مجلسِ عامہ
یِسُوع مسِیح کی تعلیمات
مجلسِ عامہ اپریل ۲۰۲۳


یِسُوع مسِیح کی تعلیمات

صحاٗف ہمیں ہماری راہ نُمائی کے لیے دیے گئے ہیں میرا آج کا پیغام نجات دہندہ کے اَلفاظ پر مُشتمل ہے—جو کچھ اُس نے کہا تھا۔

ہم مسِیح پر اِیمان رکھتے ہیں کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسِین آخری ایام کے اَرکان کے طور پر، ہم اُس کی پرستش کرتے اور صحائف میں اُس کی تعلیمات پر چلتے ہیں

آدم اور حوا کی زوال پذیری سے پہلے، آسمانی باپ اُن سے براہ راست ہم کلام ہُوا۔ اِس کے بعد، باپ نے اپنے اِکلوتے بیٹے، یِسُوع مسِیح کو نجات دہندہ اور مُخلصی دینے والے کی حیثیت سے مُتعارف کرایا اور ہمیں ”اِس کو سُننے“ کا حُکم دیا۔۱ اِس زاویہ سے ہم نتِیجہ اَخذ کرتے ہیں کہ پاک نوِشتوں میں ”خُدا“ یا ”خُداوند“ کی کہی ہُوئی باتیں غالباً ہمیشہ، ہمارے جی اُٹھے، یِسُوع مسِیح، یہواہ کی باتیں ہیں۔۲

صحاٗف ہمیں ہماری راہ نُمائی کے لیے دیے گئے ہیں جیسا کے نِیفی نبی نے سکھایا کہ ”مسِیح کے کلام پر ضیافت مناؤ؛ کیوں کہ دیکھو، مسِیح کا کلام تُمھیں وہ ساری باتیں بتائے گا جو تُمھیں انجام دینی ہیں۔“۳ زیادہ تر صحائف جو یِسُوع کی فانی خِدمات کا ذِکر کرتے ہیں اُن کاموں کو بیان کرتے ہیں جو اُس نے انجام دِیے۔ میرا آج کا پیغام نجات دہندہ کے حوالہ جات کی اُن باتوں پر مُشتمل ہے—جو اُس نے فرمائیں۔ یہ باتیں نئے عہد نامہ میں (بشمول جوزف سمتھ کے مزید اَلہام) اور مورمن کی کتاب میں نازِل کی گئی ہیں۔ اِن میں سے زیاہ تر حوالہ جات اُسی تسلسل سے ہیں جِس طرح نجات دہندہ نے فرمائے ہیں۔

”مَیں تُجھ سے سچ کہتا ہُوں کہ جب تک کوئی نئے سِرے سے پَیدا نہ ہو وہ خُدا کی بادشاہی کو دیکھ نہیں سکتا۔“۴

”مُبارک ہیں … وہ [جو] راستی کے بُھوکے اور پیاسے ہیں، پَس وہ رُوحُ القُدس سےمعمُور ہوں گے۔“۵

”مبارک ہیں وہ جو صُلح کراتے ہیں: پَس وہ خُدا کے بیٹے کہلائیں گے“۶

”تُم سُن چُکے ہو کہ اگلوں سے کہا گیا تھا، تُو زنا نہ کرنا:

”لیکن مَیں تُم سے یہ کہتا ہُوں کہ جِس کِسی نے بُری خواہِش سے کِسی عَورت پر نِگاہ کی وہ اپنے دِل میں اُس کے ساتھ زِنا کر چُکا۔“۷

”تُم سُن چُکے ہو کہ کہا گیا تھا کہ اپنے پڑوسِی سے محبّت رکھ اور اپنے دُشمن سے عداوت۔

”لیکن مَیں تُم سے کہتا ہُوں، کہ اپنے دُشمنوں سے محبّت رکھو، تُم پر لعنت بھیجنے والوں کو برکت دو، جو تُم سے نفرت کرتے ہیں اُن سے بھلائی کرو ، اور اپنے ستانے والوں کے لئے دُعا کرو؛

