مجلسِ عامہ
اپنی بطریقی برکت کب پانی چاہیے
مجلسِ عامہ اپریل ۲۰۲۳


اپنی بطریقی برکت کب پانی چاہیے

جب آپ اپنی برکت پاتے ہیں، تو آپ کو احساس ہوگا اور آپ محسُوس کریں گے کہ خُدا باپ اور یسُوع مسِیح آپ سے کتنا پیار کرتے ہیں اور انفرادی طور پر آپ پر کیسے توجّہ مرکُوز کرتے ہیں۔

کل میرے عزیز دوست بُزرگ رینڈل کے بینیٹ نے بطریقی برکات کی بابت بات کی۔ یہ ایک عظیم پیغام تھا اور جس نے ہم سب کو مُتاثر کِیا۔ میرے عزیز بھائیو اور بہنو، کیا مَیں بھی بطریقی برکات کے بارے میں بات کر سکتا ہُوں؟ بطریقو، جب بطریقی برکات کی درخواستیں بڑھتی ہیں، مَیں دُعا کرتا ہُوں کہ خُداوند آُپ کو اپنی بُلاہٹ کو عظمت بخشنے کی برکت دے۔

جب مَیں سٹیک کی مجالِس میں جاتا ہُوں، تو مَیں ہمیشہ سٹیک کے بطریق اور اُس کی اہلیہ سے مُلاقات کرتا ہُوں۔ بطریق خُدا کی طرف سے بُلاہٹ پانے والے شفیق، فرماں بردار، اور ناقابلِ یقین قائد ہیں۔ وہ مُجھے بہت سے شان دار رُوحانی تجّربات بتاتے ہیں۔ مَیں اُن سے سب سے چھوٹے اور سب سے بڑی عُمر کے شخص کا پُوچھتا ہُوں جس کو اُنھوں نے برکت دی ہے۔ اب تک سب سے کم عُمر ۱۱ برس، اور سب سے بڑی عُمر کا شخص ۹۳ برس کا تھا۔

مَیں نے بپتِسما پانے کے دو برس بعد، ۱۹ برس کی عُمر میں، کلِیسیا کے نئے رُکن کی حیثیت سے اپنی بطریقی برکت پائی ۔ میرا بطریق ناقابلِ یقین حد تک ضیف العُمر تھا۔ اُس نے ۱۹۱۶ میں کلِیسیا میں شمُولیت کی اور جاپان میں کلِیسیا کا پیش رَو تھا۔ خُداوند کے اِس زبردست شاگرد سے اپنی بطریقی برکت پانا میرے لیے بڑا اعزاز تھا۔ اُس کی جاپانی زُبان سمجھنا میرے لیے قدرے مُشکل تھا، مگر بہت مؤثر تھی۔

بطریق جن سے مَیں مِلا ہوں مُجھے بتاتے ہیں کہ بہت سے لوگ مِشنری خدمت کرنے سے ذرا پہلے ہی اپنی بطریقی برکات پاتے ہیں۔ میرے عزیز نوجوان مرد و خواتین، والدین، اور بشپ صاحبان، بطریقی برکات محض تبلِیغی خدمت کی تیاری کے لیے نہیں ہیں۔ اہل بپتِسما یافتہ اَرکان اپنی بطریقی برکت پا سکتے ہیں جب اُن کے واسطے مُناسب وقت ہو۔۱

عزیز بالغ اَرکان، آپ میں سے بعض نے ابھی تک اپنی بطریقی برکات نہیں پائی ہیں۔ یاد رکھیے، عُمر کی کوئی حد نہیں ہے۔

میری ساس کلِیسیا کی نہایت فعال رُکن تھی، اَنجُمنِ خواتین میں بطور مُعلّم خدمت کر رہی تھی جب وہ ۹۱ برس کی عُمر میں وفات پا گئی۔ مُجھے یہ جان کر دُکھ ہُوا کہ اُس نے اپنی بطریقی برکت نہیں پائی تھی۔ اُس نے اپنی زندگی میں بہت سی مشکلات کا سامنا کِیا، اور چُوں کہ اُس کے گھر میں کوئی کہانتی حامِل موجود نہ تھا، اِس لیے اُس کو بہت سی کہانتی برکات نہیں ملی تھیں۔ مُمکن ہے کہ بطریقی برکت اُسے اُس وقت تسلّی بخشتی جب اُسے اِس کی سب سے زیادہ ضرورت تھی۔

بالغان، اگر آپ نے ابھی تک اپنی بطریقی برکت نہیں پائی، تو براہِ کرم پریشان مت ہوں! ہر ایک کی رُوحانی ٹائم لائن مُختلف ہے۔ اگر آپ ۳۵ یا ۸۵ برس کے ہیں اور آپ کی آرزُو ہے، تو اپنی برکت پانے کی بابت اپنے بشپ سے بات کریں۔

