مجلسِ عامہ
اِیمان کے ساتھ مُستقبل کو گلے لگائیں
مجلسِ عامہ اکتوبر ۲۰۲۰


اِیمان کے ساتھ مُستقبل کو گلے لگائیں

مُستقبل اُن لوگوں کے لیے شان دار ہوگا جو تیار ہیں اور جو خُداوند کے ہاتھ میں وسِیلہ بننے کے لیے پیہم تیار رہتے ہیں۔

یہ ناقابلِ فراموش شام رہی ہے۔ میری پیاری بہنو، آپ کے ساتھ ہونا باٰعثِ مُسرت ہے۔ پچھلے چند مہینوں کے دوران میں میرے ذہن میں کلِیسیا کی خواتین کا خیال بہت بار آیا ہے۔ آپ مضبوط خواتین آٹھ لاکھ سے زیادہ ہیں۔ آپ فقط تعداد نہیں ہیں بلکہ دُنیا کے بدلنے کے لیے رُوحانی قُوّت ہیں۔ مَیں نے آپ کو اِس وبا کے دوران میں بالکل اَیسا کرتے دیکھا ہے۔

آپ میں سے بعض نے فوراً اپنے آپ کو بچے کُھچے سازومان یا نئی نوکری کی تلاش میں مصروف کر لیا۔ کئی نے بچّوں کو پڑھایا اور پڑوسیوں کی خبر گیری کی۔ بعض نے توقع سے قبل مُبلغین کا گھر میں اِستقبال کیا، جب کہ دُوسروں نے اپنے اپنے گھر کو مشنری ٹریننگ سنٹرز میں بدل ڈالا۔ آپ نے خاندانوں اور دوستوں سے رابطہ قائم کرنے، تنہا محسوس کرنے والوں کی خدمت کرنے، اور دُوسروں کے ساتھ میرے پیچھے چلے آؤ سیکھنے کے لیے ٹکنالوجی کا اِستعمال کیا ہے۔ آپ نے سبت کو خُوش گوار بنانے کے لیے نئے نئے طریقے ڈھونڈ لیے ہیں۔ اور آپ نے لاکھوں کی تعداد میں حفاظتی ماسک بنائے ہیں۔

دلی ہمدردی اور شفقت کے ساتھ، میرا دِل دُنیا کی بہت سی خواتین کے لیے فکرمند ہو جاتا ہے جن کے عزیز و اقارب وفات پا گئے ہیں۔ ہم اُن کے ساتھ ماتم کرتے ہیں۔ ہم آپ کے لیے دُعا کرتے ہیں۔ ہم اُن سب کی تعریف کرتے ہیں اور دُعا گو ہیں جو دُوسروں کی صحت کے تحفظ کے لیے انتھک محنت کرتے ہیں۔

آپ نوجوان لڑکیاں بھی باکمال رہی ہیں۔ اگرچہ سوشل میڈیا پر بھرپُور بحث و تکرار رہتی ہے، آپ میں سے بہت سوں نے دُوسروں کی حوصلہ افزائی کرنے اور ہمارے نجات دہندہ کا نُور پھیلانے کے طریقے ڈھونڈ لیے ہیں۔

بہنو، آپ سب نے بِلا شُبہ بہادری کا مُطاہرہ کیا ہے! مَیں آپ کی ہمت اور آپ کے اِیمان پر حیران ہوتا ہُوں۔ آپ نے یہ ثابت کیا ہے کہ مُشکل حالات میں بھی، آپ بہادری کے ساتھ آگے بڑھتی ہیں۔ مجھے آپ سے اُلفت ہے، اور مَیں آپ کو یقین دِلاتا ہُوں کہ خُداوند آپ سے پیار کرتا ہے اور آپ جو کارِ عظیم انجام دے رہی ہیں اُسے دیکھتا ہے۔ آپ کا شکریہ! ایک بار پھر، آپ نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ آپ واقعی اِسرائیل کی آس ہیں!

