صحائف
مرونی ۴


باب ۴

وضاحت کی گئی ہے کہ بُزرگوں اور کاہنوں کو عِشائے ربانی کی روٹی پر کِس طرح برکت دینی ہے۔ قریباً ۴۰۱–۴۲۱ سالِ خُداوند۔

۱ اُن کے کاہنوں اور مُعلمِین کا مسِیح کے بدن اور خُون پر برکت و شراکت کا طرِیقہ کلِیسیا میں یہ تھا؛ اور وہ مسِیح کے حُکموں کے مُوافِق اِس پر برکت مانگتے تھے؛ پَس ہم جانتے ہیں کہ یہ طریقت برحق ہے؛ اور بُزرگ یا کاہن اِس پر برکت مانگتے تھے—

۲ اور وہ کلِیسیا کے ساتھ گُھٹنے ٹیکتے تھے، اور باپ سے مسِیح کے نام پر یہ دُعا مانگتے، کہتے:

۳ اے خُدا، اَبَدی باپ، ہم تیرے بیٹے، یِسُوع مسِیح، کے نام پر تُجھ سے مانگتے ہیں، کہ اِس روٹی پر برکت بخش اور اِسے اُن سب کی جانوں کے لیے مُقَدَّس ٹھہرا جو اِس میں شریک ہوں، کہ وہ تیرے بیٹے کے بدن کی یاد میں کھائیں، اور تیرے گواہ ٹھہریں، اَے خُدا، اَبَدی باپ، کہ وہ رضامندی سے اپنے تئیں تیرے بیٹے کا نام لیں، اور اُس کو ہمیشہ یاد رکھیں، اور اُس کے حُکموں کو مانیں جو اُس نے اُنھیں دِیے ہیں، تاکہ اُس کا رُوح ہمیشہ اُن کے ساتھ ہو۔ آمین۔