نئے کلِیسیائی اَرکان، کیا آپ نے بطریقی برکات کی بابت سُنا ہے؟ جب مَیں نے کلِیسیا میں شمُولیت کی تو مَیں اِس کی بابت نہیں جانتا تھا، مگر میرے عزیز بشپ نے مُجھے بطریقی برکات کے بارے میں بتایا اور بپتِسما پانے کے بعد اِس کو پانے کی تیاری کرنے میں میری حوصلہ افزائی کی۔ میرے عزیز نئے اَرکان، آپ بھی بطریقی برکت پا سکتے ہیں۔ خُداوند اِس مُقدّس موقع کے واسطے تیار ہونے میں آپ کی معاونت فرمائے گا۔

آئیے بطریقی برکت کے دو مقاصد پر غور کریں:

  1. بطریقی برکت میں خُداوند کی طرف سے آپ کے لیے ذاتی مشورت شامِل ہوتی ہے۔۲

  2. بطریقی برکت اِسرائیل کے گھرانے میں آپ کے اصل و نسب کا بیان کرتی ہے۔

آپ کی بطریقی برکت آپ کے آسمانی باپ کی طرف سے پیغام بھی ہے اور مُمکنہ طور پر اِس میں عُمر بھر آپ کی راہ نُمائی کے واسطے وعدے اور اِلہامی مشورت شامِل ہوگی۔ بطریقی برکت آپ کی زندگی کا نقشہ نہیں کھینچ سکتی یا آپ کے تمام سوالوں کے جواب نہیں دے گی۔ اگر اِس میں زندگی کے کسی اہم واقعہ کا ذکر نہ ہو، تو یہ مت سمجھیں کہ آپ کو یہ موقع نہیں ملے گا۔ اِسی طرح، اِس بات کی بھی ضمانت نہیں ہے کہ آپ کی برکت میں شامل ہر چیز اِس زندگی میں رُونما ہوگی۔ بطریقی برکت اَبدی ہے، اور اگر آپ اہل زندگی بسر کرتے ہیں، تو وہ وعدے جو اِس زندگی میں وفا نہیں ہوتے وہ آنے والی زندگی میں عطا کِیے جائیں گے۔۳

جب آپ اپنے اصل و نسب کا علم پاتے ہیں، تو آپ جان جائیں گے کہ آپ بنی اِسرائیل اور ابرہام کی نسل سے ہیں۔۴ اِس کی اہمیت کو سمجھنے کے لیے، اُن وعدوں پر توجّہ مرکُوز کریں جو خُداوند نے ابرہام کے ذریعے بنی اِسرائیل سے کِیے تھے۔

اُن وعدوں میں شامِل ہیں:

  • ”اُس کی نسل بے شُمار ہوگی (دیکھیے پَیدایش ۱۷:‏۵–۶؛ ابرہام ۹:۲؛ ۳:‏۱۴

  • ”اُس کی نسل، یا اولاد، اِنجِیل پائے گی اور کہانت بردار ہوگی (دیکھیے ابرہام ۹:۲

  • ”اُس کی نسل کی خدمت کے وسیلہ سے، ’زمین کے سارے کُنبے برکت پائیں [گے]، حتیٰ کہ اِنجِیل کی برکات، جو نجات کی برکات ہیں، حتیٰ کہ اَبدی زندگی کی برکات‘ (ابرہام ۱۱:۲)۔“۵

کلِیسیائی اَرکان کی حیثیت سے، ہم عہد کی اولاد ہیں۔۶ جب ہم اِنجِیل کے قوانین اور رسُوم کی فرماں برداری کرتے ہیں تو ہم ابرہامی برکات حاصل کرتے ہیں۔

اپنی بطریقی برکت کی تیاری آسمانی باپ اور یِسُوع مسِیح پر آپ کے ایمان کو بڑھانے میں آپ کی معاونت کرے گی۔ اور جب آپ اپنی بطریقی برکت پاتے اور پڑھتے اور اِس پر غور و خوص کرتے ہیں، تو آپ اِن پر زیادہ توجّہ مرکُوز کر سکتے ہیں۔

صدر تھامس ایس مانسن نے وضاحت کی ہے کہ، ”وہی خُداوند جس نے لِحی کے لیے لیحونا مُہیا کِیا تھا وہ آج آپ کے اور میرے واسطے ایک نایاب اور قابلِ قدر نعمت فراہم کرتا ہے جو ہماری زندگیوں کو سِمت بخشتا، ہمارے تحفظ کو لاحق خطرات کی نِشان دہی کرتا، اور راستا، حتیٰ کہ محفُوظ راستا تیار کرتا—اور موعُودہ سرزمین پر نہیں، بلکہ ہمارے آسمانی مَسکن تک پُہنچاتا ہے۔“۷

میرے عزیز بشپ صاحبان، والدین، بُزرگوں کی جماعت اور اَنجُمنِ خواتین کے صدُور، مشن کے قائدینِ حلقہ، خدمت گُزار بھائیو اور بہنو، براہِ کرم اُن نوجوان مردوں اور نوجوان خواتین، بالغ اَرکان، اور نئے اَرکان کی حوصلہ افزائی کریں جنھوں نے تاحال اپنی بطریقی برکت نہیں پائی اُن کی معاونت کریں کہ وہ خُداوند کی ہدایت پانے اور خُود کو ایسا کرنے کے واسطے تیار کرنے کے خواہاں ہوں۔

