صحائف
۳ نِیفی ۲۰


باب ۲۰

یِسُوع معجزانہ طور پر روٹی اور مَے مہیا کرتا ہے اور دوبارہ عشائے ربّانی کو برکت دے کر لوگوں کو دیتا ہے—یعقُوب کا بقیہ خُداوند اپنے خُدا کا عِرفان پائے گا اور امریکہ کی سرزمین میراث میں پائے گا—یِسُوع، مُوسیٰ کی مانِند نبی ہے، اور بنی نِیفی نبیوں کی اَولاد ہیں—خُداوند کی دُوسری اُمّت یرُوشلِیم میں جمع ہو گی۔ قریباً ۳۴ سالِ خُداوند۔

۱ اور اَیسا ہُوا کہ اُس نے بھِیڑ اور اپنے شاگِردوں کو بھی حُکم دِیا کہ وہ دُعا سے فارغ ہوں۔ اور اُس نے اُن کو حُکم دِیا کہ وہ اپنے دِلوں میں دُعا کرنے سے فارغ نہ ہوں۔

۲ اور اُس نے اُنھیں حُکم دِیا کہ وہ اُٹھیں اور اپنے پیروں پر کھڑے ہو جائیں۔ اور وہ اُٹھے اور اپنے پیروں پر کھڑے ہو گئے۔

۳ اور اَیسا ہُوا کہ اُس نے پھر روٹی توڑی اور اُس کو برکت دی، اور شاگِردوں کو کھانے کو دی۔

۴ اور جب وہ کھا چُکے تو اُس نے اُن کو حُکم دِیا کہ وہ روٹی توڑیں، اور بھِیڑ کو دیں۔

۵ اور جب وہ بھِیڑ کو دے چُکے تو اُس نے اُن کو مَے بھی پِینے کو دی، اور اُنھیں حُکم دِیا کہ بھِیڑ کو بھی دیں۔

۶ اب، روٹی اور مَے، نہ تو شاگِرد لائے تھے، نہ بھِیڑ لائی تھی؛

۷ اَلبتہ اُس نے درحقیقت اُن کو کھانے کو روٹی، اور پِینے کو مَے بھی دی۔

۸ اور اُس نے اُن سے کہا: جو کوئی یہ روٹی کھاتا ہے، اپنی جان کے لِیے میرے بدن میں سے کھاتا ہے؛ اور وہ جو اِس مَے میں سے پِیتا ہے، اپنی جان کے لِیے میرے خُون میں سے پِیتا ہے؛ اور اُس کی جان نہ کبھی بھوکی، نہ کبھی پیاسی ہو گی بلکہ سیر ہو گی۔

۹ اب جب بھِیڑ کھا اور پی چُکی، تو دیکھو، وہ رُوح سے معمُور ہو گئے؛ اور اُنھوں نے ہم آواز ہو کر پُکارا اور یِسُوع کی حمد و ستایش کرنے لگے، جِس کو اُنھوں نے دیکھا اور سُنا بھی تھا۔

۱۰ اور اَیسا ہُوا کہ جب وہ سب یِسُوع کی حمد و ستایش کر چُکے تو اُس نے اُن سے کہا: دیکھو، اب مَیں اُس حُکم کو پُورا کرتا ہُوں جو باپ نے مُجھے اِن لوگوں کی بابت دِیا تھا، جو کہ اِسرائیل کے گھرانے کے بقیہ ہیں۔

۱۱ تُم یاد رکھنا کہ مَیں نے تُم سے کلام کِیا تھا، اور کہا تھا کہ جب یسعیاہ کی باتیں پُوری ہوں گی—دیکھو، وہ لِکھی ہیں، یہ تُمھارے پاس ہیں، سو اُن پر فکر و تحقِیق کرو—

۱۲ اور مَیں تُم سے سچّ سچّ کہتا ہُوں کہ جب وہ پُوری ہوں گی تو، اَے اِسرائیل کے گھرانے، اُس وقت وہ عہد پُورا ہو گا جو باپ نے اپنی اُمّت کے ساتھ کِیا تھا۔