آپ اُن اُمیدوں کی صُورت گری کرتی ہیں جو صدر گورڈن بی ہنکلی نے آپ سے وابستہ کی تھیں جب اُنھوں نے ۲۵ برس قبل اِنجمنِ خواتین کی مجلِسِ عامہ میں ستمبر ۱۹۹۵ میں ”خاندان: دُنیا کے لیے فرمان،“ مُتعارف کرایا تھا۔۱ یہ پُرمعنی بات ہے کہ اُنھوں نے اِس اہم اَعلان کو کلِیسیا کی بہنوں کے سامنے پیش کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اَیسا کر کے، صدر ہنکلی نے خُداوند کے منصُوبے میں خواتین کے ناقابل تلافی اَثر و رسُوخ پر زور دیا۔

اب، مَیں یہ جاننا چاہُوں گا کہ اِس برس آپ نے کیا سِیکھا ہے۔ کیا آپ خُداوند کے زیادہ قریب ہوئیں ہیں، یا آپ کو اِس سے زیادہ دُوری محسوس ہوتی ہے؟ اور حالیہ واقعات نے آپ کو مُستقبل کے بارے میں کیا احساس دِلایا ہے؟

مسلمہ طور پر، خُداوند نے ہمارے زمانے کے بارے میں سچّا اور سنجیدہ کلام فرمایا ہے۔ اُس نے خبردار کیا کہ ہمارے زمانے میں ”آدمیوں کی جان میں جان نہ رہے گی“۲ اور کہ برگُزِیدوں کے بھی گُم راہ ہونے کا خدشہ ہوگا۔۳ اُس نے نبی جوزف سمتھ کو بتایا کہ ”زمِین سے اَمن اُٹھا لیا جائے [گا]“۴ اور بنی نوع اِنسان پر مُصیبتیں آئیں گی۔۵

اِس کے باوجُود خُداوند نے یہ رویا بھی نازِل کی ہے کہ یہ زمانہ کس قدر بےمثال ہے۔ اُس نے نبی جوزف سمتھ کو اِلہام دیا کہ اِعلان کرے کہ ”کارِ ایّام آخِیر اِنتہائی وسیع و رفیع ہے۔ … اِس کے فضائل بیان سے باہر، اور اِس کی شان و شوکت ناقابلِ تسخیر۔“۶

اب، اِن گُزشِتہ چند مہینوں کو بیان کرنے کے لیے آپ شاید لفظ پُروقار کا اِنتخاب نہ کریں! ہم اپنے زمانے کی بابت مغموم نبوتوں اور پُرجلال فرمانوں سے کیسے نمٹتے ہیں؟ خُداوند نے ہمیں سادہ، لیکن کمال یقین دہانی کے ساتھ بتایا ہے: ”اگر تُم تیار ہو،تُم خوف نہ کھاؤ گے۔“۷

کتنا خوب صورت وعدہ ہے! یہی ایک ہے جو واقعی اپنے اپنے مُستقبل کو دیکھنے کے اَنداز کو بدل سکتا ہے۔ مَیں نے حال ہی میں بڑی مضبوط گواہی والی خاتون کو یہ اعتراف کرتے ہوئے سُنا ہے کہ وادی سالٹ لیک میں زلزلے کے ساتھ ساتھ وبا نے اِس کو یہ سمجھنے میں مدد دی ہے کہ وہ اِتنا تیار نہیں ہے جتنا وہ سوچتی ہے۔ جب مَیں نے پُوچھا کہ آیا وہ اپنی خُوراک کے ذخیرے یا اپنی گواہی کا حوالہ دے رہی ہے تو، وہ مسکرا کر بولی، ”جی ہاں!“

اگر تیاری ہی اِس زمانے کو اور اپنے اپنے مُستقبل کو اِیمان کے ساتھ قبول کرنے کی کلید ہے تو ہم کس طرح بہتر تیاری کرسکتے ہیں؟

کئی دہائیوں سے، خُداوند کے نبیوں نے ہم پر زور دیا ہے کہ ہنگامی صُورتِ حال کے لیے خُوراک، پانی اور مالی بچت کو محفوظ کریں۔ موجودہ عالم گیر وبا نے اِس نصیحت کی حکمت کو تقویت بخشی ہے۔ میری آپ سے گُزارش ہے کہ دُنیاوی طور پر تیار رہنے کے لیے اقدامات کریں۔ بلکہ مَیں آپ کی رُوحانی اور جذباتی تیاری کے بارے میں اور بھی زیادہ فکر مند ہُوں۔

اِس حوالے سے، ہم سِپہ سالار مرونی سے بہت کچھ سِیکھ سکتے ہیں۔ نیفی فوجوں کے کمانڈر کی حیثیت سے، اُس کو مُخالف قوتوں کا مُقابلہ کرنا پڑا جو بہت زیادہ مضبوط تھے، بڑی کثیر تعداد میں تھے اور نہایت سفاک تھے۔ چُناں چہ، مرونی نے اپنے لوگوں کو تین ضروری طریقوں سے تیار کیا۔

