۲۰۱۰–۲۰۱۹
بزرگوں کی جماعت
اپریل ٢٠١٨


بزرگوں کی جماعت

کسی حلقے میں ملک صدق کہانت کی واحد جماعت ہونے کے سبب سے کہانتی حاملین نجات کے کام کے تمام پہلوؤں کو پورا کرنے کے لئے متحد ہوں گے۔

اس آخری زمانے میں کلیسیا کو منظم ہوئے زیادہ عرصہ نہیں گزرا تھا، خُداوند نے مُکاشفہ میں فرمایا کہ ”اور اپنے اِیمان کی دُعا کے وسیلے سے تم میری شریعت پاؤ گے، تاکہ تم جان سکو کہ کیسے میری کلیسیا کی نگہبانی کرنا ہے اور میرے حضور کس طرح ساری چیزوں کو راست رکھنا ہے۔“١ اس اصول کی کلیسیا میں تقلید کی گئی ہے—اور تب سے ہی—خُدا نے اپنے وعدے کا پاس رکھا ہے۔ کہانتی تنظیم اور خدمت کے طریقہ کار وقتا فوقتا، جوزف سمتھ سے شروع کر کے ظاہر کیے جاتے رہے ہیں جب کہانتی عہدوں اور جماعتوں کو ہمارے زمانے میں پہلی بار منظم کیا گیا۔ صدر برگہم ینگ، جان ٹیلر، سپینسر ڈبلیو کمبل اور عزرا ٹافٹ بینسن کے دور میں بارہ،ستر،اعلیٰ کاہنوں کی جماعتوں اور دیگر عہدوں اور ہارونی اور ملک صدق کہانت کی جماعتوں میں اہم تبدیلیوں کا ظہور ہُوا اور اُن کا اطلاق کیا گیا۔٢ ابھی ابھی چند لمحات پہلے اپنے تاریخی بیان میں،صدر رسل ایم نیلسن نے مزید اہم تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے۔

میں اُن کی چند باتوں کو دہرانا چاہوں گا۔ ”کارِ خُداوند کو مزید موثر طریقے سے سرانجام دینے کے لیے آج، ہم اپنی ملک صدق کہانت کی جماعتوں کی اہم تشکیلِ نو کا اعلان کرتے ہیں۔ ہر حلقے میں اعلیٰ کاہنوں اور بُزرگوں کے اِشتراک سے واحد بُزرگوں کی جماعت ہوں گے…[ اور میخ کے اعلیٰ کاہنوں] کی جماعت کی تشکیل کہانتی بلاہٹوں کی بنیاد پر ہوگی۔“

صدر نیلسن نے مزید فرمایا:

” یہ تبدیلیاں کئی ماہ سے زیرِ مطالعہ و مشاہدہ رہی ہیں۔ ہم نے بڑی شدت سے اِس ضرورت کو محسوس کیا ہے کہ اپنے لوگوں کی مؤثر نگہبانی کے لے ہم طریقہ کار کو بہتر بنائیں۔ … اَس کو بہتر طریقے سے کرنے کے لیے، ہمیں اپنی کہانتی جماعتوں کو مُستحکم کرنے اور شفقت سے خدمت گزاری کرنے کے لیےزیادہ مؤثر راہ نمائی فراہم کرنے کی ضرورت ہے اور اِس اَمر کو پُورا کرنے کی ضرورت ہے جو خُداوند اپنے مقدسین کے لیے چاہتا ہے۔

”ترامیم خُداوند کی ہدایت سے کی گئی ہیں۔ جب ہم ان کا اطلاق کریں گے، ہم پہلے سے زیادہ موثر ثابت ہوں گے۔“٣

صدارتِ اَوّل کی ہدایت پر بُزرگ رونالڈ اے ریسبینڈ اور میں بعض وضاحتوں کو شامل کریں گے جو ہمیں یقین ہے کہ آپ کے سوالوں کا جواب ہوں گی۔