”تاکہ تُم اپنے باپ کے جو آسمان پر ہے بیٹے ٹھہرو: پَس وہ اپنے سُورج کو بدوں اور نیکوں دونوں پر چمکاتا ہے اور راست بازوں اور ناراستوں دونوں پر مِینہ برساتا ہے۔“۸

”اگر تُم آدمِیوں کے قصُور مُعاف کرو گے تو تُمھارا آسمانی باپ بھی تُم کو مُعاف کرے گا:

”اور اگر تُم آدمِیوں کے قصُور مُعاف نہ کرو گے تو تُمھارا باپ بھی تُمھارے قصُور مُعاف نہ کرے گا۔“۹

”اگر تُم دُنیا کے ہوتے تو دُنیا اپنوں کو عزِیز رکھتی لیکن چُوں کہ تُم دُنیا کے نہیں بلکہ مَیں نے تُم کو دُنیا میں سے چُن لِیا ہے اِس واسطے دُنیا تُم سے عداوت رکھتی ہے۔“۱۰

”پَس اِس دُنیا کی چِیزوں کی فِکر نہ کرو بلکہ تُم پہلے خُدا کی بادشاہی کے قیام کے طلب گار ہونا، اور اُس کی راست بازی کو قائم کرنا، تو یہ سب چِیزیں بھی تُم کو مِل جائیں گی۔“۱۱

”پس جو کُچھ تُم چاہتے ہو کہ لوگ تُمھارے ساتھ کریں وُہی تُم بھی اُن کے ساتھ کرو: کیوں کہ تَورَیت اور نبیوں کی تعلِیم یِہی ہے۔“۱۲

”جُھوٹے نبیوں سے خبردار رہو جو تُمھارے پاس بھیڑوں کے بھیس میں آتے ہیں مگر باطِن میں پھاڑنے والے بھیڑیے ہیں۔

اُن کے پَھلوں سے تُم اُن کو پہچان لو گے۔ کیا جھاڑِیوں سے انگُور یا اُونٹ کٹاروں سے انجِیر توڑتے ہیں؟

”اِسی طرح ہر ایک اچّھا درخت اچّھا پَھل لاتا ہے اور بُرا درخت بُرا پَھل لاتا ہے۔“۱۳

”جو مُجھ سے اَے خُداوند اَے خُداوند کہتے ہیں، اُن میں سے ہر ایک آسمان کی بادِشاہی میں داخِل نہ ہو گا مگر وُہی جو میرے آسمانی باپ کی مرضی پر چلتا ہے۔“۱۴

”اَے محنت اُٹھانے والو، اور بوجھ سے دبے ہُوئے لوگو سب میرے پاس آؤ، مَیں تُم کو آرام دُوں گا۔

”میرا جُوا اپنے اُوپر اُٹھا لو اور مُجھ سے سِیکھو؛ کیوں کہ مَیں حلِیم ہُوں اور دِل کا فروتن: اور تُمھاری جانیں آرام پائیں گی۔

”کیوں کہ میرا جُوا نرم اور میرا بوجھ ہلکا۔“۱۵

”اگر کوئی میرے پیچھے آنا چاہے تو اپنی خودی کا انکار کرےاور اپنی صلیب اٹھائے اور میرے پیچھے ہو لے۔

”اور اب اِنسان اپنی صلِیب اُٹھائے، ساری ناراستی اور ہر دُنیاوی شہوت سے اِنکار کرے اور میرے حُکموں پر چلے۔۱۶

”پَس، دُنیا کو چھوڑو، اور اپنی جانوں کو بچاؤ؛ پَس اِنسان ساری دُنیا حاصِل کرے، اور اپنی جان کا نُقصان اُٹھائے تو اُسے کیا فائِدہ ہو گا؟ یا آدمی اپنی جان کے بدلے کیا دے گا؟“۱۷

”اگر کوئی اُس کی مرضی پر چلنا چاہے تو وہ اِس تعلِیم کی بابت جان جائے گا کہ خُدا کی طرف سے ہے یا مَیں اپنی طرف سے کہتا ہُوں۔“۱۸

”پس مَیں تُم سے کہتا ہُوں مانگو تو تُمھیں دِیا جائے گا، ڈُھونڈو تو پاؤ گے، دروازہ کھٹکھٹاؤ تو تُمھارے واسطے کھولا جائے گا۔

