مجلسِ عامہ
بچّوں اور نوجوانوں کو خُود اِنحصاری سِکھانا
مجلسِ عامہ اپریل ۲۰۲۲


بچّوں اور نوجوانوں کو خُود اِنحصاری سِکھانا

آئیں ہم اپنی پوری زِندگی خود انحصار بن کر، اور اپنے بچّوں اور نوجوانوں کو یہ تعلیم دیتے ہوئے اپنے نجات دہندہ ،یِسُوع مسِیح ،اور اُس کی اِنجِیل کی پیروی کریں۔

میں خُود اِنحصاری کے بارے میں بات کروں گا اور یہ کہ بچّوں اور نوجوانوں کو اِس کے بارے میں کیسے سِکھایا جا سکتا ہے۔ خُود اِنحصاری کو فقط بالغوں کے لیے موزوں تصوّر کیا جاتا ہے۔ میں نے جانا ہے کہ بالغین بہترین طور پر خُود اِنحصاری کی راہ پر تب گامزن ہو سکتے ہیں جب اُنھیں بچپن میں اور نوجوانوں کی حیثیت سے ہی گھر میں یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کی تعلیم دی گئی ہو اور اِس کے عقیدے اور اُصُولوں پر عمل کروایا گیا ہو۔

اِس کا بہترین نمونہ حقیقی زِندگی کی ایک عظیم مثال ہے۔ ولفریڈ وانی، اُس کے سات بہن بھائی، اور اُس کی ماں نے ابدجان، آئیوری کوسٹ، میں کلِیسیا میں تب شمولیت اختیار کی، جب وہ چھ برس کا تھا۔ آٹھ سال کی عمر میں اُس کا بپتسمہ ہوا۔ اُس کا والد، جو کنبے کا سب سے اہم کمانے والا فرد تھا، اُس وقت انتقال فرما گیا جب ولفریڈ گیارہ سال کا تھا۔

اگرچہ وہ اپنی خاندانی صورتِ حال سے افسردہ تھا، ولفریڈ نے اپنی ماں کی حوصلہ افزائی اور کلِیسیائی معاونت کی بدولت سکول میں اپنی پڑھائی کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔ وہ سیکنڈری سکول سے فارغ التحصیل ہوا اور گھانا کیپ کوسٹ مشن میں کُل وقتی تبلیغی خدمت سرانجام دی، جہاں اُس نے انگریزی سیکھی۔ اپنے مشن کے بعد، وہ یونیورسٹی گیا اور اکاؤنٹنگ اور مالی امور میں ڈپلومہ حاصل کیا۔ چونکہ اِس شعبے میں ملازمت حاصل کرنا مشکل تھا، تاہم اُسے سیاحت اور مہمان نوازی کی صنعت میں کام مِلا۔

اُس نے ایک فائو سٹار ہوٹل میں ویٹر کے طور پر شروعات کی، لیکن بہتر بننے کے جذبے نے اُسے مزید سیکھنے کی تحریک بخشی یہاں تک کہ وہ وہاں روانی سے دو زبانیں بولنے کے ناطے مہمانوں کا اِستقبال کرنے پر مامور ہو گیا۔ جب ایک نیا ہوٹل کھولا، تو اُس نے نائٹ آڈیٹر کے طور پر ملازمت پائی۔ بعد میں ، اُس نے بی وائی یو–پاتھ وے ولڈوائڈ میں داخلہ لیا اور اِن دنوں ہوٹلوں اور سیاحت میں سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے کے لیے ایک کورس کی تعلیم حاصل کر رہا ہے۔ اُس کی خواہش ہے کہ وہ ایک دن کسی اعلیٰ درجے کے ہوٹل کا منیجر بن جائے۔ ولفریڈ اپنے ابدی ساتھی اور دو بچّوں کی کفالت، اِس کے ساتھ ساتھ اپنی ماں اور اپنے بہن بھائیوں کی مدد بھی کر سکتا ہے۔ فی الحال وہ میخ کی اعلیٰ مجلس کے رُکن کی حیثیت سے کلِیسیا میں خدمت سر انجام دے رہا ہے۔

