باب ۲۱
اِسرائیل کو اُس وقت اِکٹھا کِیا جائے گا جب مورمن کی کِتاب ظاہر ہو گی—امریکہ میں غیر اقَوام ایک آزاد قَوم کی حیثیت سے وجُود میں آئے گی—اگر وہ اِیمان لائیں اور تابع فرمان ہوں تو وہ نجات پائیں گے، ورنہ وہ کاٹ ڈالے اور نیست ونابُود کر دیے جائیں گے—اِسرائیل نیا یرُوشلِیم تعمِیر کرے گا، اور گُم شُدہ قبیلے لوٹ آئیں گے۔ قریباً ۳۴ سالِ خُداوند۔
۱ اور مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، مَیں تُمھیں ایک نِشان دیتا ہُوں تاکہ تُم اُس وقت کو جان سکو جب یہ باتیں وقوع پذیر ہونے کو ہوں گی—جِس وقت مَیں، اَے اِسرائیل کے گھرانے، اپنی اُمّت، اِسرائیل کو اُن کی طویل پراگندگی کے بعد اِکٹھا کرُوں گا، اپنا صِیُّون اُن کے درمیان پھر سے قائم کرُوں گا؛
۲ اور دیکھو، یہ وہ بات ہے جو مَیں تُمھیں نِشان کے طور پر دیتا ہُوں—پَس مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں کہ جب یہ باتیں جو تُم سے بیان کرتا ہُوں اور جو باتیں مَیں بہ ذاتِ خُود اِس کے بعد بیان کرُوں گا، اور جو باتیں رُوحُ القُدس کے وسِیلہ سے باپ تُم پر ظاہر کرے گا، غیر قَوموں پر آشکارا کی جائیں گی تاکہ وہ اِس اُمّت کی بابت جو یعقُوب کے گھرانے کا بقیہ ہیں، اور میری اِس اُمّت کی بابت جانیں جو اُن کے ہاتھوں پراگندہ ہو گی؛
۳ مَیں تُم سے، سچّ، سچّ، کہتا ہُوں، کہ جب باپ کے وسِیلہ سے یہ باتیں اُن پر ظاہر کی جائیں گی، اور باپ کی طرف سے اُن کے وسِیلہ سے تُم پر ظاہر کی جائیں گی؛
۴ پَس اے اِسرائیلؔ کے گھرانے، یہ باپ کی حِکمت ہے کہ اُنھیں اِس مُلک میں قائم کِیا جائے، اور باپ کی قُدرت کے وسِیلہ سے ایک آزاد قَوم کی حیثیت سے قائم کی جائے، تاکہ یہ باتیں اُن کے وسِیلہ سے تُمھاری اَولاد کے بقیہ پر ظاہر ہوں، تاکہ باپ کا وہ عہد، اَے اِسرائیل کے گھرانے، جو اُس نے اپنی اُمّت کے ساتھ کِیا پُورا ہو؛
۵ پَس، جب یہ کام اور وہ امُور جو اِس کے بعد تُمھارے بِیچ میں انجام پائیں گے غیر قَوموں کے وسِیلہ سے تُمھاری نسل پر ظاہر کِیے جائیں گے، تُمھاری نسل کے واسطے جو کہ اپنی بدی کے باعث بے اعتقادی میں زوال پذیر ہو گی؛
۶ پَس باپ کے لِیے یہی لازِم ٹھہرا کہ یہ غیر قَوموں کے وسِیلہ سے ظاہر ہوں، تاکہ وہ اپنی قُدرت غیر قَوموں پر ظاہر کرے، اِس سبب سے کہ غیر قَومیں، اگر اپنے اپنے دِل سخت نہ کریں، اور وہ تَوبہ کریں اور میری طرف رُجُوع لائیں اور میرے نام سے بپتِسما لیں اور میری تعلِیم کے حقیقی نکات سے آگاہ ہوں، تاکہ وہ میرے لوگوں میں شُمار کِیے جائیں، اَے اِسرائیلؔ کے گھرانے؛