”کیوں کہ جو کوئی مانگتا ہے اُسے مِلتا ہے؛ اور جو ڈُھونڈتا ہے وہ پاتا ہے؛ اور جو کھٹکھٹاتا ہے اُس کے واسطے کھولا جائے گا۔“۱۹

”میری اَور بھی بھیڑیں ہیں جو اِس بھیڑ خانہ کی نہیں، مُجھے اُن کو بھی لانا ضرُور ہے اور وہ میری آواز سُنیں گی؛ پِھر ایک ہی گلّہ اور ایک ہی چَرواہا ہو گا۔“۲۰

”یِسُوع نے اُس سے کہا قِیامت اور زِندگی تو مَیں ہُوں: جو مُجھ پر اِیمان لاتا ہے گو وہ مر جائے تَو بھی زِندہ رہے گا:

”اور جو کوئی زِندہ ہے اور مُجھ پر اِیمان لاتا ہے وہ ابد تک کبھی نہ مرے گا۔“۲۱

”[شریعت میں عظیم حُکم یہ ہے] خُداوند اپنے خُدا سے اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان اور اپنی ساری عقل سے محبّت رکھ۔

”بڑا اور پہلا حُکم یہی ہے۔

”اور دُوسرا اِس کی مانند یہ ہےکہ اپنے پڑوسی سے اپنی طرح محبّت رکھ۔

”دو حُکموں پر توریت اور انبیا کے صحیفوں کا دارومدار ہے۔“۲۲

”جِس کے پاس میرے حُکم ہیں، اور وہ اُن پر عمل کرتا ہے، وُہی مُجھ سے محبّت رکھتا ہے: اور جو مُجھ سے محبّت رکھتا ہے وہ میرے باپ کا پیارا ہو گا، اور مَیں اُس سے محبّت رکھّوُں گا، اور اپنے آپ کو اُس پر ظاہِر کرُوں گا۔“۲۳

”مَیں تُمھیں اِطمِینان دِیےجاتا ہوں، اپنا اِطمِینان تُمھیں دیتا ہوں: جِس طرح دُنیا دیتی ہے، مَیں تُمھیں اُس طرح نہیں دیتا۔ تُمھارا دِل نہ گھبرائے اور نہ ڈرے۔“۲۴

”میرا حُکم یہ ہے کہ جَیسے مَیں نے تُم سے محبّت رکھّی تُم بھی ایک دُوسرے سے مُحبّت رکھّو۔“۲۵

”میرے ہاتھ اور میرے پاؤں دیکھو، کہ مَیں ہی ہُوں: مُجھے چُھوؤ، اور دیکھو؛ پَس رُوح کے گوشت اور ہڈّی نہیں ہوتی، جَیسا مُجھ میں دیکھتے ہو۔“۲۶

”پس تُم جا کر، سب قَوموں کو تعلیم دو، اور اُن کو باپ اور بیٹے اور رُوحُ القُدس کے نام سے بپتِسما دو:

”اُن کو یہ تعلِیم دو کہ اُن سب باتوں پر عمل کریں جِن کا مَیں نے تُم کو حُکم دِیا اور دیکھو مَیں دُنیا کے آخِر تک ہمیشہ تُمھارے ساتھ ہُوں۔“۲۷

مُقدّس سرزمین پر تعلیم دینے کے بعد، یِسُوع مسِیح امریکہ کے براعظم میں راست بازو پر ظاہر ہُوا۔ یہ چند باتیں ہیں جو اُس نے اُن سے فرمائیں:

”دیکھو، مَیں یِسُوع مسِیح ہُوں، خُدا کا بیٹا۔ مَیں نے اَفلاک اور زمِین کو خلق کِیا، اور ہر اُس شَے کو جو اُن میں موجُود ہے۔ مَیں اَزل سے باپ کے ساتھ تھا۔ مَیں باپ میں ہُوں، اور باپ مُجھ میں ہے؛ اور مَیں نے باپ کے نام کو جلال دِیا ہے۔“۲۸