خُود اِنحصاری کی تعریف ”اپنے لیے اور اپنے خاندان کے لیے رُوحانی اور جسمانی ضروریاتِ زِندگی کو پورا کرنے کی صلاحیت، عزم اور کوشش“۱ کے طور پر کی گئی ہے۔ خود انحصاری کی جدوجہد کرنا عہد کے راستے پر ہمارے کام کا حصہ ہے جو ہمیں آسمانی باپ اور اس کے بیٹے ، یسوع مسیح کی طرف لے جاتا ہے۔ یہ یسوع مسیح پر ہمارے ایمان کو مضبوط کرے گا اور خوشی سے ہمیں نجات اور سرفرازی کے عہود اور رسوم کے ذریعے اس سے باندھے گا۔ خُود اِنحصاری یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کا عقیدہ ہے نہ کہ کوئی پروگرام۔ یہ زِندگی بھر قائم و دائم رہنے والا ایک عمل ہے، نہ کہ یک وقتی واقعہ۔

ہم رُوحانی مضبوطی، جسمانی اور جذباتی صحت میں بڑھتے ہوئے، اپنی تعلیم اور روزگار کا تعاقب کرتے ہوئے، اور مادّی طور پر تیار رہنے کے باعث زِندگی بھر خُود اِنحصار بن جاتے ہیں۔۲ کیا ہماری زِندگی میں یہ کام کبھی ختم ہوگا؟ نہیں، یہ سیکھنے، ترقی پانے، اور کام کرنے کا ایک تا حیات عمل ہے۔ یہ کبھی ختم نہیں ہوتا؛ یہ ایک مسلسل، روزانہ کا عمل ہے۔

ہم اپنے بچّوں اور نوجوانوں کو خُود اِنحصاری کے عقیدے اور اُصُولوں کی تعلیم کیسے دے سکتے ہیں؟ ہمارے گھروں میں بچّوں اور نوجوانوں کے پروگرام کا روزانہ استعمال ایک اہم طریقہ ہے۔ والدین اور بچے یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل سیکھتے ہیں، خدمت اور سرگرمیوں میں حصّہ لیتے ہیں، اور ذاتی ترقی کے چار موضوعات پر باہم مِل کر کام کرتے ہیں جو ہر بچّے کے لیے منفرد ہوتے ہیں۔ اب یہ سب کے لیے یکساں تجویزکیا گیا پروگرام نہیں ہے۔

بچّوں کا ہدایت نامہ بیان کرتا ہے: ”جب یِسُوع آپ کی عمر کا تھا تو، اُس نے سیکھا اور ترقی حاصل کی۔ آپ بھی سیکھ رہے اور ترقی کر رہے ہیں۔ صحائف بتاتے ہیں: ’یِسُوع حِکمت اور قدوقامت میں، اور خُدا کی اور اِنسان کی مقبُولیّت میں ترقّی کرتا گیا۔“ یہ صحیفہ رُوحانی پہلو، خُدا کی مقبُولیّت؛ سماجی پہلو، انسان کی مقبُولیّت؛ جسمانی پہلو، قدوقامت؛ اور شعوری پہلو، حِکمت میں ترقی اور سیکھنے کا حوالہ دیتا ہے۔ چاہے ہماری عمر جو بھی ہو ترقی کے یہ موضوعات ہم سب پر لاگو ہوتے ہیں۔ ہم کب اُنھیں سِکھاتے ہیں؟ استثنا ۶:۶–۷ میں ہم پڑھتے ہیں:

”اور یہ باتیں جن کا حُکم آج میں تجھے دیتا ہوں تیرے دِل پر نقش رہیں۔

”اور تُو اِن کو اپنی اولاد کے ذہن نشین کرنا اور گھر بیٹھے اور راہ چلتے اور لیٹتے اور اُٹھتے وقت اِن کا ذکر کیا کرنا۔“