بُزرگوں اور اَعلیٰ کاہنوں کی جماعتیں

پہلے میں دہرانا چاہتا ہوں، حلقے کے اعلیٰ کاہنوں کے گروہوں اور بُزرگوں کی جماعتوں کے لیے کون کون سی تبدیلیاں ہیں؟ حلقوں میں، بُزرگوں کی جماعت اور اعلیٰ کاہنوں کے گروہوں کے اَرکان اب ایک صدارت کے تحت واحد جماعت میں ضم ہوں گے۔ یہ جماعت تعداد اور اِتحاد سے بھر پور ”بزرگوں کی جماعت“کہلائے گی۔ حلقے کے اعلیٰ کاہنوں کا گروہ ختم کر دیا گیا بُزرگوں کی جماعت میں حلقے کے تمام بُزرگ اور مُستقبل میں مقرر ہونے والے بُزرگ اور اعلیٰ کاہن شامل ہیں جو فی الوقت اُسقفی صدارت میں میخ کی صدارت میں، اعلیٰ مجلس میں، یا بحیثیت فعال بطریق کے خدمت سرانجام نہیں دے رہے ہیں۔ میخ کی سطح پر اعلیٰ کاہنوں کی جماعت اُن اعلیٰ کاہنوں پر مُشتمل ہوگی جو میخ کی صدارت میں، اُسقف صاحبان کی صدارت میں، مجلسِ اعلیٰ میں، اور فعال بطریق کی حیثیت سے خدمت سراَنجام دے رہے ہیں۔

بُزرگوں کی جماعت کی صدارت

بُزرگوں کی جماعت کی صدارت کس طرح منظم ہو گی؟ میخ کی صدارت موجودہ اعلیٰ کاہنوں کے گروہ کی قیادتوں اور بُزرگوں کی جماعت کی صدارتوں کو اُن کی خدمات سے سُبک دوش کرے گی اور ہر حلقے میں بُزرگوں کی جماعت کے نئے صدر اور مُشیروں کو بُلاہٹ عطا کرے گی۔ نئی بزرگوں کی جماعت کی صدارت مختلف عمروں اور تجربوں کے حامل بزرگوں اور اعلیٰ کاہنوں کو مل کر خدمت کرنے کے لیے جماعت کی صدارت میں شامل کر سکتی ہے۔ کوئی بھی بزرگ یا کوئی بھی اعلیٰ کاہن جماعت کے صدر یا مشیر کی حیثیت سے خدمت کر سکتا ہے۔ یہ کوئی بُزرگوں کی جماعت پر اعلیٰ کاہنوں کا قبضہ نہیں ہے۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ بُزرگ اور اعلیٰ کاہن مِل جُل کر جماعت کی صدارت میں اور جماعت میں خدمت کریں گے۔ جتنا جلد ممکن ہو جماعت کی اِن تبدیلیوں کو فوری طور پر نافذ کیا جانا چاہیے۔

بُزرگوں کی جماعت میں کہانتی عہدے۔

کیا جماعت کے ڈھانچے میں یہ تبدیلی جماعت کے اَرکان کے کہانتی عہدوں پر اَثر انداز ہوگی ؟ نہیں، یہ عمل ماضی کے کہانتی عہدوں کی تنسیخ نہیں کرتا جن پر جماعت کے اَرکان کا تقرر ہُوا تھا۔ جیسا کہ آپ جانتے ہیں کی کسی شخص کو اُس کی زندگی میں کئی کہانتی عہدوں پر مقرر کیا جا سکتا ہے لیکن اُس کے گُزشتہ تقرر کو ختم یا ضبط نہیں کیا جاتا،جب اُسے نیا عطا کیا جاتا ہے۔ حالانکہ بعض صورتوں میں کوئی کہانت بردار بہ یک وقت ایک سے زیادہ عہدوں پر خدمت کر سکتا ہے، جس طرح کہ کوئی اعلی کاہن، بطریق کی حیثیت سے یا اُسقف کی حیثیت سے خدمت کر سکتا ہے۔ مثال کے طور پر اُسقف صاحبان اور ستر کے اَفسران جب برطرف یا سبکدوش کیے جاتے ہیں تو وہ اپنے عہدوں پر بر سرکار نہیں ہوتے۔ اگر کسی کے پاس کوئی دوسرا کہانتی عہدہ یا عہدے ہوتے ہیں، لیکن جب وہ بُزرگوں کی جماعت کارکن ہوتا ہے، وہ بُزرگ کے طور پر خدمت کرتا ہے۔