”دُنیا کا نُور اور زِندگی مَیں ہُوں۔ الفا اور اومیگا مَیں ہُوں، اِبتدا و اِنتہا۔

”اور تُم مزید میرے حُضُور ذبِیحوں کی نذر نہیں چڑھاؤ گے؛ ہاں تُمھاری قُربانیاں اور سوختنی قُربانیاں تمام ہوں گی، پَس مَیں تُمھاری کوئی سوختنی قُربانی اور تُمھاری ہر قسم کی نذروں کو قبُول نہ کرُوں گا۔

”اور تُم پشیمان رُوح اور شِکستہ دِل کی قُربانی میرے حُضُور گُزرانو گے۔ اور جو کوئی میرے پاس پشیمان رُوح اور شِکستہ دِل کے ساتھ آتا ہے، مَیں اُس کو آگ کے ساتھ اور رُوحُ القُدس کے ساتھ بپتِسما دُوں گا۔ …

”دیکھو، مَیں اِس جہان میں دُنیا کو مُخلصی دینے آیا ہُوں، اِس دُنیا کو گُناہ سے نجات دینے کے واسطے۔“۲۹

”اور مَیں تُم سے پِھر کہتا ہُوں، لازِم ہے کہ تُم تَوبہ کرو، اور میرے نام سے بپتِسما پاؤ، اور چھوٹے بچّہ کی مانِند بنو، یا پِھر تُم ہرگِز خُدا کی بادِشاہی کے وارِث نہیں ٹھہر سکتے۔۳۰

”پَس مَیں چاہتا ہُوں کہ تُم اِس طرح کامِل بنو جِس طرح مَیں ہُوں، یا تُمھارا باپ جو آسمان پر ہے کامِل ہے۔“۳۱

”مَیں تُم سے سچّ سچّ کہتا ہُوں، جاگتے اور ہمیشہ دُعا کرتے رہنا، ورنہ اِبلِیس تُمھیں آزمائے گا، اور تُم اُس کی اسِیری میں چلے جاؤ گے۔“۳۲

”پَس میرے نام پر باپ سے ہمیشہ دُعا مانگنا۔“۳۳

”پَس، جو کُچھ بھی تُم کرو گے، تُم میرے نام سے کرو گے؛ پَس تُم کلِیسیا کو میرے نام سے پُکارو گے۔“۳۴

”دیکھو مَیں نے اپنی اِنجِیل تُمھیں پُہنچا دی ہے، اور یہ وہ اِنجِیل ہے جو مَیں نے تُمھیں عطا کی ہے—چُوں کہ مَیں اِس جہان میں باپ کی مرضی پُوری کرنے آیا، کیوں کہ باپ نے مُجھے بھیجا۔

”اور باپ نے مُجھے بھیجا تاکہ مَیں صلِیب پر چڑھایا جاؤں؛ اور صلِیب پر چڑھائے جانے کے بعد، مَیں کُل بنی نوع اِنسان کو اپنی طرف کھینچ لُوں … تاکہ میرے حُضُور حاضر ہوں، اپنے اپنے کاموں کی عدالت کے واسطے، خواہ وہ نیک ہوں یا خواہ بُرے ہوں۔“۳۵

”اب حُکم تو یہی ہے: تَوبہ کرو، زمِین کی سب اِنتہاؤ، اور میرے پاس آؤ اور میرے نام سے بپتِسما پاؤ، تاکہ رُوحُ القُدس کو قبُول کر کے تُمھاری تقدِیس ہو جائے، تاکہ یُومِ آخِر کو تُم میرے حُضُور بے عیب ٹھہرائے جاؤ۔“۳۶

ہم مسِیح پر اِیمان رکھتے ہیں مَیں اِسی کے ساتھ ختم کرتا ہُوں جو اُس نے کہا کہ ہمیں اُس کی تعلیمات کو کیسے جاننا اور اِس پر عمل کرنا چاہیے:

”لیکن مددگار، یعنی رُوحُ القُدس، جِسے باپ میرے نام سے بھیجے گا، وُہی تُمھیں سب باتیں سِکھائے گا، اور جو کُچھ مَیں نے تُم سے کہا ہے، وہ سب تُمھیں یاد دِلائے گا۔“۳۷

مَیں اِن تعلیمات کی سچّائیوں کی یِسُوع مسِیح کے نام سے گواہی دیتا ہُوں، آمین۔