صحائف
مرونی ۶


باب ۶

تائب ہونے والے افراد کو بپتِسما دِیا جاتا اور رفاقت مُہیا کی جاتی ہے—کلِیسیا کے اَرکان جو تَوبہ کرتے ہیں مُعافی پاتے ہیں—عِبادات رُوحُ القُدس کی قُدرت کے وسِیلہ سے مُنعقد کی جاتی ہیں۔ قریباً ۴۰۱–۴۲۱ سالِ خُداوند۔

۱ اور اب مَیں بپتِسما کی بابت کلام کرتا ہُوں۔ دیکھو بُزرگوں، کاہنوں اور اُستادوں کو بپتِسما دِیا گیا تھا؛ اور اُنھیں اُس وقت تک بپتِسما نہ دیا گیا جب تک وہ اَیسا پھل نہ لائے جو اُنھیں اُس کے لائِق بناتا۔

۲ نہ اُنھوں نے اَیسوں کو بپتِسما کے لِیے قبُول کِیا، سِوا اُن کے جو شکستہ دِل اور پشیمان رُوح کے ساتھ اُن کے پاس آئے تھے، اور کلِیسیا میں گواہی دی کہ اُنھوں نے اپنے سب گُناہوں سے سچّی تَوبہ کر لی ہے۔

۳ اور کسی کو بپتِسما کے لِیے قبُول نہ کِیا جاتا تھا سِوا اُن کے جِنھوں نے اپنے تئیں مسِیح کا نام اپنایا تھا، اور آخِر تک اُس کی خِدمت کرنے کا عزم کِیا تھا۔

۴ اور اُن کے بپتِسما پا لینے، اور رُوحُ القُدس کی قُدرت سے اَثر پذِیر ہونے اور پاک صاف ہونے کے بعد، اُن کا شُمار مسِیح کی کلِیسیا میں ہو جاتا تھا؛ اور اُن کے نام درج کِیے جاتے تھے اور خُدا کے خُوش کُن کلام سے تقویت پاتے تھے، اُنھیں راہِ راست پر رکھنے، دُعا کے لِیے پیہم بےدار رکھنے، فقط مسِیح کی مہربانیوں پر توکُّل رکھنے کے واسطے، جو اُن کے اِیمان کا بانی اور کامِل کرنے والا تھا۔

۵ اور کلِیسیا روزہ رکھنے، اور دُعا کرنے، اور اپنی جانوں کی بھلائی کے لِیے ایک دُوسرے سے کلام کرنے کے واسطے اکثر باجماعت مِلتی تھی۔

۶ اور وہ اکثر خُداوند یِسُوع کی یادگاری میں روٹی اور مَے کی شراکت کے لیے اِکٹھے ہوتے تھے۔

۷ اور وہ اِس بات پر سختی سے عمل کرتے تھے کہ اُن کے ہاں کوئی سِیہ کاری نہ ہو؛ اگر کوئی خطا کا مُرتکِب پایا جاتا تھا، اور بُزرگوں کے سامنے کلِیسیا کے تین گواہ اُنھیں قصُوروار ٹھہراتے تھے، اور اگر وہ تَوبہ نہ کرتے، اور اِعتراف نہ کرتے، تو اُن کے نام مِٹا دِیے جاتے تھے، اور اُنھیں مسِیح کے لوگوں میں شُمار نہ کِیا جاتا تھا۔

۸ اَلبتہ جِتنی بار وہ سچّی نِیّت سے تَوبہ کرتے اور مُعافی کے طلب گار ہوتے، اُنھیں مُعاف کر دِیا جاتا تھا۔

۹ اور رُوح کی تاثِیروں کے مُطابق، اور رُوحُ القُدس کی قُدرت کے وسِیلہ سے کلیسیا میں اُن کی عِبادات کا اِنتظام کِیا جاتا تھا؛ پَس جِس طرح بھی رُوحُ القُدس اُن کو ہدایت دیتا، آیا کہ وہ مُنادی کریں، یا تاکِید کریں، یا دُعا مانگیں، یا مُناجات پیش کریں، یا گِیت گائیں، وہ اُسی طرح کرتے۔