مجلسِ عامہ
کارِ ہیکل اور خاندان کی تارِیخ—ایک ہی فرض کے دو پہلُو
مجلسِ عامہ اپریل ۲۰۲۳


کارِ ہیکل اور خاندان کی تارِیخ—ایک ہی فرض کے دو پہلُو

ہمارے آسمانی باپ کے منصُوبے کی توجہ کا محور خاندان کو اِس زِندگی میں اور اَبدیت کے لیے مُتحد کرنا ہے۔

مَیں ”زمانوں کی مَعمُوری کے اِس زمانے میں“ ہَیکلوں کی جاری تعمیرات کے لیے شُکر گُزار ہُوں۔(عقائد اور عہُود ۱۲۸:‏۱۸)۔ بحَالی کے اِبتدائی ایّام سے ہی، اِیمان دار مُقدّسین نے ہَیکل کی رسوُمات اور عہُود پانے کے لیے بُہت سی قُربانیاں دی ہیں۔ اُن کی عظیم مثال کی تقلِید کر کے، بُہت سی مالی قُربانیاں دینے کے بعد، مَیں اور میری اہلیہ، ایویلِیا، نے ہمارے پیارے والدین کے ہمراہ میکسِیکو شہر سے روانہ ہُوئے، اور ۱۹۷۵ میں میسا ایرِیزونا ہَیکل میں دائمی شوہر اور بیوی کی حیثیت سے مُہر بند کِیے گئے۔ اُس دِن، جب ہم خُداوند کے گھر میں کہانت کے اِختیار سے جوڑے گئے تو ہم نے حقیقی آسمانی جھلک کا تجربہ کیا۔

ہَیکلوں کا مقصد اور فریضِہ

اُس تجربے نے مُجھے کرِٹ لینڈ، اوہائیو کے مُقدّسین کو زیادہ بہتر طور پر سراہنے کی اِجازت دی ہے کہ اُنھوں نے کیسے، تین سال کی سخت محنت اور عظیم قُربانی کے بعد، بالآخر ۱۸۳۶ کے موسمِ بہار میں اپنی خُوب صُورت ہَیکل مُکمل کی—اِس زمانے کی پہلی ہَیکل۔ اُسی سال مارچ میں، ایک ہزار سے زائد لوگ ہَیکل کی تقدیسی عِبادت کے لیے ہَیکل میں اور اُس کے داخلی دروازوں پر جمع ہُوئے۔ نبی جوزف سمتھ مُکاشفہ کے وسیلے سے حاصِل کردہ تقدیسی دُعا کرنے کے لیے اُٹھے۔(دیکھیں عقائد اور عہُود ۱۰۹)۔ اُس دُعا میں اُنھوں نے بُہت سی حَيرت اَنگيز برکات کا ذکر کِیا جو خُداوند کی ہَیکلوں میں لائق طور پر داخل ہونے والوں کو بخشی جائیں گی۔ پھر کوائر نے گیت گایا ”خُدا کا رُوح“ اور پھر جماعت نے کھڑے ہو کر ہوشعنا کا نعرہ ”ایسی [قُوت کے ساتھ لگایا] کہ لگتا تھا کہ جیسے عمارت کی چھت اُڑ جائے گی“ (کلِیسیائی صدُور کی تعلِیمات: جوزف سمتھ [۲۰۰۷]، ۳۰۷)۔

ایک ہفتے کے بعد نبی نے خُداوند کے ظہُور کو ہَیکل میں بیان کِیا، جِس نے کہا:

”کیوں کہ دیکھو، مَیں نے اِس گھر کو قبُول کِیا ہے، اور میرا نام یہاں ہو گا؛ اور مَیں رحم کے ساتھ خُود کو اپنے لوگوں پر اِس گھر میں ظاہر کروں گا۔ …

”اور اِس گھر کا چرچا غیر قوموں میں پھیل جائے گا؛ اور یہ اُس برکت کا شُروع ہوگا جو میرے لوگوں کے سروں پر اُنڈیلی جائے گی۔“(عقائد اور عہُود ۱۱۰:‏۷، ۱۰)

اِس اور دِیگر رویا کے بعد، ایلیاہ نبی، جِسے زندہ آسمان پر اُٹھا لیا گیا تھا، نبی جوزف سمتھ اور اولیور کاؤڈریپر ظاہر ہُوا اور کہا:

”دیکھو، وقت پُوری طرح سے آ گیا ہے، جو ملاکی کے مُنہ سے فرمایا گیا تھا—جِس نے گواہی دی کہ وہ [ایلیاہ نبی] خُداوند کے عظیم اور ہولناک دِن کے آنے سے پہلے بھیجا جائے گا—

”کہ والِدوں کے دِل بچّوں کی طرف، اور بچّوں کے والِدوں کی طرف پھیرے، ایسا نہ ہو کہ پُوری زمین لَعنت سے ماری جائے—

