باب ۳۰
آخِری ایّام کی غیر قَوموں کو تَوبہ کرنے، اور مسِیح کی طرف رُجُوع لانے، اور اِسرائیلؔ کے گھرانے میں شُمار ہونے کا حُکم دِیا جاتا ہے۔ قریباً ۳۴–۳۵ سالِ خُداوند۔
۱ اے غیر قَومو، تُم کان لگاؤ اور زِندہ خُدا کے بیٹے یِسُوع مسِیح کا کلام سُنو، جو اُس نے مُجھے حُکم دِیا کہ تُمھاری بابت کہُوں، پَس، دیکھو وہ مُجھے حُکم دیتا ہے کہ مَیں لِکھوں، اُس نے فرمایا:
۲ سب غیر قَومو، تُم اپنی بُری روِشوں سے باز آؤ؛ اور اپنے بُرے کاموں، اپنے جھوٹوں اور دغا بازیوں، اور اپنی حرام کاریوں، اور اپنی خُفیہ مکروہات، اور اپنی بُت پرستیوں، اور اپنی خُون ریزیوں، اور اپنی کہانتی فریب کاریوں، اور اپنے بغض و حسد، اور اپنے فِتنہ و فساد، اور اپنی ساری بدی اور مکروہات سے تَوبہ کرو، اور میری طرف رُجُوع لاؤ، اور میرے نام پر بپتِسما لو، تاکہ تُم اپنے گُناہوں کی مُعافی پاؤ، اور رُوحُ القُدس سے معمُور ہو جاؤ، تاکہ تُمھارا شُمار میرے لوگوں میں ہو، جو اِسرائیلؔ کے گھرانے کے ہیں۔