پہلا، اُس نے اُن کے لیے اَیسے علاقے تیار کیے جہاں وہ محفوظ رہ سکتے تھے—”پناہ گاہیں“ اُس نے اُنھیں کہا۔۸ دُوسرا، اُس نے ”لوگوں کے ذہنوں کو تیار کیا کہ وہ خُداوند کے وفادار رہیں۔“۹ اور تیِسرا، وہ اپنے لوگوں کی رُوحانی یا دُنیاوی تیاری کرنے سے کبھی باز نہ آیا۔۱۰ آئیے ہم اِن تین اُصُولوں پر غوروفکر کریں۔

اُصُول نمبر ایک: پناہ گاہیں تیار کریں۔

مرونی نے ہر نیفی شہر کو پشتوں، قلعوں اور فصیلوں سے مضبوط بنایا۔۱۱ جب لامنی اُس پر حملہ آور ہُوئے، تو اُنھیں ”اُن کی پناہ گاہوں کی تیاری کے سبب سے نیفیوں کی حِکمتِ عملی پر بڑا تعجب ہُوا۔“۱۲

اِسی طرح، جیسے جیسے ہمارے اِرد گِرد ہنگامہ برپا ہوتا ہے، ہمیں دُنیاوی اور رُوحانی طور پر اَیسی جگہیں بنانے کی ضرورت ہے جہاں ہم محفوظ ہوں۔ جب آپ کا گھر اِیمان کی ذاتی خانقاہ بنتی ہے—جہاں رُوح بسیرا کرتی ہے—آپ کا گھر دفاع کی پہلی صف بنتا ہے۔

اِسی طرح، صِیّون کی میخیں ”طوفان سے پناہ کے لیے ہیں“۱۳ کیوں کہ اُن کی قیادت وہ کرتے ہیں جن کے پاس کہانت کی کُنجیاں ہیں اور کہانتی اِختیار کو بروئے کار لاتے ہیں۔ جب آپ اُن لوگوں کی ہدایات پر عمل کرتے رہیں گے جن کو خُداوند نے آپ کی راہ نمائی کرنے کا اِختیار بخشا ہے تو، آپ کو بہت زیادہ تحفظ محسوس ہوگا۔

ہیکل—خُداوند کا گھر—کسی دُوسری کی نِسبت پناہ گاہ ہے۔ وہاں، آپ بہنوں کو کہانتی قُدرت عطا کی جاتی ہے اُن مُقدّس کہانتی عہُود کے وسِیلے سے جو آپ باندھتی ہیں۔۱۴ وہاں، آپ کے خاندان ابَدیّت کے لیے مُہر بند ہوتے ہیں۔ حتٰی کہ اِس سال، جب ہماری ہیکلوں تک رسائی شدِید محدود ہوگئی تھی، آپ کی ودیعت کی بدولت آپ کو خُدا کی قُدرت تک مُستقل رسائی حاصل ہوگئی ہے چُوں کہ آپ نے اُس کے ساتھ اپنے عہُود احترام کیا ہے۔

سیدھے سادے لفظوں میں، جائے پناہ ہر اُس جگہ ہے جہاں آپ رُوحُ القُدس کی موجودگی کو محسوس کرسکتے اور اُس کی ہدایت پا سکتے ہیں۔۱۵ جب رُوحُ القُدس آپ کے ساتھ ہے، تو آپ سچّائی سِکھا سکتے ہیں، بےشک یہ غالب آرا کے برعکس ہوتی ہے۔ اور آپ اِلہامی ماحول میں اِنجیل کے بارے میں مخلصانہ سوالات پر غور کر سکتے ہیں۔

میری پیاری بہنو، مَیں آپ کو دعوت دیتا ہُوں کہ اَیسا گھر تیار کرے جو جائے پناہ ہو۔ اور مَیں آپ کے لیے اپنے دعوت نامہ کی تجدید کرتا ہُوں تاکہ آپ کہانتی قُدرت اور ہیکل کے عہُود اور رحمتوں کے بارے میں اپنے اِدراک کو بڑھائیں۔ نِجات دہندہ کی آمدِ ثانی کے بارے میں پیش گوئیاں مجھے اِیمان کے ساتھ مستقبل کا سامنا کرنے میں مدد دے سکتی ہیں۔پناہ گاہیں جہاں آپ خلوت نشینی لے سکتے ہیں جو آپ کو اِیمان کے ساتھ مستقبل کو گلے لگانے میں مدد دے گی۔

