۲۰۱۰–۲۰۱۹
خُدا کی قدرت اور اِختیار کے ساتھ خدمت
اپریل ٢٠١٨


خُدا کی قدرت اور اِختیار کے ساتھ خدمت

ہم اُس کے نام سے، اُس کے اِختیار اور اُس کی قدرت کے ساتھ، اور اُس کی پیار بھری شفقت کے ساتھ خدمت کریں گے۔

میرے پیارے بھائیو، خُداوند کے لیے اور اُس کے کارِ الہٰی کے لیے آپ کی عقیدت کے شکر گزار ہیں۔ میرے لیے خوشی کی بات ہے کہ میں آپ کے ساتھ ہوں۔ نئی صدارتِ اول کی حیثیت سے ہم آپ کی کاؤشوں اور دُعاؤں کے مشکور ہیں۔ ہم خُداوند کے لیے آپ کی خدمت اور زندگی کے لیے شکرگزار ہیں۔ آپ کا پُرخلوص فرض اور بےلوث خدمت آپ کی بُلاہٹ کے لیے اُتنے ہی اہم ہیں جتنے یہ ہماری اِس بُلاہٹ کے واسطے ضروری ہیں۔ عمر بھر کلیسیا کی خدمت کرتے کرتے میں نے سیکھا ہے کہ واقعی اِس بات سے کوفرق نہیں پڑتا کہ کوئی کہاں خدمت کرتا ہے۔ خُداوند کو اِس بات کی فکر رہتی ہے کہ کوئی کیسے خدمت کرتا ہے۔

میں صدر تھامس ایس مانسن کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں جو ۵۰ برسوں سے زیادہ عرصہ تک میرے لیے ایک مثال تھے۔ اور اُس کے مشیروں صدر ہنری بی آئرنگ اور صدر ڈیٹر ایف اُکڈارف کو تہہِ دل سے سراہتا ہوں۔ خُداوند کےلیے اوراُس کے نبی کے لیے اِن کی خدمت کے عوض میں اُن کو مبارک باد دیتا ہُوں۔ اِن دونوں عقیدت مند خادموں کو نئی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ وہ عزم اور پوری قوت سے اپنی خدمت کو جاری رکھے ہُوئے ہیں۔ میں اُن دونوں کا بے حد احترام کرتا ہوں اور اُن سے پیار بھی کرتا ہوں۔

خُداوند کی زندہ اور سچی کلیسیا میں اُس کے اِختیار اور قدرت کے ساتھ خدمت کرنا قابل ذکر برکت ہے۔ کہانت کی کنجیوں سمیت خُدا کی کہانت کی بحالی لائق مقدسینِ آخری ایّام کےلیے رُوحانی برکتوں میں سے سب سے اعلیٰ رحمتوں کو کھول دیتی ہے۔ ہم اُن رحمتوں کو ساری دُنیا کے مردوں ، عورتوں، اور بچوں کی طرف بہتے ہُوئے دیکھتے ہیں۔

ہم اِیمان دار خواتین کو دیکھتے ہیں جو اپنی اپنی بُلاہٹ کی اور ودیعیت اور دوسری رسومات کی موروثی طاقت کو سمجھتی ہیں۔ یہ خواتین جانتی ہیں کہ آسمانی طاقتوں کو کیسے پُکارا جاتا ہے، اپنے اپنے شوہروں اور بچوں کے تحفظ اور مضبوطی کے واسطے اور دوسروں کے لیے جن سے یہ پیار کرتی ہیں۔ یہ خواتین رُوحانی اعتبار سے بہت مضبوط ہوتی ہیں جو بِنا کسی خوف و خطر کے خُدا کی قدرت اور اِختیار کے ساتھ اپنی اپنی بُلاہٹوں کے لیے راہ نمائی فراہم کرتی ہیں، سکھاتی ہیں اور خدمت کرتی ہیں!۱ میں اُن کا کس قدر مشکور ہوں!

اِسی طرح، میں اِیمان دار مردوں کو دیکھتا ہوں جو کہانت بردارہوتے ہُوئے اپنے اِختیارات کے معیار پر پُورا اُترتے ہیں۔ وہ خُداوند کے طریق کے مطابق پیار، شفقت، اور صبر کے ساتھ خدمت کرتے اور اِیثار کے ساتھ راہ نمائی کرتے ہیں۔ وہ کہانت کی قدرت کے وسیلے سے دوسروں کو برکت دیتے ہیں، ہدایت دیتے ہیں، تحفظ دیتے ہیں، اور مضبوطی فراہم کرتے ہیں۔ جن کی وہ خدمت کرتے ہیں اُن کے لیے معجزے لاتے ہیں، اِس کے ساتھ ساتھ وہ اپنی ازدوجی زندگیوں کی حفاظت کرتے اور خاندانوں کو محفوظ رکھتے ہیں۔ وہ بُرائی سے باز رہتے ہیں اور اِسرائیل میں قوی بزرگ ہیں۔۲ میں اُن کا بہت بہت شُکر گزار ہوں۔