”پس، اِس زمانے کی کُنجیاں تُمھارے ہاتھوں میں سونپی جاتی ہیں؛ اور تُم اِس سے جان لو کہ خُداوند کا عظیم اور ہولناک دِن نزدیک ہے، یعنی کہ دروازے پر ہے۔“(عقائد اور عہُود ۱۱۰:‏۱۴–۱۶

ہَیکل اور خاندان کی تارِیخ

جب خُداوند نے جوزف سمتھ پر مُہربندی کے اِختیار کی کُنجیاں بحَال کیں تو اُس کے بعد، ہمارے زمانہ میں پردے کی دونوں جانب نجات کا فریضہ شُروع ہُوا (دیکھیں ۱ کرنتھِیوں ۱۵:‏۲۲، ۲۹؛ عقائد اور عہُود ۱۲۸:‏۸–۱۸

بزُرگ بوائڈ کے پیکر نے سِکھایا کہ ”فقط یہی عِبادت تھی جِس پر دُنیا نے توجہ نہ دی، لیکن یہ ہر اُس جان کی تقدیر پر اثر انداز ہو گی جو کبھی بھی اِس دُنیا میں رہی ہے یا رہے گی۔ چیزیں بتدریج وقوع پذیر ہوئیں۔ کلِیسیا نے اپنی توجہ ہَیکلوں کی تعمِیر پر مرکُوز کر لی۔

”دُنیا کے مُختلف حِصّوں میں چیزیں بے ساختہ ظاہر ہونے لگیں ،اَفراد اور تنظیمیں اور مُعاشرے اپنے نسب ناموں کی کھوج لگانے میں دِل چسپی لینے لگے۔ یہ سب کُچھ کرِٹ لینڈ ہَیکل میں ایلیاہ کے ظہُور کے بعد انجام پایا“ (مُقدّس ہَیکل [۱۹۸۰]، ۱۴۱)۔

”۳ اپریل ۱۸۳۶ سے، بچّوں کے دِل اپنے والِدوں کی طرف مَائل ہونا شُروع ہُوئے۔ اُس کے بعد سے رسُومات عارضی نہیں رہی بلکہ، مُستقل ہو گئیں۔ مُہربندی کی طاقت ہمارے ساتھ تھی۔ کوئی بھی اِجازت نامہ اِس کی قدر سے بالاتر نہیں تھا۔ اَیسی قُدرت زِندوں اور مُردوں دونوں کے لیے درُست اِختیار کے ساتھ ادا کی جانے والی تمام رسُومات کو حقِیقی اور اَبدی اِستحکام عطا کرتی ہے“ (پاک ہَیکل میں داخلے کی تیاری [۲۰۰۲]، ۲۸)۔

عزیز بھائیو اور بہنو، ہَیکلوں کا جائز اِستعمال اور اِن کی تعمیر کِسی بھی زمانے میں یِسُوع مسِیح کی سچّی کلِیسیا کی علامت رہی ہے۔ ۱۸۹۳ میں سالٹ لیک ہَیکل کی تقدیس کے بعد، صدر وِلفرڈ وُڈرف نے کلِیسیا کے اَرکان کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنے آباواجداد کے ریکارڈ تلاش کریں اور جہاں تک مُمکن ہو سکے اپنا شجرہِ نسب قلم بند کریں تاکہ وہ اُن کے نام ہَیکل میں لے جا کر نجات اور سرفرازی کی رسُومات ادا کر سکیں (دیکھیے کلِیسیائی صدُور کی تعلیمات: وِلفرڈ وُڈرف [۲۰۰۴]، ۱۷۴)۔

خاندان کی تارِیخ اور کارِ ہَیکل—ایک فریِضہ

ایک سال بعد (۱۸۹۴)، میں صدر وُڈرف نے ہی یوٹاہ کی شجرہِ نسب سوسائٹی کی تشکِیل کی نگرانی کی۔ سو سال بعد، ۱۹۹۴ میں بُزرگ رسل ایم نیلسن نے، جو اِس وقت بارہ رسُولوں کی جماعت کے رُکن تھے کہا، ”اِس تاریخی سال کے واقعات نے خاندان کی تارِیخ کی تحقِیق اور ہَیکل کی عِبادت کو کلِیسیا میں ایک فرض کی حیثیت سے مُنظم کیا“ (”ایلیاہ کا رُوحانزائن، نومبر ۱۹۹۴، ۸۵)۔

فریضہِ تارِیخِ خاندان

عزیز بھائیو اور بہنو، اُس کی کلِیسیا کے اَرکان کی حیثیت سے خُداوند ہماری حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ ہم اپنے خاندان کی تارِیخ کو محفُوظ رکھیں، تاکہ ہم اپنے آباواجداد سے سِیکھیں، اور اُن کے لیے ہَیکلوں میں اِنجِیل کی رسُومات پانے کے لیے ضرُوری اِنتظامات کریں تاکہ عہد کے راستے پر ترقی کرنے میں اُن کی مدد ہو سکے، جو اُنھیں اَبدی خاندان کی صُورت میں برکت دے گا۔ ہمارے آسمانی باپ کے منصُوبے کی توجہ کا محور : خاندان کو اِس زِندگی اور اَبدیت کے لیے مُتحد کرنا ہے۔