اپنی اچھی مثال سے، اُن کے ساتھ کام اور خدمت کرنے، صحائف کا مُطالعہ کرنے، اور جیسا کہ نبیوں نے سِکھایا ہے یِسُوع مسِیح کی تعلیمات پر عمل کرنے کے باعث ہم بچّوں کو یہ چیزیں سِکھاتے ہیں۔

میں نے ذکر کیا ہے کہ بچّوں اور نوجوانوں کے پروگرام میں، بچّے ترقی کے چار موضوعات میں سے ہر ایک کے لیے مختلف اہداف کا انتخاب کرتے ہیں۔ یہ نہایت ضروری ہے کہ وہ ہر موضوع پہ اپنے اہداف خُود تشکیل دیں۔ والدین اور رہنما تعلیم، مشورت اور مدد دے سکتے ہیں۔

مثال کے طور پر، ہماری نواسی مرینڈا روزانہ صبح سویرے سیمنری کی جماعتوں میں شرکت کرنے سے رُوحانی طور پر ترقی پانے کے لیے بہت متحرک ہے۔ اُس میں اپنے حلقے کے دیگر سیمنری طالب علموں کی مثبت آرا سُننے کے باعث دلچسپی پیدا ہوئی۔ اُس کی ماں کو اُسے کلاس کے لیے جگانے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ اپنے طور پر، وہ خُود صُبح ۲۰:۶ کے مقررہ وقت پر ویڈیو کانفرنس کے ذریعے کلاس میں شامل ہوتی ہے کیونکہ اُس نے اچھی عادات کو فروغ دیا ہے جو اُس کی ایسا کرنے میں مدد کرتی ہیں۔ میرے اپنے والدین نے حال ہی میں مجھے بتایا کہ جب وہ اُن سے ملنے آتی ہے تو مرینڈا اب زیادہ بات کرتی ہے، کیونکہ اُس میں خُود اعتمادی بڑھ گئی ہے۔ یہ نمایاں نتائج کے ساتھ زِندگی بھر اور بڑھوتی کے اسباق ہیں۔

والدین، دادا دادی/نانا نانی، رہنما اور دوست بچّوں کی نشوونما اور ترقی میں مدد کرتے ہیں۔ حلقے کے کہانتی اور تنظیمی راہ نماؤں کے ساتھ مِل کر مکمل طور پر مصروفِ عمل خدمت گزار بھائی اور بہنیں معاونت فراہم کرتے ہیں۔ ”خاندان: دُنیا کے لیے ایک اعلان“ کہتا ہے: ”الٰہی نمونے کے مطابق، والدوں کو اپنے خاندانوں کی صدارت مُحبّت اور راستبازی سے کرنی ہے اور وہ اپنے خاندانوں کی ضروریاتِ زندگی اور اُن کو تحفظ فراہم کرنے کے ذمہ دار ہوتے ہیں۔ مائیں بنیادی طور پر اپنے بچّوں کی پرورش کی ذمہ دار ہوتی ہیں۔ اِن مُقدّس ذمہ داریوں میں، والدوں اور ماؤں کو برابر کے شراکت دار کے طور پر ایک دُوسرے کی مدد کرنے کا پابند کیا جاتا ہے۔ … ضرورت پڑنے پر قریبی خونی رشتہ داروں کو مدد فراہم کرنی چاہیے۔“4 اُس آخِری فقرے میں دُوسروں کے علاوہ، دادا دادی/نانا نانی کا حوالہ دیا گیا ہے۔