۱۳ اور پھر باقی نسل جو رُویِ زمِین پر پراگندہ ہُوئی ہوگی، مشرِق سے اور مغرب سے، اور شِمال سے اور جنُوب سے اِکٹھی کی جائے گی؛ اور اُنھیں خُداوند اپنے خُدا کے عِرفان کی پہچان ہوگی، جِس نے اُن کو مُخلصی دی ہے۔

۱۴ اور باپ نے مُجھے حُکم دِیا ہے کہ مَیں تُمھیں یہ سرزمین تُمھاری میراث میں دُوں۔

۱۵ اور مَیں تُم سے کہتا ہُوں کہ اگر غیر قَومیں اُس برکت کے بعد بھی جو وہ پائیں گی، تَوبہ نہیں کرتیں، میرے لوگوں کو پراگندہ کرنے کے بعد—

۱۶ تب تُم، جو یعقوب کے گھرانے کے بقیہ ہو، تُم اُن کے بیچ میں جاؤ گے؛ اور تُم اُن کے بیچ میں ہو گے جو بےشُمار ہیں؛ اور تُم اُن کے درمیان یُوں ہو گے جَیسے شیرِ بَبر جنگل کے جانوروں میں اور جوان شیر بَبر بھیڑوں کے گلّہ میں، جب، وہ اُن کے درمِیان سے گُزرتا ہے تو رَوندتا اور پھاڑتا ہے، اور کوئی چُھڑا نہیں سکتا۔

۱۷ تیرا ہاتھ تیرے مُخالفوں پر اُٹھے گا، اور تیرے سب دُشمن کاٹ ڈالے جائیں گے۔

۱۸ اور مَیں اپنی اُمّت کو اِس طرح اِکٹھا کرُوں گا جَیسے کوئی آدمی اپنے کِھلیان کے پُولوں کو جمع کرتا ہے۔

۱۹ پَس مَیں اپنی اُمّت کو یُوں بناؤں گا جِن کے ساتھ باپ نے عہد کِیا ہے، ہاں، مَیں تیرے سِینگ کو لوہا اور تیرے کُھروں کو پِیتل بناؤُں گا۔ اور تُو بُہت سی اُمّتوں کو ٹُکڑے ٹُکڑے کرے گی؛ اُن کے ذخِیرے خُداوند کی نذر کرے گی، اور اُن کا مال ربُّ العالمِین کے حضُور لائے گی۔ اور دیکھو مَیں ہی ہُوں، جو یہ کرتا ہُوں۔

۲۰ اور باپ فرماتا ہے، اَیسا ہو گا کہ اُس روز میری شمشِیرِ عدل اُن پر لٹکے گی؛ اور سِوا اِس کے کہ وہ تَوبہ کر لیں یہ اُن پر وار کرے گی، باپ فرماتا ہے، ہاں، یعنی غیر قَوموں کی ساری اُمّتوں پر۔

۲۱ اور اَیسا ہو گا کہ اِے اِسرائیلؔ کے گھرانے، مَیں اپنی اُمّت کو قائم کروں گا۔

۲۲ اور دیکھوِ مَیں اِس اُمّت کو اِس مُلک میں وہ عہد پُورا کرنے کی خاطر قائم کرُوں گا، جو مَیں نے تُمھارے باپ یعقوب کے ساتھ باندھا تھا؛ اور یہ ایک نیا یرُوشلِیم ہو گا۔ اور آسمان کی قُوّتیں اِن لوگوں کے درمیان میں ہوں گی؛ ہاں، یعنی مَیں اِن کے بِیچ میں ہُوں گا۔

۲۳ دیکھو، مَیں وہ ہوں جِس کی بابت مُوسیٰ نے یہ فرمایا: خُداوند تُمھارا خُدا تُمھارے بھائیوں میں سے تُمھارے لِیے مُجھ سا ایک نبی برپا کرے گا؛ اور یُوں ہو گا کہ جو شخص اُس نبی کی نہ سُنے گا وہ اُمّت میں سے نیست و نابُود کر دِیا جائے گا۔

