تعداد کھو چُکے ہیں۔

۳ اور اب دیکھ، میرے بیٹے، مُجھے تشوِیش ہے کہ کہیں بنی لامن اِس قَوم کو نیست و نابُود نہ کر دیں؛ جب کہ یہ قَوم تائب نہیں ہوتی، اور شَیطان لگاتار اُنھیں اُکساتا ہے کہ ایک دُوسرے کے ساتھ جھگڑا کریں۔

۴ دیکھ مَیں لگا تار اُن کے ساتھ محنت و مُشقّت کر رہا ہُوں؛ اور جب مَیں سخت روی سے خُدا کا کلام سُناتا ہُوں تو وہ کانپتے ہیں اور میرے ساتھ خفا ہوتے ہیں؛ اور جب مَیں سخت روی سے کلام نہیں کرتا تو وہ اِس کے خِلاف اپنے دِل سخت کر لیتے ہیں؛ پَس مُجھے ڈر ہے کہ کہیں خُداوند کے رُوح نے اُن کے ساتھ کام کرنا نہ چھوڑ دیا ہو۔

۵ پَس وہ اِس شدِت سے غُصّہ کرتے ہیں کہ اَیسا لگتا ہے کہ اُنھیں موت کا خَوف نہیں ہے؛ اور ایک دُوسرے کے لِیے، اُنھوں نے اپنی محبّت کو کھنڈر بنا دِیا ہے؛ اور وہ ہر وقت اِنتقام اور خُون کے پیاسے رہتے ہیں۔

۶ اور اب، میرے پیارے بیٹے، اُن کی سنگِین روی کے باوجُود، آؤ ہم مُستَعِدی کے ساتھ محنت و مُشقّت کریں؛ پَس اگر ہم نے محنت و مُشقّت کرنا ترک کر دِیا، تو ہم سزاوار ٹھہرائے جائیں گے؛ لہٰذا جب تک ہم مٹی کے مَقدَس میں ہیں، ہمیں محنت و مُشقّت انجام دیتے رہنا ہے، تاکہ ہم ساری راست بازی کے دُشمن پر غالِب آئیں، اور ہماری جانیں خُدا کی بادِشاہی میں آرام پائیں۔

۷ اور اب مَیں اِس قَوم کے مُصائب و الام کی بابت چند باتیں لِکھتا ہُوں۔ پَس عمیرون سے مُجھ تک پُہنچنے والی معلُومات کے مُطابِق، دیکھ، بنی لامن کے پاس بےشُمار قیدی ہیں، جِنھیں اُنھوں نے شیرِیزہ کے بُرج سے اسِیر بنایا تھا، اور اُن میں مرد، عَورتیں، اور بچّے بھی تھے۔

۸ اور اُن عَورتوں کے شوہروں اور بچّوں کے والِدوں کو اُنھوں نے قتل کر دِیا ہے؛ اور عَورتوں کو اُن کے شوہروں کا گوشت کِھلاتے ہیں، اور بچّوں کو اُن کے والِدوں کا گوشت کِھلاتے ہیں؛ اور پانی نہیں، بس چند قطرے، وہ اُنھیں دیتے ہیں۔

۹ اور بنی لامن کی اِس شدِید مکروہ کرتُوت کے باوجُود، موریعنتم میں ہمارے لوگوں کی سِیہ کاری سے زیادہ گھناؤنی نہیں۔ پَس دیکھ، اُنھوں نے بنی لامن کی بُہت ساری بیٹیوں کو قیدی بنا لِیا تھا؛ اور اُنھیں اُس شَے سے محرُوم کر دِیا تھا جو اُنھیں سب چِیزوں سے زیادہ پیاری اور بیش بہا تھی، یہ اُن کی پاک دامنی اور عِصمت تھی—

۱۰ اور اَیسا کرنے کے بعد، اُنھوں نے اُن پر اِس قدر ظالمانہ و قاتلانہ تشدُد ڈھایا، اور اُنھیں موت کے گھاٹ اُتارا؛ اور اَیسا کرنے کے بعد، اُنھوں نے اُن کی لاشوں کو جنگلی درِندوں کی طرح نوچ نوچ کر کھایا، کیوں کہ اُن کے دِل سفاک تھے؛ اور اِس کو وہ بُہادری کا تمغا سمجھتے تھے۔

۱۱ اے میرے پیارے بیٹے، کوئی اُمّت جِس طرح کی یہ ہے، کیسے تہذِیب سے عاری ہو سکتی ہے—

۱۲ (اور صِرف چند برس گُزرے ہیں، کہ وہ مہذب اور خُوش مزاج قَوم تھے۔)

۱۳ لیکن اے میرے پیارے بیٹے، کوئی اُمّت جِس طرح کی یہ ہے، کیسے اِس قدر بھیانک مکروہات سے لُطف اندوز ہوتی ہے—

۱۴ ہم کیسے توقع رکھ سکتے ہیں کہ خُداوند اپنے ہاتھ کو ہمیں سزا دینے سے باز رکھے گا؟

۱۵ دیکھ، میرا دِل واویلہ کرتا ہے: اِس اُمّت پر افسوس۔ اے خُدا، سزا دینے کی خاطر نِکل، اور اُن کے گُناہوں، اور بدکاریوں، اور مکروہ کاموں کو اپنے چہرے کے سامنے سے چُھپا لے!