مغربی افریقہ میں خدمت کرتے ہوئے، میری اہلیہ نوریا نے سمندر پار ہمارے خاندان اور پوتے پوتوں/نواسے نواسیوں کی خدمت گزاری اور اُن کے ساتھ منسلک رہنے کا قابلِ ذکر کام کیا ہے۔ وہ ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ایسا کرتی ہے۔ وہ چھوٹے نواسے نواسیوں کے لیے کتابیں پڑھتی ہے۔ وہ بڑے پوتے پوتوں/نواسے نواسیوں کو موضوعات کے ذریعے ہمارے خاندان کی کہانی، سائنس، پورٹو ریکو کی تاریخ، اِیمان کے اَرکان، اور یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کی تعلیم دیتی ہے۔ آج کل فاصلے ہمارے خاندانوں کی اُبھرتی ہوئی نسل سے جڑنے، وابستگی قائم کرنے، اور اُن کی خدمت گزاری کرنے، اور اُنھیں تعلیم دینے میں رکاوٹ نہیں بنتے ہیں۔ جب ممکن ہوتا ہے تو میں بھی اپنے انمول پوتے پوتیوں/نواسے نواسیوں کو سِکھانے، اُن سے پیار، اور لاڈ کرنے اور اُنھیں ہنسانے کے لیے نوریا کے ساتھ شامل ہوتا ہوں۔

آپ کو بچّوں اور نوجوانوں کے پروگرام اور خُود اِنحصاری کی تعمیر کے درمیان اِلہامی مماثلت پر غور کرنا چاہیے۔ ہر ایک میں ترقی کے چار موضوعات بہت ملتے جلتے ہیں۔ خُود اِنحصاری میں رُوحانی مضبوطی بچّوں اور نوجوانوں کے رُوحانی پہلو سے مطابقت رکھتی ہے۔ خُود اِنحصاری میں جسمانی اور جذباتی صحت بچّوں اور نوجوانوں کے جسمانی اور معاشرتی پہلوؤں سے ربط پیدا کرتی ہے۔ خُود اِنحصاری میں تعلیم، روزگار، اور مادّی تیاری بچّوں اور نوجوانوں کے پروگرام کے شعوری پہلو سے مماثلت رکھتی ہے۔

آخر میں، آئیں ہم اپنی پوری زِندگی خود انحصار بن کر، اور اپنے بچّوں اور نوجوانوں کو یہ تعلیم دیتے ہوئے اپنے نجات دہندہ یِسُوع مسِیح اور اُس کی اِنجِیل کی پیروی کریں۔ ہم بہترین طریقے سے ایسا کرسکتے ہیں، بذریعہ:

  1. دُوسروں کی خدمت کرنے کی اچھی مثالیں بننا۔

  2. خُود اِنحصاری کے عقیدے اور اُصُولوں پر عمل پیرا ہونا اور سِکھانا، اور

  3. یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کے حصّہ کے طور پر خُود اِنحصاری کی تعمیر کے حُکم کی فرماں برداری کرنا۔

عقائد و عہُود ۱۵:۱۰۴–۱۶ میں بیان کیا گیا ہے:

”یہ میرا اِرادہ ہے کہ اپنے مُقَدَّسین کے لیے مہیا کرُوں، کیوں کہ تمام چِیزیں میری ہیں۔

”بلکہ اِس کو میرے اپنے طریق کے مُطابق ہونا ضرور ہے، اور دیکھو یہی وہ طریقہ ہے جو مُجھ، خُداوند، نے اپنے مُقَدَّسین کے لیے مہیا کرنے کا اِعلان کِیا ہے، اور غریب سرفراز کیے جائیں گے، اِس میں امیر پست کیے جاتے ہیں۔“

یہ یِسُوع مسِیح کی کلِیسیا ہے۔ اُس کی اِنجِیل خاندانوں کو یہاں زمین پر اور کُل ابدیت تک برکت دیتی ہے۔ جب ہم ابدی خاندان بننے کی کوشش کرتے ہیں تو یہ ہماری زِندگیوں کو ہدایت بخشتی ہے۔ مَیں جانتا ہُوں کہ یہ سچّ ہے۔ یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔

حوالہ جات

  1. جنرل ہینڈ بُک: کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسینِ آخِری ایّام میں خدمت کرنا، ۲۲۔۰، ChurchofJesusChrist.org.

  2. دیکھیں جنرل ہینڈ بُک، .۱:۲۲۔

  3. ذاتی ترقی: بچوں کی راہ نما کتاب[ ۲۰۱۹ ] ،۴

  4. خاندان: دُنیا کے لیے ایک فرمان“ ChurchofJesusChrist.org۔