مَیں اکثر اور دُعاگو ہو کر اپنی بطریقی برکت کو پڑھتا ہُوں؛ یہ مُجھے ہمیشہ حوصلہ افزائی بخشتی ہے۔ مَیں پہچانتا ہُوں کہ خُداوند مُجھ سے کیا توقع رکھتا ہے، اور اِس نے توبہ کرنے اور فروتن ہونے میں میری معاونت کی ہے۔ جب مَیں اِسے پڑھتا اور اِس پر غور و خوص کرتا ہُوں، تو مَیں اِس کی موعُودہ برکات پانے کے اہل زندگی بسر کرنا چاہتا ہُوں۔

جس طرح ہم نے صحائف کو کئی بار پڑھا ہے پَر بعد میں ہمارے واسطے اِس کا ایک نیا مفہوم ہوتا ہے، بالکل اِسی طرح ہماری بطریقی برکت مُختلف اوقات میں ہمارے واسطے مُختلف مفہوم رکھتی ہے۔ میری برکت کا مفہوم اب فرق ہے جیسا کہ جب مَیں۳۰ برس کا تھا اور جب مَیں۵۰ برس کا تھا تو میرے واسطے اِس کا مفہوم مُختلف تھا۔ یہ نہیں کہ الفاظ بدل جاتے ہیں، بلکہ ہم اِنھیں مُختلف انداز میں دیکھیں گے۔

صدر ڈیلن ایچ اوکس نے اعلان کِیا کہ بطریقی برکت ”رُوحُ القُدس کے اِلہام کے تحت دی جاتی ہے اور اِسی رُوح کے زیرِ اثر اِسے پڑھنا اور اِس کی تشریح کرنی چاہیے۔ بطریقی برکت کے مفہوم اور اہمیت کو اُسی رُوح کی قُدرت کے وسیلہ سے آہستہ آہستہ سِکھایا جائے گا جس نے [اِسے] اِلہام بخشا تھا۔“۸

بھائیو اور بہنو، مَیں اپنی گواہی دیتا ہُوں کہ آسمانی باپ اور اُس کا محبوب اور اِکلوتا بیٹا، خُداوند یِسُوع مسِیح زندہ ہے۔ وہ ہمیں پیار کرتے ہیں۔ بطریقی برکات اُن کی طرف سے مُقدّس نعمتیں ہیں۔ جب آپ اپنی برکت پاتے ہیں، تو آپ کو احساس ہوگا اور آپ محسُوس کریں گے کہ وہ آپ سے کتنا پیار کرتے ہیں اور انفرادی طور پر آپ پر کیسے توجّہ مرکُوز کرتے ہیں۔

مورمن کی کتاب یِسُوع مسِیح کی بابت ایک اور عہد نامہ ہے۔ اور مَیں زندہ نبی، صدر رسل ایم نیلسن کی قیادت کے لیے مشکُور ہُوں۔

مَیں اپنے نجات دہندہ، یِسُوع مسِیح کے واسطے بہت شُکر گُزار ہُوں۔ اِس ایسٹر کے اِتوار کو مَیں اُس پر اور اُس کے جی اُٹھنے پر توجّہ مرکُوز کرُوں گا، اور اُس کی عِبادت کرُوں گا اور اُس کی قُربانی کا شُکریہ اَدا کرُوں گا۔ مَیں جانتا ہُوں کہ اُس نے بہت عمِیق دُکھ سہے کیوں کہ وہ ہم سے بہت عمِیق محبّت کرتا ہے۔ مَیں جانتا ہُوں کہ وہ ہمارے واسطے اپنی محبّت کی بدولت جی اُٹھا تھا۔ وہ ایک حقیقت ہے۔ مَیں اِس کی گواہی یِسُوع مسِیح کے نام پر دیتا ہُوں، آمین۔

حوالہ جات

  1. دیکھیں عمُومی ہدایت نامہ: کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسِینِ آخِری ایّام میں خدمت کرنا، ۱۸.۱۷، ChurchofJesusChrist.org۔

  2. دیکھیے ”بطریقی برکات،“ خلُوصِ ایمان میں، ( ۲۰۰۴ )، ۱۱۲۔

  3. دیکھیے ”بطریقی برکات،“ خلُوصِ ایمان میں، ۱۱۳۔

  4. دیکھیے ابرہام ۲:‏۱۰۔

  5. ابرہامی عہد،“ خلُوصِ ایمان میں، ۵۔

  6. دیکھیے ۳ نیفی ۲۰:‏۲۵–۲۶۔

  7. تھامس ایس مانسن، ”آپ کی بطریقی برکت: نُور کا لیحونا،“ انزائن، نومبر ۱۹۸۶، ۶۵۔

  8. ڈیلن ایچ اوکس، ”بطریقی برکات،“ عالم گیر قیادتی تربیتی مجلس: بطریق، ۸ جنوری ، ۲۰۰۵، ۰ ۱۔