کئی سال پہلے صدر بوئیڈ کے۔ پیکر نے فرمایا کہ”کہانت اپنے کسی بھی عہدے سے بڑی ہے۔ … کہانت قابل تقسیم نہیں۔ کسی بُزرگ کے پاس اُتنی ہی کہانت ہوتی ہے جتنی کسی رسول کے پاس۔ (دیکھیں عقائد و عہود ٢٠: ٣٨)۔ جب کسی آدمی [کو کہانت عطا کی جاتی ہے]، تو وہ پوری کہانت پاتا ہے۔ تاہم، کہانت کے اندر عہدے ہیں—اِختیار اور ذمہ داری کی تقسیم۔ … بعض اوقات ایک عہدے کو ’بلند تر‘ یا ’ کم تر‘ پکارا جاتا ہے۔ ملک صدق کہانت کے عہدے ’بلند ‘ یا’ کم تر ‘ ہونے کی بجائے مختلف طرح کی خدمات کی نمایندگی کرتے ہیں۔٤ میں خلوص دل سے اُمید کرتا ہوں کہ ہم آیندہ سے ملکِ صدق کے کسی دوسرے عہدے پر تقرر پانے کو ـ”ترقی“ تصور نہیں کریں گے۔

بُزرگوں کا اعلی کاہن کی حیثیت سے تقرر پانا جاری و ساری رہے گا جب اُنھیں میخ کی صدارت،اعلیٰ مجلس، یا اُسقفی صدارت میں بُلاہٹ دی جائے گی—یا پھر دوسری صورت میں جب میخ کے صدر سنجیدگی سے غوروخوض اور اِلہام کے وسیلے سے مُصمم فیصلہ کرتے ہیں۔ جب میخ کی صدارت، مجلسِ اعلیٰ، یا اُسقفی صدارت میں اُن کی خدمت کی معیاد ختم ہو جاتی ہے تو اعلیٰ کاہن اپنے اپنے حلقے کی بُزرگوں کی جماعت میں پھر سے شامل ہو جائیں گے۔

بُزرگوں کی جماعت کے صدر کے لیے ہدایت۔

بُزرگوں کی جماعت کے صدر کے فرائض میں راہ نمائی کون کرتا ہے؟ میخ کا صدر اپنی میخ میں ملکِ صدق کہانت کی صدارت کرتا ہے۔ اِس لیے بُزرگوں کی جماعت کا صدر براہ راست میخ کے صدر کو جواب دہ ہے، جو میخ کی صدارت اور اعلیٰ مجلس کے ذریعے تربیت اور راہ نمائی فراہم کرتا ہے۔ اُسقف، جو حلقے میں صدارتی اعلیٰ کاہن ہوتا ہے، بُزرگوں کی جماعت کے صدر سے باقاعدگی کے ساتھ مُلاقات کرتا ہے۔ حلقے کے اَرکان کی مؤثر خدمت کرنے اور اُنھیں زیادہ سے زیادہ فیض پہچانے کی خاطر اُسقف اُس کے ساتھ مشورت کرتا ہے اور واجب راہ نمائی فراہم کرتا ہے کہ حلقے کی ساری تنظیموں کے ساتھ مِل جُل کر خدمت سرانجام دی جائے۔٥

ان تبدیلیوں کا مقصد۔

ملک صدق کہانت کی جماعتوں میں تبدیلیوں کے کون کون سے مقاصد ہیں؟ کسی حلقے میں ملک صدق کہانت کی واحد جماعت ہونے کے سبب سے کہانتی حاملین نجات کے کام کے تمام پہلوؤں کو پورا کرنے کے لئے متحد ہوں گے، بشمول ہیکل کی رسوم اور خاندان کی تاریخ کے اَمور جنھیں پہلے اعلیٰ کاہنوں کے گروہ کے راہ نما کی طرف سے منظم کیا جاتا تھا۔ یہ ہر عمر اور کثیر اُلجہت پس منظر رکھنے والے جماعت کے اَرکان کو موقع فراہم کرتا ہے کہ ایک دوسرے کے تجربے اور نقطہ نظر سے مُستفید ہوں اور اُن سے بھی جو زندگی کے مختلف اَدوار میں ہیں یہ تجربہ کار کہانتی حاملین کے لئے دوسروں کو تعلیم و تربیت دینے کے مزید مواقع فراہم کرتا ہے، جن میں مُتحمل بزرگ، نئے اَرکان، نوجوان، اور کلیسیائی سرگرمی کی طرف رُجوع لانے والے شامل ہیں۔ مستقبل میں بُزرگوں کی جماعتوں کے بڑھتے ہُوئے اہم کردار کے بارے میں سوچتا ہوں تو فرحتِ جذبات سے واضح طور پر بیان نہیں کر پاتا۔ حکمت،تجربہ، صلاحیت اور استحکام جو ان جماعتوں میں موجود ہو گا ایک نئے دور اور ساری کلیسا میں کہانتی خدمت کے نئے معیار کا شگون ہوگا۔

