صحائف
مرونی ۱


مرونی کی کِتاب

باب ۱

مرونی بنی لامن کی بھلائی کے واسطے لکھتا ہے—بنی نِیفی جِنھیں موت کے گھاٹ اُتار دِیا جاتا ہے مسِیح کے مُنکر نہیں ہیں۔ قریباً ۴۰۱–۴۲۱ سالِ خُداوند۔

۱ اب مُجھ، مرونی نے بنی یارد کے نوِشتوں کا خلاصہ لِکھنے کے بعد، سوچا تھا کہ مُجھے مزید کُچھ نہیں لِکھنا چاہیے، لیکن ابھی تک مَیں ہلاک نہ کِیا گیا تھا؛ اور لامنوں کو مَیں نے اپنی خبر بھی نہ ہونے دی تھی کہ کہیں وہ مُجھے ہلاک نہ کر دیں۔

۲ پَس دیکھو، اُن کی آپس کی جنگیں اِنتہائی وحشیانہ ہیں؛ اور اپنی نفرت کے سبب سے وہ ہر اُس نِیفی کو جو مسِیح کا اِنکار نہیں کرتا موت کے گھاٹ اُتار دیتے ہیں۔

۳ اور مَیں مرونی، مسِیح کا اِنکار نہیں کرتا، پَس، اپنی جان بچانے کی خاطِر ہر جگہ مَیں مارا مارا پِھرتا ہُوں۔

۴ پَس، مَیں مزید چند باتیں لِکھتا ہُوں، اُس کے برعکس جِس کا مَیں نے تہِیہ کِیا تھا؛ پَس مَیں نے سوچا تھا کہ مزید کُچھ نہیں لِکھنا؛ اَلبتہ چند باتیں مزید لِکھتا ہُوں، کہ شاید یہ میرے بھائیوں، بنی لامن، کے واسطے، خُداوند کی مرضی کے مُطابق، آیندہ کسی روز قابلِ قدر ہوں۔