آپ میں سے وہ سب جو اپنے آپ کو یہ کام کرنے کے قابِل نہیں سمجھتے، آپ کو معلُوم ہونا چاہیے کہ آپ اکیلے نہیں ہیں۔ ہم سب اِن وسائل و ذرائع سے مُستفید ہو سکتے ہیں جو کلِیسیا نے تیار کیے ہیں اور جو فیملی سرچ کے مراکز میں پائے جاتے ہیں، جِن کو پہلے ہم خاندان کی تارِیخ کے مراکز کے نام سے جانتے تھے۔ فیملی سرچ کے اِن مراکز کو اِس طرح وضع کیا گیا ہے کہ تقریبا ہر کوئی، بُہت کم مدد کے ساتھ، اپنے آباواجداد کی معلُومات تلاش کر سکے اور اِسے مناسب طریقے سے مُنظم کر سکے تاکہ وہ اِسے خُداوند کے گھر میں لے جا سکیں۔ براہِ مہربانی اپنی شاخ یا حلقے کے خاندان کی تارِیخ کے خصُوصی ماہر سے رابطہ کریں جو ہر قدم پر آپ کی راہ نُمائی کرے گا۔

جب ہم نبیوں کی ہدایت کی پیروی کریں گے اور سِیکھیں گے کہ ہم نے اپنے خاندان کی تارِیخ کو کیسے اِستعمال کرنا ہے اور اپنے آباواجداد کے لیے ہَیکل کی رسُومات کیسے ادا کرنی ہیں، تو ہم اِتنی عظیم خُوشی پائیں گے کہ ہم اِس کام کو روکنا نہیں چاہیں گے۔ جب ہم اپنے آباواجداد کے ناموں کی تلاش کریں گے تو ہمارے دِل رُوح سے لبریز ہو جائیں گے، جو اِس کام کو کرنے کے لیے ہماری استعداد کو بڑھائے گا، اور ہماری راہ نُمائی کرے گا۔ مگر آئیں یاد رکھیں کہ خاندان کی تارِیخ محض ناموں، تاریخوں اور مقامات کی تحقِیق کرنے سے کہیں زیادہ ہے۔ یہ خاندانوں کو اِکٹھا کرنا ہے اور یہ وہ خُوشی ہے جو اِنھیں اِنجِیل کی رسُومات دینے سے محسُوس ہوتی ہے۔

مُجھے ہمارے پیارے نبی، صدر رسل ایم نیلسن، کی الہامی تعلِیم بُہت پسند ہے، جِنھوں نے کہا: ”ہَیکل ہمارے اِیمان اور رُوحانی مضبُوطی کو مُستحکم کرنے کا مرکز ہے کیوں کہ نجات دہندہ اور اُس کی تعلِیم ہَیکل کا دِل ہیں۔ ہَیکل میں سِکھائی جانے والی ہر تعلِیم، ہدایت اور رُوح کے وسِیلے سے، یِسُوع مسِیح کے مُتعلق ہمارے فہم کو بڑھاتی ہے۔ اِس کی لازمی رسُومات ہمیں مُقدّس کہانتی عہُود کے ذریعے سے اُس کے ساتھ باندھتی ہیں۔ پھر، جب ہم اپنے عہُود پر قائم رہتے ہیں، تو وہ ہمیں اپنی شِفا بخش، مضبُوط کرنے کی قُوت عطا کرتا ہے۔(”ہَیکل اور آپ کی رُوحانی بُنیادلیحونا، نومبر ۲۰۲۱، ۹۳–۹۴)۔

یقِیناً، کلِیسیا میں کارِ ہیکل اور خاندان کی تارِیخ ایک ہی فرض کے دو پہلُو ہیں۔

مَیں اِن سچّائیوں کی گواہی دیتا ہُوں۔ مَیں جانتا ہُوں کہ یہ کلِیسیا خُداوند یِسُوع مسِیح، ہمارے نجات دہندہ اور مُخلصی دینے والے کی ہے، جِس کو ہم ایسٹر کے اِس موقع پر یاد کرتے ہیں اور اُس کی تعظیم کرتے ہیں۔ مَیں جانتا ہُوں کہ وہ ہم سے پیار کرتا ہے، جب ہم اپنے عہُود پر قائم رہتے ہیں، اور اُس پر بھروسا رکھتے ہیں تو وہ ہمیں اپنی شِفا بخش، مضبُوط کرنے والی قُوت عطا کرتا ہے۔ یِسُوع مسِیح کے نام پر، آمین۔