۷ اور جب یہ باتیں وقوع ہوں تاکہ تُمھاری اَولاد اِن باتوں کو جاننے لگے—تو یہ اُن کے لِیے ایک نِشان ہو گا، تاکہ وہ جانیں کہ اُس عہد کو پُورا کرنے کے لِیے باپ کا وہ کام پہلے ہی شُروع ہو چُکا ہے جو اُس نے اُن لوگوں سے کِیا جو اِسرائیلؔ کے گھرانے کے ہیں۔
۸ اور جب وہ دن آئے گا، تو اَیسا ہو گا کہ بادِشاہ اُس کے سامنے خاموش ہوں گے، پَس جِس کی بابت اُنھیں بتایا نہ گیا تھا وہ دیکھیں گے؛ اور جو کُچھ اُنھوں نے سُنا نہ تھا وہ سمجھیں گے۔
۹ پَس اُس روز میری خاطر باپ ایک امر انجام دے گا، جو اُن کے درمیان ایک نِرالا اور حیرت خیز امر ہو گا؛ اور اُن میں بعض اَیسے ہوں گے جو اِس امر کا یقِین نہ کریں گے اگرچہ ایک شخص اُن پر اِن باتوں کا اِعلان بھی کرے گا۔
۱۰ بلکہ دیکھو، میرے خادِم کی زِندگی میرے ہاتھ میں ہو گی، پَس وہ اُس کو نقصان نہیں پُہنچائیں گے اگرچہ وہ اُن کے سبب سے گھایل کِیا جائے گا۔ پھر بھی مَیں اُس کو شِفا دُوں گا، پَس مَیں اُن کو دِکھاؤں گا کہ میری حِکمت اِبلِیس کی عِیّاری سے زیادہ اَفضل ہے۔
۱۱ پَس اَیسا ہو گا جو کوئی میرے کلام پر اِیمان نہیں لائے گا، جو یِسُوع مسِیح ہے، جِس کو باپ اُس کے وسِیلہ سے غیر قَوموں پر ظاہر کرے گا، اور اُس کو اِختیار بخشے گا تاکہ میرے کلام کو وہ غیر قَوموں پر ظاہر کرے، (یہ اُسی طرح ہو گا جِس طرح مُوسیٰ نے فرمایا) وہ میری اُمّت میں سے کاٹ ڈالے جائیں گے جو کہ عہد کی ہے۔
۱۲ اور میری اُمّت جو یعقوب کا بقیہ ہے، غیر قَوموں کے بیچ میں ہو گی، ہاں، اور تُم اُن کے بیچ میں یُوں ہو گے جَیسے شیرِ بَبر جنگل کے جانوروں میں، جَیسے جوان شیر بَبر بھیڑوں کے گلّہ میں، جب، وہ اُن کے درمِیان سے گُزرتا ہے تو رَوندتا اور پھاڑتا ہے، اور کوئی چُھڑا نہیں سکتا۔
۱۳ اُن کا ہاتھ اُن کے مُخالفوں پر اُٹھے گا، اور اُن کے سب دُشمن کاٹ ڈالے جائیں گے۔
۱۴ ہاں، اَفسوس غیر قَوموں پر، سِوا اِس کے کہ وہ تَوبہ کر لیں؛ پَس اُس روز اَیسا ہوگا، باپ فرماتا ہے، کہ مَیں تیرے گھوڑوں کو جو تیرے درمِیان ہیں کاٹ ڈالُوں گا، اور تیرے رتھوں کو نیست کرُوں گا۔
۱۵ اور تیرے مُلک کے شہروں کو برباد اور تیرے سب قلعوں کو مِسمار کرُوں گا۔
۱۶ اور مَیں تیرے مُلک میں سے جادوگری دُور کروں گا، اور تجھ میں فالگیر نہ رہیں گے۔
۱۷ اور تیری کھودی ہُوئی مُورتیں اور تیرے سُتُون تیرے درمِیان میں سے نیست کر دُوں گا، اور تُو پِھر اپنی دست کاری کی عِبادت نہ کرے گا۔
