مجلسِ عامہ
کیا منصُوبہ کام کر رہا ہے؟
مجلسِ عامہ اپریل ۲۰۲۲


کیا منصُوبہ کام کر رہا ہے؟

مَیں گواہی دیتا ہُوں کہ خُوشی کا منصُوبہ فیض بخش ہے۔ یہ آپ کے آسمانی باپ نے بنایا تھا، جو آپ سے محبت کرتا ہے۔۔

کیا منصُوبہ کام کر رہا ہے؟

حال ہی میں میری گُفتگو کسی نوجوان سے ہُوئی جس نے کئی برس پہلے تبلیغی خدمت انجام دی تھی اور اب وہ اپنے روزگارمیں مصرُوف تھا۔ کچھ حوالوں سے، اُس کی زِندگی اچھی گزر رہی تھی. لیکن اُس کا ایمان کم ہو رہا تھا۔ وہ نجات دہندہ اور اس کی کلیسیا کے بارے میں شک کے سمندر میں ڈوب رہا تھا۔ اُس نے بتایا کہ اُسے بحال شُدہ اِنجِیل کی متوقع برکات عطا نہیں ہو رہی تھیں۔ اُسے نہیں لگ رہا تھا کہ خُوشی کا منصوبہ اُس کے لیے کام کررہا تھا۔

آج میرا پیغام اُن سب کے لیے ہے جو اِسی طرح محسوس کر رہے ہیں۔ مَیں اُن سب سے بات کرتا ہُوں جو کبھی ”مُخلصی بخش محبت کے گیت گاتے تھے“ مگر اب ”ایسا محسوس نہیں کرتے۔“۱

ہمارے آسمانی باپ نے ہماری اَبَدی خُوشی کی خاطر ہمارے لیے ایک نِرالا منصُوبہ تیار کیا ہے۔ مگر جب زِندگی ہماری توقع یا اُمِید کے اُلٹ ہوتی ہے، تو ایسا لگتا ہے کہ آسمانی باپ کا منصُوبہ کام نہیں کر رہا ہے۔

شائد ہم بھی یِسُوع کے شاگِردوں کی مانند سوچتے ہیں جب وہ کشتی میں، ”جِھیل کے بیچ، لہروں سے ڈگمگا رہے تھے: کیوں کہ ہَوا مخالف تھی۔“۲

تب، صُبح سویرے:

”یِسُوع جِھیل پر چل کر اُن کے پاس آیا۔

”اور جب اُس کے شاگِردوں نے اُسے جِھیل پر چلتے ہُوئے دیکھا، تو وہ گھبرا گئے، … اور وہ ڈر کر چِلا اُٹھے۔

”یِسُوعؔ نے فوراً اُن سے کہا خاطِر جمع رکھّو؛ مَیں ہُوں؛ ڈرو مت۔

”پطرس نے اُس سے جواب میں کہا، اَے خُداوند اگر تُو ہے تو مُجھے حُکم دے کہ پانی پر چل کر تیرے پاس آؤں۔

”اُس نے کہا آ۔ ”پطرسؔ کشتی سے اُتر کر یِسُوعؔ کے پاس جانے کے لِیے پانی پر چلنے لگا۔

”مگر اُس نے تیز وتُند ہَوا دیکھی، تو ڈر گیا؛ اور جب ڈُوبنے لگا؛ تو چِلایا، … اَےخُداوند، مُجھے بچا۔

”یِسُوعؔ نے فوراً ہاتھ بڑھا کر اُسے پکڑ لِیا، اور اُس سے کہا، اَے کم اِعتقاد تُو نے کیوں شک کِیا؟“۳

کیا مَیں آپ کو اُن تین اُصُولوں کی بابت بتا سکتا ہُوں جو مَیں نے پطرس سے سِیکھے؟ مَیں دُعا کرتا ہُوں کہ یہ اُصُول اُن سب کے لیے مددگار ثابت ہوں گے جو یہ محسوس کرتے ہیں کہ خُوشی کا منصُوبہ اُن کی زِندگیوں میں کام نہیں کر رہا۔

