صحائف
مضایاہ ۵


باب ۵

مُقدّسِین اِیمان کے وسِیلے سے مسِیح کے بیٹے اور بیٹیاں بنتے ہیں—پھر وہ مسِیح کے نام سے کہلاتے ہیں—بِنیامِین بادِشاہ اُنھیں نیک کاموں میں ثابت قدم اور اَٹل رہنے کی نصیحت کرتا ہے۔ قریباً ۱۲۴ ق۔م۔

۱ اور اب اَیسا ہُوا کہ جب بِنیامِین بادِشاہ اپنے لوگوں سے یُوں کلام کر چُکا تو اُس نے اُن کے درمیان میں، اپنے لوگوں کی بابت یہ معلُوم کرنے کے اِرادہ سے خادِم بھیجے کہ آیا وہ اِس کلام کا یقِین کرتے ہیں جو اُس نے اُن سے کِیا ہے، اُن کے درمیان خادِموں کو بھیجا۔

۲ اور وہ سب یہ کہہ کر ایک آواز ہو کر چِلائے: ہاں، ہم اُن سب باتوں کا جو تُو نے ہم سے کہی ہیں یقِین کرتے ہیں؛ اور ہم اُن کی حقیقت اور صداقت بھی خُداوند قادِرِ مُطلق کے رُوح کے وسِیلے سے جانتے ہیں، جو ہم میں یا ہمارے دِلوں میں ایک بُہت بڑی تبدیلی کا سبب ہیں، کہ ہم میں بدی کرنے کا بالکُل کوئی رُجحان نہیں رہا بلکہ پیہم نیکی کرنا ہے۔

۳ اور ہم نے خُود بھی لامحدُود فضِیلتِ یزداں، اور اُس کے رُوح کے ظہُور کے وسِیلے سے اُن باتوں کا جو رُونُما ہونے والی ہیں بڑی معرفتیں پائی ہیں اور اگر یہ واجب ہوتا تو ہم سب باتوں کی بابت نبُوّت کر سکتے تھے۔

۴ اور یہ اُن باتوں پر اِیمان ہے جو ہمارے بادِشاہ نے ہمیں بتائی ہیں جو اِس عِلمِ جلِیل تک لایا ہے جِس کی وجہ سے ہم اَیسی نہایت عظیم خُوشی سے شادمان ہوتے ہیں۔

۵ اور ہم اپنے خُدا کے ساتھ اُس کی مرضی پُوری کرنے اور ہر اُس بات میں اُس کے حُکموں کے تابع ہونے اور عہد میں داخل ہونے کے لِیے راضی ہیں جِن کا وہ ہمارے باقی دِنوں میں ہمیں حُکم دے گا، تاکہ ہم خُود پر لامتناہی عذاب نہ لائیں جیسا کہ فرِشتے کے وسِیلے سے فرمایا گیا ہے کہ ہم خُدا کے غضب کے پیالہ میں سے نہ پِیئں۔

۶ اور اب یہی وہ باتیں ہیں جِن کا بِنیامِین بادِشاہ اُن سے آرزُو مند تھا؛ اور پَس اُس نے اُن سے کہا: تُم نے وہ باتیں کہی ہیں جِن کا مَیں آرزُو مند تھا اور وہ عہد جو تُم نے کِیا ہے راست عہد ہے۔

۷ اور اب اِس عہد کے سبب سے جو تُم نے باندھا ہے تُم مسِیح کے بچّے، اُس کے بیٹے اور اُس کی بیٹیاں کہلاؤ گے؛ پَس دیکھو، آج کے دِن تُم رُوحانی طور پر اُس سے پَیدا ہُوئے ہو چُوں کہ تُم کہتے ہو کہ اِس کے نام پر اِیمان کے سبب سے تُمھارے دِل تبدیل ہُوئے ہیں؛ پَس، تُم اُس سے پَیدا ہُوئے ہو اور اُس کے بیٹے اور اُس کی بیٹیاں بن گئے ہو۔

