صحائف
۳ نِیفی ۲۵


باب ۲۵

مسِیح کی آمدِ ثانی پر مغُرور اور بدکار بھُوسے کی مانِند جلیں گے—ایلیاہ اُس بُزرگ اور ہولناک دِن سے قبل واپس آئے گا—موازنہ کریں ملاکی ۴۔ قریباً ۳۴ سالِ خُداوند۔

۱ پَس دیکھو، وہ دِن آتا ہے جو بھٹی کی مانِند سوزان ہو گا؛ اور سارے مغُرور اور بدکردار، ہاں، وہ سب بھُوسے کی مانِند ہوں گے؛ ربُّ الافواج فرماتا ہے اور دِن جو آتا ہے وہ اُنھیں اَیسا بھسم کرے گا کہ شاخ و بُن کُچھ نہ چھوڑے گا۔

۲ لیکن تُم پر جو میرے نام کی تعظِیم کرتے ہو اِبنِ صداقت ظاہر ہو گا اور اُس میں شِفا دینے کی قُدرت ہو گی؛ اور تُم گاوخانہ کے بچھڑوں کی طرح کُودو پھاندو گے۔

۳ اور تُم شرِیروں کو روند ڈالو گے، پَس اُس روز وہ تُمھارے پاؤں تلے کی راکھ ہوں گے، ربُّ الافواج فرماتا ہے۔

۴ تُم میرے بندہ مُوسیٰ کی شرِیعت، یعنی اُن فرائِض و احکام کو جو مَیں نے حورؔب پر تمام بنی اِسرائیل کے لِیے فرمائے یاد رکھّو۔

۵ دیکھو، خُداوند کے بُزرگ اور ہولناک دِن کے آنے سے پیشتر مَیں ایلیاہ نبی کو تُمھارے پاس بھیجُوں گا۔

۶ اور وہ باپ کا دِل اَولاد کی طرف، اور اَولاد کا دِل باپ کی طرف مائل کرے گا، مبادا مَیں آؤں اور زمِین کو ملعُون ٹھہراؤں۔