کیا میں اب تشویش کا اِظہار کر سکتا ہوں؟ یہ ایسے ہے: ہمارے بہت سارے بھائی اور بہنیں کہانتی قدرت اور اِختیار کے تصور کو مکمل طور پر نہیں سمجھتے۔ وہ خُدا کی قدرت کو بروئے کار لا کر اُس کی اُمت کو برکت دینے کی بجائے ایسے کام کرتے ہیں جن سے اپنی ذاتی خود غرض خواہشوں اور حسرتوں کی تکمیل ہوتی ہے۔

مجھے ڈر ہے کہ ہمارے بے شمار بھائیوں اور بہنوں کے ذہن میں یہ بات نہیں آتی کہ یہ مراعات اُنھیں مل سکتی ہیں۔۳ بعض بھائی، مثال کے طور پر، ایسے ظاہر کرتے ہیں کہ اُن کو کہانت کا بالکل اندازہ نہیں ہے اور وہ اُنھیں کس کام کے قابل بناتی ہے۔ چلیے، میں آپ کو چند ٹھوس مثالیں دیتا ہُوں۔

زیادہ عرصہ نہیں ہُوا، میں عشائے ربانی کی عبادت میں شامل ہُوا جہاں نومولود بچی کو نام اور والد کی برکت عطا ہوناتھی۔ نوجوان باپ نے ننھی شیرخوار بچی کو اپنی بانہوں میں اُٹھایا ہُوا تھا، اُس کو نام عطا کیا، اور پھر خوبصورت دُعا کی۔ لیکن اُس نےاُس بچے کو برکت نہیں دی۔ اُس خوب صورت بچی کو نام مل گیا مگر برکت نہیں! وہ عزیز ایلڈر دُعا اورکہانتی برکت کے فرق کو نہ جانتا تھا۔ اپنے کہانتی اِختیار اور قدرت کے ساتھ وہ اپنی شیرخوار کو برکت دے سکتا تھا، اُس نے ایسا نہ کیا۔ کتنا خاص موقع ضائع ہو گیا!

میں اور مثالوں کا تذکرہ کرتا ہُوں۔ ہم اُن بھائیوں کو جانتے ہیں جنھوں نے بہنوں کو پرایمری، ینگ وومن، یا ریلیف سوسائٹی کے راہ نماؤں اور معلماؤں کو مخصوص کیا لیکن برکت دینے میں ناکام ہُوئے جس کی قدرت کے ساتھ اُنھیں اپنی بُلاہٹوں کو پورا کرنا تھا۔ وہ صرف تنبیہ اور تاکید کرتے ہیں۔ ہم دیکھتے ہیں لائق باپ جو اپنی اہلیہ اور اپنے بچوں کو کہانتی برکت دینے میں ناکام ہوتا ہے جب کہ عین اُس وقت اُنھیں جس کی ضرورت ہوتی ہے۔ کہانتی قدرت اِس زمین پر بحال ہو چکی ہے، اور پھر بھی بےشمار بےشمار بھائی اور بہنیں بغیر کہانتی برکت پائے زندگی کے درد ناک امتحانوں سے گزرتے ہیں۔ کیا المیہ ہے! اس المیے کو ہم ختم کرسکتے ہیں۔

بھائیو، ہم خُدا کی مقدس کہانت کے حامل ہیں! ہمارے پاس اُس کا اِختیار اُس کی اُمت کو برکت دینے کے لیے ہے۔ اُس قابلِ قدر یقین دہانی کےبارے میں ذرا سوچیں جو خُداوند نے ہمیں دی جب اُس نے کہا، ”جس کسی کو تم برکت دیتے ہو میں اُس کو برکت دُوں گا۔“۴ یہ ہمارا اِمتیاز ہے کہ یِسُوع مِسیح کے نام پر عمل کرتے ہُوئے خُدا کی اُمت کو اُس کی رضا کے مطابق اُنھیں برکت دیں۔ میخوں کے صدر صاحبان اور بشپ صاحبان، مہربانی سے اِس بات کو یقینی بنائیں کہ اپنی قیادت کے تحت جماعتوں کے ہر رکن کو کہانتی برکت دینے کی واقفیت ہو—شخصی لیاقت اور رُوحانی تیاری خُدا کی طاقتوں کو آواز دینے کے لیے لازمی ہے۔۵

میں کہانت کے سب حامل بھائیوں کو دعوت دیتا ہوں کہ اَرکان کو عہود پر چلنے، دُعا کرنے اور روزے رکھنے، صحائف کی تلاوت کرنے، ہیکل میں عبادت کرنے، اور خُدا کے بندوں اور بندیوں کی حیثیت سے اِیمان کے ساتھ خدمت کرنے کے لیے ترغیب دیں۔ ہم سب کی مدد کرسکتے ہیں اِیمان کی ٓنکھ سے دیکھیں کہ فرماں برداری اور راست بازی ہمیں یِسُوع مِسیح کے اور نزدیک لے آئے گی، اُنھیں رُوحُ القُدس کی رفاقت سے شادمان ہونے، اور زندگی میں راحت محسوس کرنے کا موقع فراہم کریں!