۸ اور اِسی نام کے وسِیلے سے تُم آزاد کِیے گئے ہو اور کوئی دُوسرا نام نہیں ہے جِس کے وسِیلے سے تُم آزاد کِیے جاسکتے۔ کوئی دُوسرا نام نہیں بخشا گیا جِس کے وسِیلے سے نجات آئے، پَس، مَیں چاہتا ہُوں کہ تُم سب اپنے تئیِں مسِیح کا نام اپنا لو، جو خُدا کے ساتھ عہد میں داخل ہُوئے ہو تُم اپنی زِندگیوں کے آخِر تک فرمان بردار رہو گے۔

۹ اور اَیسا ہو گا جو کوئی اَیسا کرے گا خُدا کی داہنی طرف پایا جائے گا، پَس وہ جانے گا کہ وہ کس نام سے پُکارا گیا ہے؛ کیوں کہ وہ مسِیح کے نام سے کہلائے گا۔

۱۰ اور اب ایسا ہو گا کہ جو کوئی بھی مسِیح کا نام اپنے تیِئں نہیں اپنائے گا یقِیناً کسی دُوسرے نام سے کہلائے گا؛ پَس وہ خُود کو خُدا کے بائیں ہاتھ پائے گا۔

۱۱ اور مَیں چاہتا ہُوں کہ تُم یہ بھی یاد رکھو کہ یہ وہی نام ہے جِس کا مَیں نے کہا تھا کہ تُمھیں دُوں گا کہ یہ کبھی نہ مٹے گا، سِوا خطا کے سبب سے، پَس مُحتاط رہو اور خطا نہ کرو تاکہ یہ نام تُمھارے دِلوں سے مِٹایا نہ جائے۔

۱۲ مَیں تُم سے کہتا ہُوں، مَیں چاہتا ہُوں کہ تُم اپنے دِلوں پر لِکھا یہ نام ہمیشہ کے لِیے قائم رکھنا یاد رکھو، تاکہ تُم خُدا کے بائیں ہاتھ نہ پائے جاؤ، بلکہ تُم اُس آواز کو سُنو اور پہچانو جو تُمھیں بُلائے گی اور اُس نام کو بھی جِس سے وہ تُمھیں پُکارے گا۔

۱۳ پَس اِنسان اُس مالِک کو کیسے جان سکتا ہے جِس کی اُس نے خِدمت نہ کی ہو، اور جو اُس کے واسطے اجنبی ہو، اور اُس کے دِل کے خیالوں اور اِرادوں سے دُور ہو؟

۱۴ اور پھر، کیا کوئی اِنسان اپنے پڑوسی کے گدھے کو لیتا، اور اُس کو پالتا ہے؟ مَیں تُم سے کہتا ہُوں نہیں؛ وہ اُس کو اپنے گلّے میں چرنے بھی نہیں دے گا، بلکہ اُسے دُور ہانک دے گا، اور اُسے باہر نِکال دے گا۔ مَیں تُم سے کہتا ہُوں، کہ اِسی طرح تُمھارے درمیان میں ہو گا اگر تُم اُس نام سے واقف نہیں جِس سے تُم پُکارے جاتے ہو۔

۱۵ پَس مَیں چاہتا ہُوں کہ تُم ہمیشہ نیک کام کرنے میں ثابت قدم اور اَٹل رہو تاکہ مسِیح، خُداوند خُدا قادرِ مُطلق، ہمیشہ کے لِیے تُمھیں اپنی ملکیت بنائے، تاکہ تُم آسمان پر لائے جاؤ تاکہ تُم اُس کی حِکمت اور قُدرت اور اِنصاف اور رحم کے وسِیلے سے ہمیشہ کی نجات اور اَبَدی زِندگی پاؤ جِس نے آسمان اور زمِین کی سب چیزیں خلق کیں، جو سب سے بالاتر خُدا ہے۔ آمین۔