اُصُول نمبر دو:خُدا کے ساتھ وفادار رہنے کے لیے اپنے ذہن کو تیار کریں۔

ہم نے سالٹ لیک ہیکل کی پائداری اور صلاحیت بڑھانے کے لیے بڑا وسیع منصُوبہ شُروع کیا ہے۔

شبیہ
سالٹ لیک ہَیکل کی تعمیر

بعض لوگوں نے اِس طرح کے غیر معمولی اقدامات اُٹھانے کی ضرورت پر سوال اُٹھایا۔ تاہم، جب سالٹ لیک کی وادی میں اِسی برس کے شُروع میں ۵ اعشاریہ ۷ کی شدت کے زلزلے کا سامنا کرنا پڑا، تو اِس قابِل تکریم ہیکل کو اتنا زور سے جھٹکا لگا کہ مرونی فرشتے کے مجسمے پر لگا نرسِنگا گر گیا!۱۶

شبیہ
فرِشتہ مرونی گِرے ہُوئے نرسِنگے کے ساتھ

جس طرح قُدرتی آفات سےنمٹنے کے لیے سالٹ لیک ہیکل کی مادی بُنیادوں کو کافی مضبوط ہونا چاہیے، بالکل اُسی طرح ہماری رُوحانی بُنیادیں بھی مضبوط ہونی چاہئیں۔ پھر، جب ازراہ اِستعارہ زلزلے ہماری زِندگی کو جھنجھوڑتے ہیں، تو ہم اپنے اِیمان کی وجہ سے ”ثابت قدم اور اَٹل“ کھڑے ہو سکتے ہیں۔۱۷

خُداوند نے ہمیں سِکھایا ہے کہ کیسے اپنے اِیمان کو مُضبوط کرنا ہے”سیکھنے کے مُشتاق رہ کر، یعنی مُطالعہ سے اور اِیمان سے بھی۔“۱۸ ہم یِسُوع مسِیح پر اپنے اِیمان کو مستحکم کرتے ہیں جب ہم اُس کے حُکموں کو ماننے کی کوشش کرتے ہیں اور ”ہمیشہ اُس کو یاد رکھتے ہیں۔“۱۹ مزید، جب بھی ہم اُس پر اپنے اِیمان کا عملی مُطاہرہ کرتے ہیں تو ہمارا اِیمان بڑھتا ہے۔ اِیمان کے وسِیلے سے سِیکھنے کا مطلب یہی ہے۔

مثال کے طور پر، ہر بار خُدا کے قوانین کے فرماں بردار ہونے کے لیے ہمارے پاس اِیمان ہے—یعنی جب غالب آرا ہمیں حقیر جانتی ہیں—یا جب بھی ہم اَیسی تفریح یا نظریات کی مخالفت کرتے ہیں جو عہد شکنی کا جشن مناتے ہیں، تو ہم اپنے اِیمان کو بروئے کار لاتے ہیں، جس کے بدلے میں ہمارا اِیمان بڑھتا ہے۔

مزید یہ کہ، مورمن کی کِتاب میں باقاعدگی سے محوِ مُطالعہ ہونے کے مقابلے میں چند چیزیں ہی اِیمان کو مزید تقویت دیتی ہیں۔ کوئی دُوسری کِتاب یِسُوع مسِیح کی گواہی اَیسی قُدرت اور وضاحت کے ساتھ نہیں دیتی۔ اِس کے نبیوں نے چُوں کہ خُداوند کی طرف سے معرفت پا کر ہمارا زمانہ دیکھا اور اَیسی تعلیم اور سچّائیوں کو چُنا جو ہمیں سب سے زیادہ فائدہ پہنچاتی ہیں۔ مورمن کی کِتاب ہمارے آخِری زمانے کی راہ نمائے بقا ہے۔

بے شک، ہماری حتمی سلامتی اِسی وقت آتی ہے جب ہم اپنے آپ کو آسمانی باپ اور یِسُوع مسِیح کے ساتھ جوڑ دیتے ہیں! خُدا کے بغیر زِندگی خَوف سے بھری زندگی ہے۔ خُدا کے ساتھ زِندگی سلامتی سے بھری زندگی ہے۔ اِس کی وجہ یہ ہے کہ اِیمان دار کو روحانی برکتیں ملتی ہیں۔ اِنفرادی مُکاشفہ پانا سب سے بڑی نعمت ہے۔