پہلا، یِسُوع مسِیح پر ایمان کے ساتھ عمل کریں۔

مَیں پطرس کے اِیمان پر حیران ہوتا ہُوں۔ یِسُوع کی سیدھی سادی دعوت ”آ،“ پر اُس نے طوفان سے ڈگمگاتی کشتی کو چھوڑ ا۔ وہ جانتا تھا کہ اگر یِسُوع مسِیح نے اُسے کُچھ کرنے کی دعوت دی ہے—تو وہ کر سکتا ہے۔۴ پطرس نے کشتی سے زیادہ نجات دہندہ پر بھروسا کیا۔ اور کہ اُس اِیمان نے اُسے شدِید، خَوف ناک صُورتِ حال کے دوران میں بھی ہمت کے ساتھ کام کرنے کی قُوّت دی۔

پطرس کا ایمان مجھے ایک تجربے کی یاد دلاتا ہے جو میں نے بزرگ ہوزے ایل الونسو سے سنا تھا۔ بُزرگ الونسو کے بیٹے کے اِنتقال کے فوراً بعد، خاندان میں باقی چھوٹے بچّے رہ گئے تھے، بُزرگ الونسو نے بچّوں کو بات کرتے ہُوئے سُنا۔

”ہم کیا کریں گے؟“ اُنھوں نے پُوچھا۔

نو سالہ بیٹی نے جواب دیا، ”ڈیڈی ٹھیک ہے۔ وہ یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کی مُنادی کر رہا ہے۔“

پطرس کی مانِند، اُس چھوٹی سی لڑکی نے اپنی پریشانیوں سے پرے ہو کر یِسُوع مسِیح اور اُس کے کَفّارے پر توّکل کِیا۔ نجات دہندہ پر اِیمان آگے بڑھنے کےلیے تسلّی اور قُدرت بخشتا ہے۔

اگر آپ پیچھے ماضی کے تجربات میں جھانکیں تو، مُجھے یقین ہے کہ آپ جانیں گے کہ آپ نے اپنی زِندگی میں کئی بار اِیمان کا مُظاہرہ کِیا ہے۔ کلِیسیا میں شامِل ہونا اِیمان کا عمل ہے۔ آسمانی باپ سے دُعا میں بات چیت کرنا اِیمان کا عمل ہے۔ صحائف کو پڑھنا اِیمان کا عمل ہے۔ میرے اِس مجلِسِ عامہ کے پیغام کو سُننا اِیمان کا عمل ہے۔ صدر رسل ایم نیلسن نے کہا، ”آپ اپنے اندر پہلے سے موجُود اِیمان کو کم نہ ہونے دیں۔“۵

ایک اور سبق جو مَیں نے پطرس سے سِیکھا وہ یہ ہے:

مُشکل حالات میں فورا یِسُوع مسِیح کی طرف رُجُوع لائیں۔

جُوں ہی وہ نجات دہندہ کی جانب چلا ،پطرس آندھی سے ڈر گیا اور ڈُوبنے لگا۔ مگر جب پطرس کو اَحساس ہُوا کہ کیا ہو رہا تھا تو اُس نے پانی پر قدم رکھنے یا کشتی کی طرف واپس تیرنے کی کوشش نہ کی۔ مسِیح پر اپنے اِیمان کو ترک کرنے کی بجائے، اُس نے مزید مضبُوطی سے تھام کر، پُکارا، ’’خُداوند، مُجھے بچا۔‘‘

