باب ۳
مورمن، بنی نِیفی کو تَوبہ کے لیے پُکارتا ہے—وہ بڑی فتح پاتے ہیں اور اپنی قُوّت پر فخر کرتے ہیں—مورمن اُن کی قیادت کرنے سے اِنکار کر دیتا ہے، اور اُن کے لیے اُس کی دُعائیں اِیمان سے خالی ہیں—مورمن کی کِتاب اِسرائیل کے بارہ قبِیلوں کو اِنجِیل پر اِیمان لانے کی دعوت دیتی ہے۔ قریباً ۳۶۰–۶۲ سالِ خُداوند۔
۱ اور اَیسا ہُوا کہ بنی لامن مزید دس برس بِیت جانے تک دوبارہ جنگ کے لیے نہ آئے۔ اور دیکھو، مَیں نے اپنی اُمّت، بنی نِیفی، کو اُن کے عِلاقوں اور ہتھیاروں کو لڑائی کے دَور کی تیاری کے واسطے کام پر لگا دِیا تھا۔
۲ اور اَیسا ہُوا کہ خُداوند نے مُجھ سے فرمایا: اِن لوگوں کو چِلا چِلا کر کہہ—تُم تَوبہ کرو، اور میری طرف رُجُوع لاؤ، اور تُم بپتِسما پاؤ، اور میری کلِیسیا دوبارہ تعمیر کرو، اور تُم بچائے جاؤ گے۔
۳ اور مَیں نے اِس اُمّت کو چِلا چِلا کر کہا، لیکن یہ بے سُود رہا؛ اور اُنھیں اِس بات کا احساس نہ ہُوا کہ یہ خُداوند ہی تھا، جِس نے اُنھیں بچائے رکھا تھا، اور اُنھیں تَوبہ کا موقع بخشا تھا۔ اور دیکھو اُنھوں نے خُداوند اپنے خُدا کے خِلاف اپنے دِل سخت کر لِیے تھے۔
۴ اور اَیسا ہُوا کہ اِس دسوَیں سال کے بعد، کُل مِلا کر، مسِیح کی آمد سے لے کر تِین سَو ساٹھ برس بِیت چُکے تھے، بنی لامن کے بادِشاہ نے مُجھے خط بھیجا، جِس سے مُجھے اِطلاع مِلی کہ وہ دوبارہ ہمارے خِلاف لڑائی کرنے کی تیاری کر رہے تھے۔
۵ اور اَیسا ہُوا کہ مَیں نے اپنی اُمّت کو حُکم دیا کہ وہ ویرانی کے مُلک کے اُس شہر میں اِکٹھے ہوں، جو سرحدوں کے قریب اُس تنگ راستے کے پاس تھا جو جنُوبی عِلاقہ کی طرف جاتا تھا۔
۶ اور وہاں ہم نے اپنی فَوجوں کو تعُینات کِیا، تاکہ ہم بنی لامن کی فَوجوں کو روک دیں، تاکہ وہ ہمارے کسی بھی عِلاقہ پر قبضہ نہ کر لیں، پَس ہم نے اپنی ساری قُوّت کے ساتھ اُن کے خِلاف قلعہ بندی کی تھی۔
۷ اور اَیسا ہُوا کہ تین سَو اِکسٹھویں سال میں بنی لامن، ویرانی کے شہر میں ہمارے خِلاف لڑائی کرنے آئے؛ اور اَیسا ہُوا کہ اُس سال ہم نے اُنھیں اِس قدر مارا کہ وہ دوبارہ اپنے عِلاقوں میں لوٹ گئے۔
۸ اور اَیسا ہُوا کہ تین سَو باسٹھویں برس میں وہ دوبارہ لڑائی کرنے آئے۔ اور ہم نے اُنھیں پِھر شکست دی، اور اُن کی بُہت بڑی تعداد کو ہلاک کِیا اور اُن کی لاشیں سَمُندر میں پھینک دی گئیں۔
۹ اور اب اِس بہت بڑے کارنامہ کے سبب، جو میری اُمّت، بنی نِیفی نے انجام دِیا تھا، وہ اپنی طاقت پر گُھمنڈ کرنے لگے، اور افلاک کے سامنے قَسم کھا کر کہنے لگے کہ وہ اپنے بھائیوں کے خُون کا اِنتقام لیں گے جِنھیں اُن کے دُشمنوں نے ہلاک کر دِیا ہے۔
۱۰ اور اُنھوں نے اَفلاک اور خُدا کے تخت کی قَسم بھی کھائی کہ وہ اپنے دُشمنوں کے ساتھ لڑائی کے لیے جائیں گے، اور اُنھیں رُویِ زمِین پر سے کاٹ ڈالیں گے۔
۱۱ اور اَیسا ہُوا کہ مُجھ، مورمن، نے اُن کی بدکاری اور مکروہات کے باعث اِس وقت سے اِس اُمّت کا سِپہ سالار اور حُکم ران ہونے سے حتمی طور پر اِنکار کر دیا۔