خُداوند نے وعدہ کیا ہے کہ اگر ہم مانگے گے، تو ہم پائیں گے ”مُکاشفے پر مُکاشفہ۔“۲۰ مَیں وعدہ کرتا ہُوں کہ جب آپ مُکاشفہ پانے کی لیاقت کو بڑھاتے ہیں، تو خُداوند آپ کو آپ کی زِندگی کے لیے کثیر ہدایت کی برکت اور رُوح کی بیش بہا نعمتوں سے نوازے گا۔

اُصُول نمبر تین: تیاری کرنا کبھی ترک مت کریں

یہاں تک کہ جب مُعاملات ٹھیک رہے، سِپہ سالار مرونی اپنے لوگوں کو تیار کرتا رہا۔ وہ کبھی باز نہ آیا۔ وہ نہ کبھی آسودہ ہُوا۔

دُشمن کبھی حملہ آور ہونے گُریز نہیں کرتا۔ چُناں چہ، ہم تیاری کبھی نہیں روک سکتے ہیں! ہم جتنے زیادہ خُود کفیل ہوتے ہیں—دُنیاوی، جذباتی، اور رُوحانی—ہم شیطان کے لاتعداد حملوں کو ناکام بنانے کے لیے اُتنے زیادہ تیار ہوتے ہیں۔

عزیز بہنو، آپ اپنے واسطے اور اپنے عزیزوں کے لیے پناہ گاہیں تیار کرنے کے حوالے سے ماہر ہیں۔ مزید یہ کہ آپ کے پاس اِلہٰی عطا ہے جو آپ کو دُوسروں کے اندر موّثر طریقوں سے اِیمان پیدا کرنے کے قابل بناتی ہے۔۲۱ اور آپ کبھی نہیں رُکتیں۔ آپ نے اِس برس ایک بار پھر یہ ثابت کیا ہے۔

براہِ کرم، جاری رکھیں۔ اپنے گھروں کی حفاظت اور اپنے پیاروں کے دلوں میں اِیمان پَیدا کرنے میں آپ کی بیداری آنے والی نسلوں کو اَجر عطا کرے گی۔

میری پیاری بہنو، ہمارے پاس مُستقبل کے لیے بہت زیادہ ہے! خُداوند نے آپ کو اِس وقت یہاں مقرر کیا ہے کیوں کہ وہ جانتا تھا کہ آپ کے پاس اِن آخِری ایّام کے آخِری حِصّہ کی پیچیدگیوں پر بات چیت کرنے کی صلاحیت ہے۔ وہ جانتا تھا کہ آپ اِس کے کارِ عظیم کو جان لیں گے اور اُسے انجام دینے میں مدد کے لیے بے چین ہوں گے۔

مَیں یہ نہیں کہہ رہا کہ آنے والے ایّام آسان ہوں گے، لیکن مَیں آپ سے وعدہ کرتا ہُوں کہ مُستقبل اُن لوگوں کے لیے شان دار ہوگا جو تیار ہیں اور جو خُداوند کے ہاتھ میں وسِیلہ بننے کے لیے پیہم تیار رہتے ہیں۔

میری پیاری بہنو، ہم فقط اِس حالیہ دَور کو برداشت برداشت نہ کریں۔ آئیے ہم مُستقبل کو اِیمان کے ساتھ گلے لگائیں! تلاطُم کی گھڑیاں ہمارے لیے رُوحانی طور پر فروغ پانے کے مواقع ہیں۔ یہی وہ وقت ہے جب ہمارا اَثر و رسُوخ پُرسکُون وقت کے مقابلے میں کہیں زیادہ پُرتاثیر ہو سکتا ہے۔

مَیں وعدہ کرتا ہُوں کہ جب ہم پناہ گاہیں تیار کرتے ہیں، خُدا کے ساتھ وفادار رہنے کے لیے اپنے ذہنوں کو تیار کرتے ہیں، اور تیاری کو کبھی نہیں رُکنے دیتے، تو خُدا ہمیں برکت دے گا۔ وہ” ہمیں چھُڑائے گا، ہاں، چُناں چہ وہ ہماری جانوں کو تسلّی دے [گا]، اور ہمیں عظیم اُلشان اِیمان بخشے [گا]، اور … تاکہ ہم اُس پر اپنی رہائی کی آس رکھ [سکیں]۔“۲۲

جُونہی آپ مُستقبل کو اِیمان کے ساتھ گلے لگانے کی تیاری کریں گے، یہ وعدے آپ کے ہوں گے! مَیں پَس گواہی دیتا ہُوں، آپ کے واسطے اپنے پیار بھرے اِظہار، اور آپ پر اپنے اَعتماد کے ساتھ، یِسُوع مسِیح کے مُقدّس نام پر، آمین۔