خُدا کی اُمت کے ہر فرد اور اُن کے خاندانوں کے لیے منظم اور مرکوز جدوجہد ہمیشہ خُداوند کی زندہ اور سچی کلیسیا کا غیر معمولی اسلوب ہوگا۔۶ چوں کہ یہ خُداوند کی کلیسیا ہے، ہم اُس کے خادموں کی حیثیت سے ہر فرد کی ایسے خدمت کریں گے جیسے اُس نے کی۔۷ ہم اُس کے نام سے، اُس کے اِختیار اور اُس کی قدرت کے ساتھ، اور اُس کی پیار بھری شفقت کے ساتھ خدمت کریں گے۔

اِس تجربے نے مجھے آج سے ساٹھ برس پہلے بوسٹن میں سکھایا کہ فرداً فرداً تدریس کتنی فائدہ مند ہوسکتی ہے۔ اُس وقت میں میساچوسٹ جنرل ہسپتال میں ریذیڈینٹ سرجن تھا– ہر دن، ہر دوسری رات، ہر دوسری ہفتہ وار چھُٹی کام پر گزرتی۔ میرے پاس اپنی بیوی کےلیے، اپنے بچوں کے لیے، اور کلیسیائی سرگرمیوں کے لیے وقت بہت کم ہوتا تھا۔ اِس کے باوجود، شاخ کے صدر نےمجھے مقرر کیا کہ میں ولبر اور لیونورا کاکس کے گھر ملاقات کے لیے جایا کروں، اِس اُمید کے ساتھ کہ ہو سکتا ہے بھائی کاکس کلیسیا میں دوبارہ متحرک ہو جائے۔ وہ اور لیونورا ہیکل میں مہر بند ہو چکے تھے۔۸ پھر بھی، کئی برسوں سے ولبر چرچ نہیں آیا تھا۔

میرا رفیق اور میں اُن کے گھر پہنچے۔ جب ہم داخل ہُوئے، بہن کاکس نے گرم جوشی سے اِستقبال کیا، جب کہ بھائی کاکس اچانک دوسرے میں چلے گئے اور دروازہ بند کر دیا۔۹

میں بند دروازے کی طرف گیا اور دستک دی۔ تھوڑی دیر کے بعد دبی ہُوئی آواز سُنی ”اندر آجاؤ۔“ میں نے دروازہ کھولا دیکھا کہ بھائی کاکس ریڈیو کے مختلف اَوزاروں کے قریب بیٹھا ہُوا تھا۔ اُس نے اپنا سگار جلا یا۔ اِس سے صاف ظاہر تھا کہ میری آمد پر وہ خوش نہیں تھا۔

میں نے حیرانی سے کمرے کا جائزہ لیا اور کہا، ”بھائی میں ہمیشہ سے ریڈیو کے بارے میں سیکھنے کا شوقین تھا۔ کیا آپ اِس کو سکھانے کے لیے رضا مند ہیں؟ معافی چاہتا ہوں کہ آج زیادہ دیر رُک نہیں سکتا، لیکن کیا میں کسی اور وقت حاضر ہو سکتا ہُوں؟“

تھوڑی دیر ٹال مٹول کرنے کے بعد، اُس نے ہاں کردی۔ یہ گہری اور حیرت انگیز دوستی کا آغاز تھا۔ میں واپس گیا اور اُس نے مجھے سکھایا۔ میں نے اُس کے لیے اُنس اور احترام محسوس کیا۔ مسلسل ملاقاتوں کے ذریعے سےاِس شخص کی عظمت اُبھر کر سامنے آئی۔ ہم گہرے دوست بن اور اسی طرح ، ہماری شریکِ ابدی۔ پھر ، وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ، میرا خاندان کہیں اور منتقل ہوگیا۔ مقامی راہ نما کاکس خاندان کی دیکھ بھال کرتے رہے۔۱۰

پہلی ملاقات کے آٹھ سال بعد، بوسٹن میخ کا قیام ہُوا۔۱۱ کیا آپ اندازہ لگا سکتے ہیں اُس میخ کا پہلا صدر کون تھا؟ جی! بھائی ولبر کاکس! اور بعد کے برسوں میں اُس نے مشن کے صدر، اور ہیکل کے صدر کی حیثیت سے بھی خدمت سرانجام دی۔