۱۲ دیکھو، مَیں اُن کی ہدایت و راہ نُمائی کرتا رہا تھا، اُن کی بدکاری کے باوجُود مَیں نے کئی مرتبہ لڑائی میں اُن کی قیادت کی تھی، اور خُدا کی اُس محبّت کے سبب سے جو مُجھ میں تھی، اپنے پُورے دِل کے ساتھ مَیں نے اُن سے محبّت کی تھی، اور سارا سارا دِن اپنے خُدا سے اُن کے لیے دُعا میں اپنی جان اُنڈیلتا رہتا تھا؛ باوجُود اِس کے، یہ اِیمان سے خالی ہوتی تھی، اِس کا سبب اُن کے دِلوں کی سختی تھی۔
۱۳ اور مَیں نے تِین مرتبہ اُنھیں اُن کے دُشمنوں کے ہاتھوں سے بچایا تھا، اور اُنھوں نے اپنے گُناہوں سے تَوبہ نہ کی۔
۱۴ اور جب وہ اُن سب باتوں کی قَسمیں کھا چُکے جو ہمارے خُداوند اور نجات دہندہ یِسُوع مسِیح نے منع کی تھیں، کہ وہ اپنے دُشمنوں سے لڑائی کرنے جائیں اور اپنے بھائیوں کے خُون کا بدلہ لیں، تو دیکھو، نوائے خُداوندی مُجھے یہ کہتی ہُوئی سُنائی دی:
۱۵ اِنتِقام لینا میرا کام ہے، بدلہ مَیں ہی دُوں گا؛ اور میرے اُن کو چھڑانے کے بعد بھی اِس اُمّت نے تَوبہ نہ کی تھی، دیکھو، مَیں اُن کو رُویِ زمِین سے کاٹ ڈالُوں گا۔
۱۶ اور اَیسا ہُوا کہ مَیں نے اپنے دُشمنوں پر چڑھائی کرنے سے بالکُل اِنکار کر دِیا؛ اور مَیں نے وَیسا ہی کیا جَیسا خُداوند نے مُجھے حُکم دِیا تھا؛ اور مَیں بے فائدہ گواہ کی طرح کھڑا رہا تاکہ دُنیا پر اُن باتوں کو ظاہر کرُوں جو مَیں نے دیکھی اور سُنی تھیں، رُوح کے ظہُور کے مُطابق، جِس نے ہونے والی باتوں کی گواہی دی تھی۔
۱۷ پَس غیر قَومو، مَیں تُمھیں لِکھتا ہُوں، اور تُمھیں بھی، اِسرائیل کے گھرانے، جب کارِ اِلہٰی کا آغاز ہوگا، تو تُم اپنی وراثت کے مُلک میں واپس جانے کی تیاری کرو گے۔
۱۸ ہاں، دیکھو، مَیں دُنیا کی تمام اِنتہاؤں کو لِکھتا ہُوں؛ ہاں، تُمھیں، اِسرائیل کے بارہ قبیلو، جِن کی عدالت تُمھارے کاموں کے مُطابق وہ بارہ کریں گے، جِنھیں یِسُوع نے یروشلِیم کی سرزمِین میں اپنے شاگِرد بننے کے لیے چُنا تھا۔
۱۹ اور مَیں اِس اُمّت کے بقیہ کو بھی لِکھتا ہُوں، جِن کی عدالت وہ بارہ کریں گے، جِنھیں یِسُوع نے اِس سرزمین میں اپنے شاگِرد بننے کے لیے چُنا تھا؛ اور اُن کی عدالت دُوسرے بارہ کریں گے، جِن کو یِسُوع نے یروشلِیم کی سرزمین میں چُنا۔
۲۰ اور یہ باتیں رُوح مُجھ پر ظاہر کرتا ہے؛ پَس مَیں تُم سب کو لِکھتا ہُوں۔ اور یہ اِس سبب سے تُمھیں لِکھتا ہُوں تاکہ تُم جان لو کہ تم سب کو یقِیناً مسِیح کی بارگاہ میں کھڑے ہونا ہے، ہاں، ہر وہ جان جو آدم کے پُورے اِنسانی خاندان سے تعلُق رکھتی ہے؛ اور تُجھے تیرے اَعمال کی عدالت کے لِیے پیش ہونا لازِم ہے، خواہ وہ نیک ہوتے ہیں یا بُرے؛
۲۱ اور یہ بھی کہ تُم یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل پر اِیمان لاؤ جو تُمھارے درمیان میں ہوگی؛ اور یہ بھی کہ یہُودی، خُداوند کے موعودہ لوگ، اِس کے عِلاوہ مزید گواہ پائیں گے، جِس کو اُنھوں نے دیکھا اور سُنا، وہ یِسُوع جو سچّا مسِیح اور برحق خُدا تھا، جِس کو اُنھوں نے قتل کِیا۔
۲۲ اور میری حسرت ہے کہ مَیں دُنیا کی تمام اِنتہاؤں کو تَوبہ کی طرف راغب کرُوں اور مسِیح کی بارگاہ میں پیش کرنے کے واسطے تیار کرُوں۔