بیس برس قبل میں نے یہ کہانی بیان کی تھی جو پہلے ستر کی جماعت کے بزرگ وان جے۔ فیدرسٹون نے سُنائی تھی جسے میں دہرانے کے لائق سمجھتا ہوں۔

۱۹۱۸ میں بھائی جارج گوٹیز کسان جو لیحی، یوٹاہ میں چقندریں کاشت کیا کرتا تھا۔ اُس برس سردی ذرا جلد آگئی اور اس کی چقندروں کی زیادہ تر فصل زمین میں ہی منجمد ہو گئی۔ جارج اور اُس کے جوان بیٹے فرانسس کے لیے کاشت کاری مشکل اور سست رو تھی۔ اسی اثنا میں ایک وبائی مرض تیزی سے پھیل رہا تھا۔ اِس خطر ناک مرض نے جارج کے بیٹے چارلس اور چارلس کے تین چھوٹے بچوں—دو لڑکیوں اور ایک لڑکے، کی جان لے لی۔ صرف چھے دنوں کے عرصے میں، غم زدہ جارج گوٹیز نے آگڈن ، یوٹاہ کا تین بارسفر کیا تاکہ لاشوں کو تدفین کے لیے گھر لائے۔ اس ہول ناکالمیےسے گزرنے کے بعد جارج اور فرانسس نے اپنے چھکڑوں کو جوتا اور چقندر کے کھیت کی طرف روانہ ہوئے۔

”[راستے میں] میں وہ کئی چھکڑوں کے پاس سے گزرے جن پر چقندریں لدی ہوئی تھیں اور اُنھیں پڑوسی کسان فیکٹری لے جارہے تھے۔ جب پاس سے گزرے تو ہر گاڑی بان نے خیر سگالی کا اظہار کیا : ہائے انکل جارج، “سچ میں افسوس ہوا ہے”، انکل جارج ”بہت بُرا“ ہوا ہے، ”آپ کےبہت سے دوست ہیں، جارج۔“

”آخری چھکڑے پر چھائیوں سے بھرے چہرے والا جیسپر رولف تھا۔ اس نے خوشی سے تسلیمات ادا کیں اور کہا، ’انکل جارج، بس اتنی ہی تھیں۔‘

”[برادر گوٹیز] فرانسیس کی طرف پلٹے اور کہا: ’کاش یہ ساری ہماری ہوتیں۔‘

” جب وہ فارم کے گیٹ پر پہنچے، فرانسس نے سُرخ چقندروں والے بڑے چھکڑے سے نیچے چھلانگ لگائی اور گیٹ کھولا جبکہ [ اس کا باپ] چھکڑا چلاتا ہوا کھیت میں داخل ہوا، [ جارج] نے گھوڑوں کی لگامیں کھینچیں، جوڑی کو روکا، … اور کھیت پر نظر ڈالی۔ … پورے کھیت میں ایک بھی چقندر نہیں تھی۔ تب اسے احساس ہوا کہ کہ جیسپر رولف کا کیا مطلب تھا جب اس نے کہا تھا: ’انکل جارج، بس اتنی ہی تھیں!‘

”[جارج] چھکڑے سے نیچے اُترا، مٹھی بھر زرخیز مٹی اُٹھائی جسے وہ بہت پیار کرتا تھا، اور پھر، … ایک چقندر کا بالائی ٹکڑا،اپنی محنت کی ان علامات کو کچھ دیر کے لیے اس نے دیکھا، جیسے کہ اسے اپنے آنکھوں پہ یقین نہیں آ رہا تھا۔

”پھر [وہ] چقندر کے بالائی ٹکڑوں کے ڈھیر پر بیٹھ گیا— یہ انسان جو صرف چھے دنوں کے دورانیے میں اپنے چار پیاروں کو دفنانے کے لیے گھر لایا؛ تابوت بنائے، قبریں کھودیں اور حتی کہ کفن سلانے میں بھی مدد کی—یہ زبردست آدمی جو اس سخت آزمایش میں بالکل بھی نہ ڈگمگایا نہ جھُکا، نہ ہی متزلزل ہوا—چقندروں کے بالائی ٹکڑوں پر بیٹھ کر ایک بچے کی طرح ہچکیاں بھر بھر کر رویا۔