۲۴ مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، ہاں، اور سموئیل سے لے کر اُس کے بعد آنے والے جِتنے بھی نبیوں نے کلام کِیا، سب نے میری گواہی دی ہے۔

۲۵ اور دیکھو، تُم نبیوں کی اَولاد ہو؛ اور تُم اِسرائیل کے گھرانے سے ہو؛ اور اُس عہد کے شرِیک ہو جو باپ نے تُمھارے باپ دادا سے باندھا تھا، جب ابرہامؔ سے فرمایا: کہ تیری اَولاد سے دُنیا کے سب گھرانے برکت پائیں گے۔

۲۶ میرے جی اُٹھنے کے بعد باپ نے مُجھے پہلے تُمھارے پاس بھیجا ہے، تاکہ تُم میں سے ہر ایک کو تُمھاری بدی سے باز رکھ کر برکت دُوں؛ اور یہ اِس لِیے کہ تُم عہد کے فرزند ہو—

۲۷ اور تُمھارے برکت پانے کے بعد باپ پھر اپنا وہ عہد پُورا کرے گا جو اُس نے ابرہامؔ سے باندھا، اور فرمایا: تیری نسل کے وسِیلہ سے زمِین کی سب قَومیں برکت پائیں گی—تاکہ میرے وسِیلہ سے غیر قَوموں پر رُوحُ القُدس نازِل کِیا جائے، غیر قَوموں پر اِس برکت کا نزُول اُنھیں سب سے زیادہ قَوی بنا دے گا، تاکہ میری اُمّت کو پراگندہ کریں، اے اِسرائیل کے گھرانے۔

۲۸ اور وہ اِس مُلک کے لوگوں کے لِیے تازیانہ ہوں گے۔ پَس، جب وہ میری اِنجِیل کی مَعمُوری پا لیں گے، تو اِس کے بعد اگر اُنھوں نے اپنے دِل میرے خِلاف سخت کِیے تو مَیں اُن کی بدیاں اُن کے سروں پر واپس ڈال دُوں گا، باپ فرماتا ہے۔

۲۹ اور مَیں اُس عہد کو یاد رکھُوں گا جو مَیں نے اپنی اُمّت سے کِیا ہے؛ اور مَیں نے اُن سے عہد کِیا ہے کہ مَیں اُس کو اپنے مُقرّرہ وقت پر اِکٹھا کرُوں گا، تاکہ مَیں اُس کو دوبارہ اُس کے باپ دادا کا مُلک اُس کو میراث میں دُوں، جو کہ یرُوشلِیم کی سرزمِین ہے جو کہ ہمیشہ تک اُن کے لِیے موعُودہ سرزمِین ہے، باپ فرماتا ہے۔

۳۰ اور اَیسا ہو گا کہ وقت آتا ہے، جب میری اِنجِیل کی مَعمُوری کی مُنادی اُس کے ہاں کی جائے گی۔

۳۱ اور وہ مُجھ پر اِیمان لائے گی، کہ مَیں خُدا کا بیٹا، یِسُوع مسِیح ہُوں، اور میرے نام پر باپ سے دُعا کرے گی۔

۳۲ پِھر اُس کے نگہبان اپنی آواز بُلند کریں گے، اور ہم آواز ہو کر گائیں گے، پَس وہ اُسے رُوبرو دیکھیں گے۔

۳۳ پِھر باپ دوبارہ اُس کو اِکٹھا کرے گا، اور یروشلِیِم کی سرزمین اُس کو میراث کے طور پر دے گا۔

۳۴ پِھر وہ خُوشی سے للکاریں گے—اَے یروشلِیِم کے ویرانو مِل کر نغمہ سرائی کرو؛ کیوں کہ باپ نے اپنی اُمّت کو تسلّی دِی ہے، اُس نے یروشلِیِم کا فِدیہ دِیا ہے۔