اور یِسُوع نے فوراً اپنا ہاتھ بڑھایا اور اُسے پکڑ لیا۔“۶

ہم سب ایسی تیزوتُند ہَواوں کا سامنا کرتے ہیں جو ہمارے اِیمان کو ڈگمگا سکتی اور ہمارے ڈُوبنے کی وجہ ہو سکتی ہیں۔ اگر اَیسا ہو،تو برائے کرم یاد رکھیں کہ آسمانی باپ کے خُوشی کے منصُوبے کا ایک دُوسرانام—نجات کا منصُوبہ ہے۔ اِس منصُوبے کا مطلب یہ نہیں تھا کہ ہماری زِندگی آسانی سے گُزرے، کبھی ٹھوکر نہ کھائیں، کبھی ڈوبیں نہ، چہرے پر ہمیشہ مسکراہٹ رہے گی۔ آسمانی باپ جانتا تھا کہ ہمیں مُخلصی کی ضرورت ہوگی۔ اِسی واسطے اُس نے مُخلصی کا منصُوبہ تیار کیا۔۷ اِسی لیے آسمانی باپ نے مُخلصی دینے والا بھیجا۔ کسی وجہ سے—جب ہم تگ و دو کرتے ہیں—اِس کا مطلب یہ نہیں ہوتا کہ منصُوبہ کام نہیں کر رہا۔ یہی وقت ہوتا ہے جب ہمیں منصُوبے کی زیادہ ضرُورت ہوتی ہے۔

ایسے ہی لمحوں میں، پطرس کی مثال کی پیروی ضرُوری ہے۔ فوراً نجات دہندہ کی جانب مُڑیں

”یہ وقت اور دن ہے آپ کی نجات کے لیے ہے ۔ … اپنی تونہ کے دن کو مت ٹالیں۔“ ۸

اِس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ ہم کہاں ہیں اور ہم کہاں تھے، توبہ ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔ صدر نیلسن نے سِکھایا:

”انفرادی ترقّی کے لیے باقاعدگی سے روزانہ، تَوبہ پر دھیان لگانے سے زیادہ آزادانہ، بڑا یا اہم کام اور کوئی نہیں۔ …

”چاہے آپ عہد کے راستے پر بڑی جانفشانی سے گامزن ہیں، یا عہد کے راستے سے بھٹک گئے ہیں، یا جہاں اب آپ کھڑے ہیں اُس جگہ سے راستہ نہیں دیکھ پا رہے، تو مَیں آپ کی مِنّت کرتا ہوں کہ توبہ کریں۔ روزانہ تَوبہ کی تقویت بخش قُدرت کا تجربہ حاصل کریں—ہر روز تھوڑا بہتر کرنے اور تھوڑا بہتر بننے کے واسطے۔“۹

مسِیح کے پاس آنے کا مطلب اُس کی بابت سوچنے یا اُس کی بابت گفتگو کرنےیا یعنی اُس سے محبّت کرنے سے بھی کہیں زیادہ بڑھ کر ہے۔ اِس سے مُراد اُس کی پیروی کرنا ہے۔ اِس سے مُراد اُس کی تعلیم کے موافق زِندگی بسر کرناہے۔ اور ہم سب کے واسطے، اِس سے مُراد لیت و لعل کے بغیر توبہ کرنا ہے۔

میری بیٹیوں میں سے ایک مُبلغین کے تربیتی اِدارے میں کام کیا کرتی تھی۔ اُس نے مجھے کسی مُبلغ کے بارے میں بتایا جِس کو اُس نے تربیت فراہم کی تھی اُس نے میری بیٹی سے اعترافاً کہا کہ اُسے پُورا یقین نہ تھا کہ مورمن کی کتاب سّچی ہے۔ اُس نے رُوحانی گواہی پانے کی خاطر متواتر دُعائیں کیں، مگر کوئی جواب نہ پایا۔

میری بیٹی نے یہ جاننے کے واسطے دُعا کی کہ اُسے مُبلغ کی مدد کیسے کرنی چاہیے۔ جو تلقین اُس نے پائی وہ یہ تھی کہ صحائف صرف اِس لیے نہیں دیے گئے کہ ہم اُنھیں پڑھیں اور گواہی پا سکیں؛بلکہ وہ ہمیں خُدا کے حُکموں پر عمل کرنے کی تعلیم دینے کے لیے بھی عطا گئے تھے۔ میری بیٹی نے یہ بات اُس مُبلغ کو بتائی۔

تھوڑے عرصہ کے بعد، اُس مُبلغ سے اِس کی مُلاقات ہُوئی وہ پہلے سے بُہت زِیادہ خُوش دِکھائی دیا۔ اُس نے میری بیٹی کو بتایا کہ آخِرکار اُس نے یہ گواہی پا لی تھی کہ مورمن کی کِتاب سچّی ہے۔ وہ جان گیا تھا کہ یہ گواہی اِس لیے پائی ہے کہ وہ اِس پر عمل کرنے کی بہت کوشش کر رہا تھا جو کہ مورمن کی کِتاب سِکھاتی ہے۔