۱۶ اور پِھر، میرے بیٹے، شیرِیزہ میں بےشُمار بیوائیں اور اُن کی بیٹیاں رہ گئی ہیں؛ اور سامانِ رسد کا وہ حِصّہ جو لامنی اپنے ساتھ لے کر نہ گئے، دیکھ، ضینیفی کی فَوج اُس کو لے گئی، اور اُنھیں خُوراک کی تلاش میں مارا مارا پِھرنے کے لیے چھوڑ گئی؛ اور بُہت ساری ضیعف عَورتیں راہ میں تھک کر نڈھال ہوتی اور مر جاتی ہیں۔

۱۷ اور وہ فَوج جو میرے ساتھ ہے ناتواں ہے؛ اور میرے اور شیرِیزہ کے درمیان میں بنی لامن کی فَوجیں ہیں؛ اور جتنے بھاگ کر ہارُون کی فَوج میں پناہ ڈُھونڈنے گئے، اُن کی بھیانک سفاکی کا شِکار ہُوئے۔

۱۸ ہائے میری قَوم کی بدچلنی! اُن میں بدامنی اور بےرحمی ہے۔ دیکھ، مَیں فقط اَکیلا اِنسان ہُوں، اور میرے اندر صرف ایک مرد جِتنی ہی ہمت ہے، مَیں مزید اپنے حُکموں پر عمل نہیں کرا سکتا۔

۱۹ اور وہ اپنی کج روی میں بُہت آگے بڑھ چُکے ہیں؛ اور وہ ایک جَیسے سفاک ہیں، کسی کو نہیں بخشتے، خواہ کوئی بُوڑھا ہے یا جوان ہے؛ اور وہ نیکوکاری کے سِوا ہر بات سے لُطف اندوز ہوتے ہیں؛ اور اِس رُویِ زمِین پر ہر شَے سے زیادہ بڑی ہماری عَورتوں اور بچّوں کی مُصِیبت ہے؛ ہاں، نہ زبان بتا سکتی ہے، نہ یہ لِکھی جا سکتی ہے۔

۲۰ اور اب، میرے بیٹے، مَیں اِس بھیانک منظر کو مزید قلم بند نہیں کر سکتا۔ دیکھ، تُو اِس اُمّت کی بدکاری کو جانتا ہے؛ تُو جانتا ہے کہ اُن میں کوئی سچّائی نہیں، اور وہ بےحِس ہیں؛ اور اُن کی بدکاری بنی لامن سے زیادہ بھیانک ہے۔

۲۱ دیکھ، میرے بیٹے، خُدا کے حُضُور مَیں اُن کی سِفارش نہیں کر سکتا کہیں اَیسا نہ ہو کہ وہ مُجھے مار ڈالے۔

۲۲ بلکہ دیکھ، میرے بیٹے، خُدا کے حُضُور مَیں تیری سِفارش کرتا ہُوں، اور مُجھے مسِیح پر توکَل ہے کہ تُو بچایا جائے گا؛ اور خُدا سے دُعا مانگتا ہُوں کہ وہ تیری زِندگی بچائے رکھے، تاکہ تُو اِس اُمّت کو اُس کی طرف لَوٹ آنے، یا اُن کی مُکمل تباہی و بربادی کی گواہی دے؛ پَس مَیں جانتا ہُوں کہ وہ ضرُور ہلاک ہوں گے سِوا اِس کے کہ وہ تَوبہ کریں اور اُس کی طرف رُجُوع لائیں۔

۲۳ اور اگر وہ ہلاک ہوتے ہیں تو بنی یارد جَیسا حال ہو گا، چُوں کہ اِن کے دِل کشت و خُون اور اِنتقام کے پیاسے ہیں۔

۲۴ اور اگر اَیسا ہو کہ وہ ہلاک ہو جاتے ہیں، تو ہم جانتے ہیں کہ ہمارے بےشُمار بھائی ہمیں چھوڑ کر بنی لامن سے جا مِلے ہیں، اور کئی اور بھی ہمیں چھوڑ کر اُن سے جا مِلیں گے؛ پَس، اگر تُو بچا لِیا گیا، اور مَیں مارا گیا اور تُجھے نہ دیکھ پایا، تو تُو چند مزید رُوبکاریں لِکھنا؛ بلکہ میرا اِیمان ہے کہ مَیں تُجھ سے جلد مُلاقات کرُوں گا؛ کیوں کہ میرے پاس پاک نوِشتے ہیں جو مَیں تیرے حوالہ کرنا چاہتا ہُوں۔

۲۵ میرے بیٹے، مسِیح کا وفادار رہ؛ اور جو باتیں مَیں نے لِکھی ہیں، تُجھے غم زدہ کر کے موت تک نہ لے جائیں؛ بلکہ مسِیح تُجھے تقوِّیت بخشے، اور اُس کے دُکھ اور موت، اور ہمارے باپ دادا پر اُس کا بدنی ظہُور، اور اُس کا رحم اور تحمل، اور اُس کے جلال اور حیاتِ اَبَدی کی اُمِّید، ہمیشہ تیرے حافِظہ میں محفُوظ رہے۔

۲۶ اور خُدا باپ کا فضل، جِس کا تخت عرشِ بریں پر ہے، اور ہمارا خُداوند یِسُوع مسِیح، جو اُس کی قُدرت و حشمت کے داہنے ہاتھ بیٹھا ہے، جب تک کہ ساری چِیزیں اُس کے تابع نہیں ہو جاتیں، ہمیشہ تک تیرے ساتھ قائم و دائم رہے۔ آمین۔