۱۸ اور مَیں تیری یسِیرتوں کو تیرے درمِیان میں سے اُکھاڑ ڈالُوں گا؛ اور تیرے شہروں کو تباہ کرُوں گا۔
۱۹ اور اَیسا ہو گا کہ ہرچہ جُھوٹ، اور دغابازی، اور حسد، اور جھگڑے، اور کہانتی فریب کاری، اور حرام کاری جاتی رہے گی۔
۲۰ پَس اَیسا ہوگا، باپ فرماتا ہے، اَے اِسرائیلؔ کے گھرانے، کہ اُس روز جو تَوبہ نہیں کریں گے اور میرے پیارے بیٹے کی طرف رُجُوع نہیں لائیں گے، مَیں اُنھیں اپنے لوگوں مَیں سے کاٹ ڈالُوں گا؛
۲۱ اور مَیں اُن قَوموں سے اپنے قہر و غضب سے بدلہ لُوں گا، یہاں تک کہ غیر قَوموں سے بھی، اِتنا شدِید کہ اُنھوں نے سُنا نہ ہوگا۔
۲۲ اَلبتہ اگر وہ تَوبہ کریں گے اور میرے کلام پر کان لگائیں گے، اور اپنے دِل سنگِین نہ کریں گے، تو مَیں اُن کے درمیان میں اپنی کلِیسیا قائم کرُوں گا، اور وہ اُس عہد میں شامِل ہوں گے اور یعقُوب کے اِس بقیہ میں شُمار ہوں گے، جِن کو مَیں نے یہ مُلک وراثت میں دِیا ہے۔
۲۳ اور وہ میری اُمّت، یعقوب کے بقیہ، کی مدد کریں گے، اور اِسرائیلؔ کے گھرانے میں سے بھی بُہت سے آئیں گے، تاکہ وہ اَیسا شہر تعمِیر کریں، جو نیا یروشلِیم کہلائے گا۔
۲۴ اور پِھر وہ میری اُمّت کی مدد کریں گے، جو کُل رُویِ زمِین پر پراگندہ کی گئی ہے، تاکہ اُس کو نئے یرُوشلِیم میں اِکٹھا کِیا جائے۔
۲۵ اور پِھر آسمان کی قُوّتیں اِن لوگوں کے درمیان میں ہوں گی؛ اور مَیں بھی اِن کے بِیچ میں ہُوں گا۔
۲۶ اور پھر اُس روز باپ کے امر کا آغاز ہوگا، یعنی جب اِس اِنجِیل کی مُنادی اِس اُمّت کے بقیہ میں کی جائے گی۔ مَیں تُم سے سچّ کہتا ہُوں، اُس روز میرے سب پراگندہ لوگوں میں باپ کے امر کا آغاز ہوگا، ہاں، یعنی اُن قِبیلوں میں بھی جو گُم شُدہ ہیں، جِن کو باپ نے یرُوشلِیم سے نِکال دِیا تھا۔
۲۷ ہاں، میری ساری پراگندہ اُمّت میں اِس امر کا آغاز ہوگا، باپ کی بدولت وہ راہ تیار ہوگی جِس سے وہ میری طرف رُجُوع لا سکیں، تاکہ وہ میرے نام پر باپ سے دُعا کر سکیں۔
۲۸ ہاں، اور پِھر باپ کی بدولت ساری قَوموں میں راہ تیار کرنے کے واسطے اِس امر کا آغاز ہوگا، جِس سے اُس کے لوگوں کو اُن کے وراثت کے وطن میں بسانے کے لِیے اِکٹھا کِیا جائے گا۔
۲۹ اور وہ ساری قَوموں میں سے روانہ ہوں گے؛ اور نہ وہ عُجلت میں نِکلیں گے، نہ بھاگنے والوں کی طرح چلیں گے، پَس مَیں اُن کا ہراول ہُوں گا، باپ فرماتا ہے، اور مَیں اُن کا چنڈاول ہُوں گا۔