صحائف
۳ نِیفی ۲۹


باب ۲۹

مورمن کی کِتاب کا ظاہر ہونا نِشان ہے کہ خُداوند نے اِسرائیلؔ کو اِکٹھا کرنا اور اپنے عہُود کو پُورا کرنا شُروع کر دِیا ہے—وہ جو اُس کے آخِری ایّام کے مُکاشفوں اور نعمتوں کو رّد کریں گے ملعُون ہوں گے۔ قریباً ۳۴–۳۵ سالِ خُداوند۔

۱ اور اب دیکھو، مَیں تُمھیں بتاتا ہُوں کہ جب خُدا اپنی حِکمت کے مُطابق مناسب جانے گا، کہ یہ باتیں غیر قَوموں پر اُس کے کلام کے مُوافِق ظاہر کیں جائیں، تب تُم جان لینا کہ وہ عہد جو باپ نے اُن کی وارثت کے مُلکوں کی بحالی کے مُتعلق بنی اِسرائیلؔ کے ساتھ کِیا تھا، پہلے ہی پُورا ہونا شُروع ہو چُکا ہے۔

۲ اور تُم جان لو کہ خُداوند کی وہ باتیں جو اُس نے پاک نبیوں کی معرفت فرمائی تھیں، ساری پُوری ہوں گی؛ اور تُمھیں یہ کہنے کی ضرُورت نہیں کہ خُداوند بنی اِسرائیلؔ کے پاس آنے میں دیر کرتا ہے۔

۳ اور تُمھیں اپنے اپنے دِل میں یہ تصُّور کرنے کی بھی ضرُورت نہیں کہ جو باتیں کہی گئیں بے فائدہ ہیں، پَس دیکھو، خُداوند اپنے عہد کو یاد رکھے گا جو اُس نے اِسرائیلؔ کے گھرانے کے اپنے لوگوں کے ساتھ باندھا ہے۔

۴ اور جب تُم یہ باتیں اپنے درمیان میں ہوتے دیکھو، تو پھر تُم خُداوند کے کاموں کو مزید نہ ٹُھکرانا، پَس شمشِیرِ عدل اُس کے دائیں ہاتھ میں ہے؛ اور دیکھو، اُس روز، اگر تُم اُس کے کاموں کو ٹھوکر مارو گے تو وہ حُکم دے گا کہ یہ جلد تُم پر وار کرے۔

۵ اُس پر افسوس جو خُداوند کے کاموں کو لات مارتا ہے؛ ہاں، اُس پر افسوس جو مسِیح اور اُس کے کاموں کا اِنکار کرے گا۔

۶ ہاں، اُس پر افسوس جو خُداوند کے مُکاشفوں کا اِنکار کرے گا، اور جو کہے گا کہ خُداوند اب مُکاشفہ سے، یا نبُّوت سے، یا نعمتوں سے، یا زبانوں سے، یا شِفاؤں سے، یا رُوحُ القُدس کی قُدرت کے وسِیلہ سے کام نہیں کرتا۔

۷ ہاں، اور اُس پر افسوس جو اُس روز نفع کے لِیے کہے، کہ یِسُوع مسِیح کے وسِیلہ سے کوئی مُعجزہ نہیں کِیا جا سکتا؛ پَس جو اَیسا کرے گا ہلاکت کے فرزند کی مانِند ہو جائے گا، مسِیح کے کلام کے مُطابق اَیسوں کے واسطے کوئی رحم نہیں!

۸ ہاں، اور تُم نہ یہُودیوں اور نہ اِسرائیلؔیوں کے گھرانے کے بقیہ میں سے کسی کو لات مارنا، نہ سُسکارنا، اور نہ اُن کی تضحِیک کرنا، پَس دیکھو، خُداوند اُن کے ساتھ اپنے عہد کو یاد رکھتا ہے، اور وہ اُن کے ساتھ اپنی قَسم کے مُوافِق سلُوک کرے گا۔

۹ پَس تُم یہ گُمان مت کرنا کہ تُم خُداوند کے دائیں ہاتھ کو بائیں طرف موڑ سکو گے، تاکہ وہ اُس عہد کو پُورا کرنے کے لِیے اِنصاف نہ کرے جو اُس نے اِسرائیلؔ کے گھرانے سے باندھا ہے۔