۳۵ باپ نے اپنا پاک بازُو تمام قَوموں کی آنکھوں کے سامنے ننگا کِیا ہے؛ اور زمِین کی تمام اِنتہائیں باپ کی نجات دیکھیں گی، اور مَیں اور باپ ایک ہیں۔

۳۶ اور پھر جَیسے لِکھا ہے ویسا ہی وقوع پذیر کیا جائے گا: جاگ، جاگ اَے صِیُّون پِھر سے اپنی شَوکت سے مُلبّس ہو؛ اَے یروشلیِم، مُقدّس شہر اپنا خُوش نُما لِباس پہن لے، کیوں کہ آگے کو کوئی نامختُون یا ناپاک تُجھ میں کبھی داخِل نہ ہو گا۔

۳۷ اپنے اُوپر سے گرد جھاڑ دے؛ اُٹھ کر بَیٹھ، اَے یروشلیِم؛ اَے اسِیر دُخترِ صِیُّون! اپنی گردن کے بندھنوں کو کھول ڈال۔

۳۸ پَس خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ تُم مُفت بیچے گئے اور تُم بے زر ہی آزاد کِیے جاؤ گے۔

۳۹ مَیں تُم سے، سچّ، سچّ، کہتا ہُوں، میرے لوگ میرا نام جانیں گے؛ ہاں، اُس روز وہ پہچانیں گے کہ کہنے والا مَیں ہی ہُوں۔

۴۰ اور پِھر وہ کہیں گے: اُس کے پاؤں پہاڑوں پر کیا ہی خُوش نُما ہیں جو اُن کے پاس خُوشی کی بشارت لاتا ہے، اور سلامتی کی مُنادی کرتا ہے؛ اور خَیرِیت کی خبر اُن کے پاس لاتا ہے، اور نجات کا اِشتِہار دیتا ہے؛ جو صِیُّون سے کہتا ہے: تیرا خُدا سلطنت کرتا ہے!

۴۱ اور پِھر اِعلان کِیا جائے گا: روانہ ہو جاؤ، تُم روانہ ہو جاؤ، تُم وہاں سے چلے جاؤ، جو ناپاک چِیز ہے اُس کو ہاتھ نہ لگاؤ؛ اُس کے درمِیان سے نِکل جاؤ؛ اَے خُداوند کے ظرُوف اُٹھانے والو پاک ہو جاؤ۔

۴۲ پَس نہ تُم عُجلت میں نِکلو گے اور نہ بھاگنے والے کی طرح چلو گے؛ پَس خُداوند تُمھارا ہراول اور اِسرائیلؔ کا خُدا تُمھارا چنڈاول ہو گا۔

۴۳ دیکھو، میرا خادِم اِقبال مند ہو گا؛ وہ اعلیٰ و برتر اور نِہایت بُلند ہو گا۔

۴۴ جِس طرح بُہتیرے تُجھ کو دیکھ کر دنگ ہو گئے—اُس کا چِہرہ ہر ایک بشر سے زائِد اور اُس کا جِسم بنی آدمؔ سے زِیادہ بِگڑ گیا تھا—

۴۵ اُسی طرح وہ بُہت سی قَوموں کو پاک کرے گا؛ بادِشاہ اُس کے سامنے خاموش ہوں گے، پَس جِس کی بابت اُنھیں بتایا نہ گیا تھا وہ دیکھیں گے؛ اور جو کُچھ اُنھوں نے سُنا نہ تھا وہ سمجھیں گے۔

۴۶ مَیں تُم سے، سچّ، سچّ، کہتا ہُوں، سب باتیں یقِیناً ہوں گی ویسے ہی جِس طرح باپ نے مُجھے حُکم دِیا ہے۔ پِھر یہ عہد جو باپ نے اپنے لوگوں کے ساتھ باندھا ہے پُورا ہو گا؛ اور پِھر یروشلِیم دوبارہ میرے لوگوں سے آباد ہو گا اور یہ اُن کی وراثت کا مُلک ہوگا۔