صحائف
مورمن ۷


باب ۷

مورمن آخِری ایّام کے لامنوں کو مسِیح پر اِیمان لانے، اُس کی اِنجِیل کو قبُول کرنے، اور نجات پانے کی دعوت دیتا ہے—وہ سب جِن کا بائِبل پر اِیمان ہے، مورمن کی کِتاب پر بھی اِیمان لے آئیں گے۔ قریباً ۳۸۵ سالِ خُداوند۔

۱ اور اب دیکھو، مَیں اِس اُمّت کے بقیہ سے جِس کو بچا لِیا گیا ہے، چند باتیں کرُوں گا، اگر اَیسا ہو کہ خُدا اُن کو میرا کلام عطا کرے، تاکہ اُنھیں اپنے باپ دادا کی باتوں کا عِلم ہو ہاں، اے اِسرائیل کے گھرانے کے بقیہ مَیں تُجھ سے کہتا ہُوں، اور یہ وہ باتیں ہیں جو مَیں کہتا ہُوں:

۲ تُو یہ جان لے کہ تُو اِسرائیل کے گھرانے سے ہے۔

۳ تُو یہ جان لے کہ تُجھے لازِم تَوبہ کی طرف آنا ہے، ورنہ تُو نجات نہ پا سکے گا۔

۴ تُو یہ جان لے کہ تُجھے اپنے جنگ کے ہتھیاروں سے دست بردار ہونا لازِم ہے، اور مزید کشت و خُون میں مست نہ ہونا، اور اُنھیں دوبارہ مت اُٹھانا جب تک کہ خُدا اَیسا کرنے کا حُکم نہ دے گا۔

۵ تُو یہ جان لے کہ تُجھے اپنے اباواَجداد کے عِلم و فضل سے آگہی پانا لازِم ہے، اور اپنے سارے گُناہوں اور خطاؤں سے تائب ہونا ہے، اور یِسُوع مسِیح پر اِیمان لانا ہے کہ وہ خُدا کا بیٹا ہے، اور کہ یہُودیوں نے اُس کو قتل کِیا تھا، اور خُدا کی قُدرت سے وہ پِھر جی اُٹھا ہے، اِسی سے اُس نے قبر پر فتح پائی ہے؛ اور اُسی کے وسِیلہ سے موت کا ڈنک بھی زائل ہُوا ہے۔

۶ اور مُردوں کی قیامت اُسی کے وسِیلہ سے آتی ہے، اِسی سے اِنسان اُس کی بارگاہ میں پیش ہونے کے لیے زِندہ کِیے جائیں گے۔

۷ اور جہان کی مُخلصی اُسی کے وسِیلہ سے آئی ہے، اِسی کی بدولت جو عدالت کے روز اُس کے حُضُور بے عیب پایا گیا، اُس کو یہ عطا کِیا گیا ہے کہ خُدا کے حُضُور اُس کی بادِشاہی میں سکونت کرے، تاکہ عالمِ بالا پر ہمیشہ تک لشکروں کے ساتھ، باپ، اور بیٹے، اور رُوحُ القُدس کی، جو خُدایِ واحد ہے، اَبَدی خُوشی کی حالت میں جِس کا کوئی آخِر نہیں، حمدوثنا کرے۔

۸ پَس تَوبہ کرو، اور یِسُوع کے نام کا بپتِسما لو، اور مسِیح کی اِنجِیل کو تھام لو، جو تُمھیں عطا کی جائے گی، وہ نہ صِرف اِس کلام میں بلکہ اُس کلام میں بھی مِلے گی جو یہُودیوں سے غیر قَوموں تک پُہنچے گا، اور وہ ہی کلام غیر قَوموں سے تُم تک پُہنچے گا۔

۹ پَس دیکھو، یہ اِس اِرادے سے لِکھا گیا ہے کہ تُم اُس پر بھی اِیمان لاؤ؛ اور اگر تُم اُس پر اِیمان لاتے ہو تو تُم اِس پر بھی اِیمان لاؤ گے؛ اور اگر تُم اِس پر اِیمان لاؤ گے تو تُم اپنے اباواَجداد کی بابت جان پاؤ گے، اور اُن اعلیٰ و ارفع کاموں کی بابت بھی جو اُن کے ہاں خُدا کی قُدرت کے وسِیلہ سے رُونُما ہُوئے تھے۔

۱۰ اور تُم یہ بھی جان لو گے کہ تُم یعقُوب کی نسل کے بقیہ ہو؛ پَس تُم عہدِ اَوّل کی اُمّت میں شُمار کیے گئے ہو؛ اور اگر اَیسا ہو کہ تُم مسِیح پر اِیمان لاؤ، اور بپتِسما پاؤ، پہلے پانی کے ساتھ، اور پِھر آگ اور رُوحُ القُدس کے ساتھ، اپنے نجات دہندہ کے نمُونہ کی تقلِید کر کے، اُس کے مُطابق جِس کا اُس نے ہمیں حُکم دیا ہے، تو روزِ عدالت یہ تُمھارے لیے بہتر ہو گا۔ آمین۔