آیئے پطرس کی طرح ہم بھی اپنی مُشکل گھڑیوں میں نجات دہندہ کی جانب رجوُع کریں۔ اپنی حِکمت اور قوت پر بھروسا کرنے کی بجائے یِسُوع مسِیح کے نقشِ قدم پر چلیں۔ اِس بات سے فرق نہیں پڑتا کہ ہم اُس کے بغیر پانی پر چلنے کی کوشش کتنے عرصے سے کر رہے ہیں، اُس تک پُہنچنے میں کبھی دیر نہیں ہوتی۔ منصُوبہ کارگر ہے!

تِیسرا اُصُول جو مَیں نے پطرس اور اُس کے تجربے سے سِیکھا وہ یہ ہے:

خُداوند کے حضُور اپنے آپ کو فروتن بنائیں، اور وہ آپ بڑی بڑی برکتوں کے لیے فراز کرے گا۔

پطرس کو جب پانی کے پر چلنے اور نجات دہندہ تک پُہنچنے میں مدد کی ضرُورت تھی، تو اُس نے دونوں طرح سے اِیمان کا مظاہرہ کیا۔ اِس کے باوجُود، نجات دہندہ نے پطرس کی مخفی بےشُمار صلاحیتوں کو دیکھ لِیا تھا۔ ”اَے کم اِعتقاد،“ اُس نے کہا، ”تُو نے کیوں شک کِیا؟“۱۰

پطرس اِس ملامت سے خفا ہو سکتا تھا۔ مگر اُس نے فروتنی سے قبُول کی۔ وہ یِسُوع مسِیح پر اِیمان میں آگے بڑھتا گیا۔ اِیمان کو پُختہ کرنے والے مزید کئی تجربات کی بدولت—جن میں سے بعض اِنتہائی کٹھن— تھے پطرس آخِرکار اُس چٹان جَیسا راہ نما بن گیا جِس طرح خُدا چاہتا تھا کہ وہ بنے۔ اُس نے خُداوند کی خِدمت میں بڑے بڑے کارنامے انجام دیے۔

خُداوند کون سے بڑے بڑے کام چاہتا ہے کہ آپ انجام دیں؟ اُس کی کلِیسیا اور بادِشاہی میں، دُوسروں کی خِدمت کرنے اور خِدمت گُزاری کے بہت سے مواقع ہیں جِس طرح نجات دہندہ نے کی تھی۔ وہ چاہتا ہے کہ آپ اُس کے کارِ عظیم کا حِصّہ بنیں۔ جب آپ دُوسروں کی مدد کر رہے ہوتے ہیں تو خُوشی کا منصُوبہ آپ کے لیے اِس سے بڑھ کر زیادہ حقیقی نہ ہوگا۔

میرے ایمان کو مضبوط کرنے کے لیے ، ایلما کے یہ کلمات زِندگی بدل دینے والے تھے:”مُبارک ہیں وہ جو اپنے تئیں حلِیم ہیں ناکہ جبراً حلِیم بنائے گئے ہیں“۱۱ آئیے ہم حلِیمی کے ساتھ اپنے آپ کو اَیسے مقام پر لائیں جہاں سے یِسُوع مسِیح ہمیں اُٹھائے، ہماری راہ نمائی کر سکے اور ہماری صلاحیتوں کا زیادہ سے زیادہ اِستعمال کر سکے۔۱۲

مَیں گواہی دیتا ہُوں کہ خُوشی کا منصُوبہ فیض بخش ہے۔ یہ آپ کے آسمانی باپ نے بنایا تھا، جو آپ سے محبت کرتا ہے۔۔ یہ کام کرتا ہے کیونکہ یسوع مسیح نے اپنے کفارہ کے ذریعے گناہ اور موت پر قابو پالیا۔ اُس کے پاس آؤ، اُس کی تقلِید کرو، اور ”تو فی الفور تُمھارے واسطے مُخلصی کا افضل منصُوبہ فراہم کِیا جائے گا۔“۱۳ یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