حوالہ جات

  1. دیکھیے ”خاندان: دُنیا کے لیے فرمان،“ .ChurchofJesusChrist.org اپنے خطاب کے دوران میں جس میں یہ فرمان شامِل تھا، صدر گورڈن بی ہنکلی نے بہنوں سے فرمایا: ”مَیں آپ کی ہمت اور آپ کی وفاداری، آپ کے اِیمان، آپ کی محبت کے لیے شُکر گُزار ہُوں۔ مَیں اِس عزم کا شکر گزار ہُوں جو آپ اپنے دِلوں میں اِیمان کے ساتھ چلنے، حُکموں کو بجا لانے، ہر وقت اور ہر حال میں راست کام انجام دینے کے لیے کرتی ہیں“ ”(دُنیا کی چالوں کے خِلاف مضبوطی سے کھڑی رہیں،“ اَنزائن، نومبر ۱۹۹۵، ۹۸–۹۹)۔

  2. لُوقا ۲۱:‏۲۶؛ مزید دیکھیں عقائد اور عہود ۴۵:‏۲۶۔

  3. دیکھیں متّی ۲۴:‏۲۴؛ جوزف سمتھ—متّی ۱:‏۲۲۔

  4. عقائد اور عہُود ۱:‏۳۵۔

  5. دیکھیں عقائد اور عہُود ۱:‏۱۷۔ پولوس رسُول نے نبوت فرمائی کہ ”اخِیرزمانہ میں بُرے دِن آئیں [گے]۔“ یہ ہمارے ایّام کو رُوحانی طور پر مکار بناتی ہے۔ (دیکھیں ۲ تِیمُتھِیُس ۳:‏۱–۵۔)

  6. کلِیسیا کے صدور کی تعلیمات: جوزف سمتھ (۲۰۰۷)، ۵۱۲۔

  7. عقائداور عہُود ۳۸:‏۳۰۔

  8. دیکھیں ایلما ۴۹:‏۵؛ ۵۰:‏۴۔

  9. ایلما ۴۸:‏۷۔

  10. دیکھیں ایلما ۴۹–۵۰۔

  11. دیکھیں ایلما ۴۸:‏۸۔

  12. ایلما ۴۹:‏۵؛ تاکید کا اضافہ کیا گیا ہے۔

  13. عقائد اور عہُود ۱۱۵:‏۶۔

  14. دیکھیں رسل ایم نیلسن، ”رُوحانی خزانے،“ لیحونا، نومبر ۲۰۱۹، ۷۶–۷۹۔

  15. اِیلائزا آر سنو نے سِکھایا کہ رُوحُ القُدس ”ہر اِنسانی اُمنگ کو پُورا کرتا اور تشفی دیتا ہے۔ … جب مَیں رُوحُ سے معمور ہوتی ہُوں، تو میری جان اطمینان پاتی ہے، اور مَیں نیک نیتی سے کہہ سکتی ہُوں، کہ روزمرہ کی چھوٹی چھوٹی چِیزیں میرے راستے میں بالکل حائل نہیں ہو سکتیں۔ … کیا ہمارا یہ اعزاز نہیں ہے کہ ہم اَیسے زِندگی بسر کریں کہ یہ ہماری جانوں میں پیہم سرایت کرتی رہے؟“(in میری بادِشاہت میں دُختران: اَنجمنِ خواتین کی کارکردگی اور تاریخ [۲۰۱۱]، ۴۶)۔

  16. See Daniel Burke, “Utah Earthquake Damages Mormon Temple and Knocks Trumpet from Iconic Angel Statue,” Mar. 18, 2020, cnn.com.

  17. مضایاہ ۵:‏۱۵۔

  18. عقائد اور عہود ۸۸: 118؛ تاکید اضافی ہے۔

  19. مرونی ۴:‏۳۔

  20. عقائد اور عہُود ۴۲:‏۶۱۔

  21. پولوس رسُول نے اِس حقیقت کی طرف اِشارہ کیا جب اُس نے تِیمُتھِیُس کے بےریا اِیمان کو اُس کی نانی (لُوئِس) اور ماں (یُونِیکے) سے مُنسوب کیا (دیکھیں ۲ تِیمُتھِیُس ۱:‏۵

  22. ایلما ۵۸:‏۱۱۔