صحائف
۱ نِیفی ۹


باب ۹

نِیفی سرگُزشت کے دو مجموعے تیار کرتا ہے—دونوں کو نِیفی کے اَوراق کہا جاتا ہے—بڑے اَوراق دُنیاوی تاریخ پر مُشتمل ہیں؛ چھوٹے اَوراق کا بُنیادی طور پر مُقدّس اَمور کے ساتھ واسطہ ہے۔ قریباً ۶۰۰–۵۹۲ ق۔م۔

۱ اور لیموئیل کی وادی میں، خیمے میں قیام کے دوَران میں، یہ ساری باتیں میرے باپ نے دیکھیں اور سُنیں اور کہیں، اور بُہت سی تعجّب خیز باتیں بھی، جو اِن اَوراق پر لِکھی نہیں جا سکتیں۔

۲ اور اب جیسا کہ مَیں اِن اَوراق کی بابت کہہ چُکا ہُوں، دیکھو، یہ وہ اَوراق نہیں جِن پر مَیں نے اپنے لوگوں کی مُکَمَّل تاریخ قلم بند کی ہے؛ کیوں کہ جِن اَوراق پر مَیں نے اپنے لوگوں کا پُورا اَحوال تحریر کِیا ہے مَیں نے اُنھیں نِیفی کا نام دِیا ہے؛ اِس لِیے میرے اپنے نام کی نِسبت سے اُنھیں نِیفی کے اَوراق کہا جاتا ہے اور اِن اَوراق کو بھی نِیفی کے اَوراق کہا جاتا ہے۔

۳ لہٰذا مُجھ پر خُداوند کی طرف سے حُکم نازل ہُوا کہ مَیں خاص مقصد کے لِیے اِن اَوراق کو تیار کروُں تاکہ میرے لوگوں کی خِدمت گُزاری کا حال کُندہ کِیا جائے۔

۴ دُوسرے اَوراق پر بادِشاہوں کے عہدِ سلطنت اور جنگوں اور میرے لوگوں کے جھگڑوں کا حال کُندہ کِیا جائے گا؛ اِس لِیے اِن اَوراق کا بیشتر حِصّہ خِدمت گُزاری اور دُوسرے اَوراق کا بیشتر حِصّہ بادِشاہوں کے عہدِ سلطنت اور جنگوں اور میرے لوگوں کے جھگڑوں پر مُشتمل ہے۔

۵ پَس، خُداوند نے اپنی دانِست کے مُطابق مُجھے اِن اَوراق کو بنانے کا حُکم فرمایا، جِس کے اِرادہ کا مُجھے عِلم نہیں۔

۶ مگر خُداوند تمام باتوں کو اَزل سے جانتا ہے؛ اِس لِیے وہ بنی آدم کے درمیان اپنے تمام کاموں کو پُورا کرنے کے لِیے راستا تیار کرتا ہے؛ کیوں کہ دیکھو، اُسے اپنے سارے فرمانوں کی تکمیل کے واسطے پُوری قُدرت حاصل ہے۔ اور یہ یُوں ہے۔ آمین۔