برسوں پہلے، مجھے بارہ کی جماعت کے رُکن کی حیثیت سے ذمہ داری سونپی گئی کہ سان پِیٹ، یوٹاہ میں نئی میخ معرضِ وجود میں لاؤں۔ حسبِ معمول انٹریوز کے دوران میں، مجھے اُس وقت راحت انگیز تعجب ہُوا جب میرا آمنا سامنا دوبارہ اپنے پیارے دوست بھائی کاکس سے ہُوا! میں اُس کو بطریق المیخ کی حیثیت سے بُلاہٹ دینے کا گرویدہ ہوگیا! میں نے اُس کی تقرری کرنے کے بعد، اُسے گلے لگایا اور ہماری آنکھوں میں آنسو تھے۔ کمرے میں موجود لوگ حیران تھے کہ یہ دو عمر رسیدہ مرد رو کیوں رہے ہیں۔ مگر ہم جانتے تھے۔ اور بہن کاکس جانتی تھی۔ ہمارے شادمانی کے آنسو تھے! ہم نے خاموشی سے توبہ اور اُلفت کے اِس ناقابلِ یقین سفر کو یاد کیا جواُس وقت ۳۰ برس پہلے ایک رات کو اُن کے کمرے میں شروع ہُوا۔

کہانی یہاں پر ختم نہیں ہوتی۔ بھائی اور بہن کاکس کے خاندان نے ترقی پائی جس میں ۳ بچے، ۲۰ پوتے پوتیاں، نواسے نواسیاں، اور ۵۴ پرپوتے پرپوتیاں، پر نواسے پرنواسیاں شامل ہیں۔ اس پر مزید اُن کا اپنا اَثر سینکڑوں مبلغوں پر، ہیکل میں ہزاروں سے زائد پر، اور مزید سینکڑوں پر جنھوں نے بھائی ولبر کاکس کے ہاتھوں سے بطریقی برکات پائی ہیں۔ اُس کا اور لیونورا کا اَثر ورُسوخ کئی نسلوں کو ساری دُنیا میں اَثر پذیر کرتا رہے گا۔

ایسے تجربے ، جیسا ولبر اور لیونورا کا، ہر ہفتے رُونما ہوتے ہیں—اُمید کرتا ہوں، ہرروز—کلیسیا میں ہوں۔ خُداوند یِسُوع مِسیح کے عقیدت مند خادم کارِاِلہٰی کو اُس کے اِختیار اور قدرت سے سرانجام دیتے ہیں۔

بھائیو، بند دروازے ہم کھول سکتے ہیں، کہانتی برکتیں ہم دے سکتے ہیں، دلوں کو ہم جوڑ سکتے ہیں، بوجھ ہم اُٹھا سکتے ہیں، گواہیاں ہم مضبوط کرسکتے ہیں، زندگیاں ہم بچا سکتے ہیں، اور راحتیں ہم مقدسینِ آخری ایّام کےگھروں میں لا سکتے ہیں—سب کچھ کیوں کہ ہم خُدا کے کہانت بردار ہیں۔ ہم وہ آدمی ہیں جو اپنے بے پناہ اِیمان کی بدولت یہ فرض نبھانے کے لیے بنائے عالم سے خُدا کے علمِ قبلِ وقوع کے مطابق تیار کیے اور بُلائے گئے ہیں۔۱۲

آج میں آپ کو واقعی دعوت دیتا ہوں اپنے اِس عالی شان اَبدی بھائی چارے میں میرے ساتھ اُٹھ کھڑے ہوں ۔ جب میں آپ کے کہانتی عہدے کا نام لوں، براہ کرم کھڑے ہوجائیں اور کھڑے رہیں۔ ڈیکن ز براہ مہربانی کھڑے ہوں! معلم، کھڑے ہوں! کاہن! بشپ صاحبان! بزرگ صاحبان! اعلیٰ کاہنان! بطریق! ستر! رُسول!

اب، بھائیو،کیا آپ کھڑے رہیں گے اور گیت کے کورس”رائز اپ، او من آف گاڈ“ میں ہمارے ساتھ شامل ہوں گے۔۱۳ جب آپ گائیں، خُداوند کی دُنیا میں دوسری آمد کی تیاری میں مدد کرنے کے لیے خُدا کے قوی لشکر کی حیثیت سے اپنے فرض کو یاد کرنا۔ ہم اِس کے مختار ہیں۔ یہ ہمارا اِمتیاز ہے۔ میں یِسُوع مِسیح کے نام پر گواہی دیتا ہوں، آمین۔