”پھر وہ اُٹھا، اپنے آنسو پونچھے،… آسمان کی طرف دیکھا اور کہا: ’آسمانی باپ، حلقےکے بزرگوں کے لیے شکریہ۔‘“٦

ہاں، کہانت بردارآدمیوں کے لیے خُدا کا شکر ہو اور افراد اور خاندانوں کے اِستحکام کی خاطر اس خدمت کے لیے جو وہ صیون کی تعمیروترقی کے لےمزید مہیا کریں گے۔

صدارتِ اَوّل، بارہ رسولوں کی جماعت اور ستر کی صدارت نے ایک طویل مدت تک ان تبدیلیوں پر غوروفکر کیا ہے۔ کثرتِ دُعا کے ساتھ،کہانتی جماعتوں کے صحیفائی بنیادوں پر دقیق مطالعے کے ساتھ، کلیسیائی صدارتی راہ نماؤں کے اتفاق رائے کے ساتھ، اور اِس توکل کے ساتھ ساتھ کہ یہ مَشِیتِ ایزدی ہے، بحالی کی کُشائی میں یہ ایک اور قدم اُٹھاتے ہُوئے راہ نماؤں نے حلقے اور میخ کی سطح پر جماعتوں کی تشکیلِ تجدید کا بِیڑا اُٹھایا ہے۔ یہ خُداوند کی ہدایت کا ظہور ہے، اور جب میں اُس کی، اُس کی کہانت کی، اوراُس کہانت میں آپ کے تقرر کی شہادت دیتا ہوں تو شادمان ہوتا ہوں، یِسُوع مِسیح کے نام پر، آمین۔

حوالہ جات

  1. عقائداور عہود ٤١: ٣۔

  2. دیکھیے، مثال کے طور پر،ولیم جی ہارٹ لے، ”١٨٧٧ کی کہانتی تنظیمِ نو: برگہم ینگ کا آخری معرکہ،“ میں میرے ہم خدمت گزارو: کہانت کی تاریخ پر مضامین (٢٠١٠)، ٢٢٧–٦٤، ”ستر کی جماعت سے“، جیمس آر کلارک کی تالیف میں، کلیسیائے یِسُوع مِسیح کی صدارتِ اَوّل کے وعظین (١٩٦٥)، ٣٥٢–٥٤؛ ہارٹ لے، ”ستر کی جماعت ١٨٨٠ کی دہائی میں: مکاشفے اور تنظیمِ نو، میں“ میرے ہم خدمت گزارو، ٢٦٥–٣٠٠؛ ایڈورڈ ایل قمبل،اپنے ڈگ لمبے بھرو: سپنسر ڈبلیو قمبل کی صدارت (٢٠٠٥)، ٢٥٤–٥٨؛ سوسن اِیسٹن بلیک،”ستروں کی اِبتدائی جماعتیں،“ڈیوڈ جے وٹکر اور آرنلڈ کے گار کی اشاعتوں میں، مُستحکم بُنیاد:کلیسیائی تنظیم اور اِنتظامیہ (٢٠١١)، ١٣٩–٦٠؛ رچرڈ او کاون، ”کلیسیا کے عالم گیر انتظامی اَمور میں ستر کی جماعت کا کردار،“ میں مُستحکم بُنیاد، ٥٧٣–٩٣.

  3. رسل ایم نیلسن، ”تعارفی کلمات،“ لیحونا، مئی ٢٠١٨، ٥٤.

  4. بوائڈ کے پیکر، ”ہر ایک بُزرگ کو کس بات کا علم ہونا چاہیے—اور اِس کے ساتھ ساتھ ہر ایک بہن کو:کہانتی اِنتظامی اَمور کے اُصولوں پر اِبتدائی قاعدہ،“ تمبولی، نومبر ١٩٩٤، ١٧، ١٩۔

  5. راہ نمائے کتاب: کلیسیائی اِنتظامی اَمور( ٢٠١٠)، ٧ι٣ι١

  6. ڈی ٹاڈ کرسٹوفرسن، ”کہانتی جماعت،“ لیحونا، جنوری ١٩٩، ٤٧؛ مزید دیکھیں وان جے فیدرسٹون، ”اب اِیمان، اُمید، اور محبت،“ اینسائن، جولائی ١٩٧٣، ٣٦–٣٧.