صحائف
تعارُف


تعارُف

مورمن کی کِتاب، کِتابِ مُقدّس کی طرح، مُقدّس نوِشتوں کا مجمُوعہ ہے۔ یہ قدِیم اَمریکی باشِندوں کے ساتھ خُدا کے مُعاملات کا احوال ہے نِیز اَبَدی اِنجِیل کی مَعمُوری بھی شامِل ہے۔

یہ کِتاب بُہت سے قدِیم نبِیوں نے مُکاشفہ اور نبُوّت کی رُوح سے لِکھی ہے۔ سونے کے اَوراق پر مرقُوم اُن کے کلام سے، مورمن نامی نبی و تارِیخ دان نے حوالہ جات لِیے اور خلاصہ لِکھا۔ یہ صحِیفہ دو عظِیم اُلشان تہذِیبوں کا ذِکر کرتا ہے۔ ایک ۶۰۰ ق۔م۔ میں یرُوشلِیم سے آئی اور بعداَزاں دو قَوموں میں بٹ گئی، نِیفیوں اور لامنوں کے نام سے مشہُور ہُوئی۔ دُوسری بُہت پہلے اُس وقت آئی جب خُداوند نے بابل کے بُرج کے مقام پر زبانوں میں اِختلاف ڈالا۔ یہ گروہ یاردیوں کے نام سے جانا جاتا ہے۔ ہزاروں برس بعد، لامنوں کے سِوا سب نیست و نابُود ہو گئے، اور وہ مقامی اَمریکیوں کے آباواَجداد میں سے ہیں۔

اپنے جی اُٹھنے کے فوراً بعد نِیفیوں کو خُداوند یِسُوع مسِیح کا خُود خِدمت و اِعانت فرمانا عالی و اَفضل واقعہ ہے جو مورمن کی کِتاب میں رقم ہے۔ یہ اِنجِیل کی سچّائیوں کو پیش کرتی ہے، نجات کے منصُوبہ کی وضاحت کرتی ہے، اور اِنسان کو بتاتی ہے کہ اِس زِندگی میں سلامتی اور آنے والی زِندگی میں اَبَدی نجات پانے کے واسطے اُنھیں کیا کرنا ہے۔

مورمن نے اپنی تحرِیروں کو مُکَمَّل کرنے کے بعد، یہ صحِیفہ اپنے بیٹے مرونی کے سُپرد کِیا، جِس نے اپنا کلام شامِل کر کے اَوراق کمورہ کی پہاڑی پر اَخفا کر دیے۔ ۲۱ ستمبر، ۱۸۲۳ کو، وہی مرونی، جی اُٹھی، جلالی ہستی کی صُورت میں جوزف سمتھ نبی پر ظاہر ہُوا اور اُس کو اِس قدِیم صحِیفہ کی بابت ہدایت فرمائی اور انگریزی زبان میں مقصُود ترجمہ کا حُکم دِیا۔

مُقرّرہ وقت پر یہ اَوراق جوزف سمتھ کے سپُرد کِیے گئے، جِس نے خُدا کی قُدرت اور نعمت کے وسِیلے سے اِن کا ترجمہ کِیا۔ یہ صحِیفہ اب کئی زبانوں میں نئی اور مزید گواہی کی حیثیت میں شائع کِیا گیا ہے کہ یِسُوع مسِیح زِندہ خُدا کا بیٹا ہے اور جو کوئی اُس کی طرف رُجُوع لائے گا اور اُس کی اِنجِیل کے قوانین اور رُسُوم کو مانے گا نجات پائے گا۔

اِس صحِیفے کی بابت جوزف سمتھ نبی نے فرمایا: ”مَیں نے بھائیوں کو بتایا کہ مورمن کی کِتاب اِس جہاں میں سب کِتابوں میں سب سے زِیادہ مُستحسن، اور ہمارے مذہب کی اساس ہے، نِیز کسی اور کِتاب کی نِسبت اِس کے حُکموں کے مُطابق زِندگی گُزار کر اِنسان خُدا کے اور زِیادہ قرِیب ہوگا۔“

جوزف سمتھ کے عِلاوہ، خُداوند نے دیگر گیارہ کو خُود سونے کے اَوراق دیکھنے کا موقع بخشا تاکہ وہ مورمن کی کِتاب کی اُلُوہِیت اور سچّائی کے خاص گواہ ٹھہریں۔ اُن کی تحرِیری شہادتیں اِس کے ساتھ ”تین گواہوں کی شہادت“ اور ”آٹھ گواہوں کی شہادت“ کے طور پر شامِل ہیں۔

ہم ہر جگہ ہر اِنسان کو مورمن کی کِتاب پڑھنے کی دعوت دیتے ہیں کہ اِس میں موجُود پیغام پر اپنے اپنے دِل میں غَوروفکر کریں، اور پھر مسِیح کے نام پر، خُدا، اَبَدی باپ، سے پُوچھیں کہ آیا یہ کِتاب سچّی ہے۔ جو اِس شارع پر گام زن ہوتے اور اِیمان سے مانگتے ہیں وہ اِس کی اُلُوہِیت اور سچّائی کی گواہی رُوحُ القُدس کے وسِیلے سے پائیں گے۔ (دیکھیے مرونی ۱۰:‏۳–۵)

جو رُوحُ القُدس کے وسِیلے سے اِس کی اِلہٰی شہادت پاتے ہیں وہ اِسی قُدرت کے وسِیلے سے عِلم پائیں گے کہ یِسُوع مسِیح کُل جہان کا نجات دہندہ ہے، نِیز اِن آخِری ایّام میں جوزف سمتھ اُس کا نبی اور مُکاشفہ بِین ہے، اور کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسِینِ آخِری ایّام خُداوند کی بادِشاہی ہے جو ایک بار پھر مسِیح کی آمدِ ثانی کی تِیاری کے واسطے اِس دُنیا میں قائم کی گئی ہے۔