صحائف
۱ نِیفی ۱۲


باب ۱۲

نِیفی رویا میں موعودہ سر زمِین دیکھتا ہے؛ اُس کے باشندوں کی راست بازی، خطا کاری اور اُن کا زوال؛ اُن کے درمیان میں خُدا کے برّے کی آمد؛ کیسے بارہ شاگِرد اور بارہ رسُول اِسرائیل کا اِنصاف کریں گے؛ اور اُن کی گھناؤنی اور نجس حالت جو بے اعتقادی میں بھٹکتے ہیں۔ قریباً ۶۰۰–۵۹۲ ق۔م۔

۱ اور اَیسا ہُوا کہ فرِشتے نے مُجھ سے کہا: نظر کر، اور اپنی نسل کو دیکھ اور اپنے بھائیوں کی نسل کو بھی۔ اور مَیں نے نظر کی اور وعدے کی سر زمِین دیکھی؛ اور مَیں نے لوگوں کے لشکر دیکھے، ہاں، حتیٰ کہ وہ تعداد میں اِتنے زیادہ تھے جیسے سَمُندر کی ریت کے ذرّے۔

۲ اور اَیسا ہُوا کہ مَیں نے لشکروں کو ایک دُوسرے کے خِلاف لڑائی کے لِیے جمع ہوتے دیکھا؛ اور مَیں نے جنگیں دیکھیں، اور جنگوں کی اَفواہیں، اور اپنے لوگوں میں تلوار سے ہونے والی بڑی ہلاکتیں دیکھیں۔

۳ اور اَیسا ہُوا کہ مَیں نے مُلک میں کئی نسلوں کو دیکھا، جو جنگوں اور جھگڑوں کے نتیجے میں گُزر گئیں؛ اور مَیں نے بُہت سےشہر دیکھے، ہاں، یہاں تک کہ مَیں نے اُنھیں نہ گِنا۔

۴ اور اَیسا ہُوا کہ مَیں نے وعدے کی سر زمِین پر تیرگی کے کُہر کو دیکھا؛ اور مَیں نے بجلیوں کا کڑکنا دیکھا، اور مَیں نے گرجوں اور زلزلوں، اور ہر قسم کے نوحہ و فریاد کا شور سُنا؛ اور مَیں نے زمِین اور چٹانیں دیکھیں، کہ وہ ٹُوٹ پُھوٹ گئیں؛ اور مَیں نے پہاڑوں کو لڑھکتے لڑھکتے ریزہ ریزہ ہوتے دیکھا؛ اور مَیں نے زمِین کے میدانوں کو دیکھا، کہ وہ پھٹ گئے؛ اور مَیں نے بُہت سے شہروں کو دیکھا کہ وہ دھنس گئے؛ اور مَیں نے بُہت سے دیکھے جو آگ سے جلائے گئے؛ اور مَیں نے بُہت سوں کو دیکھا جو زمِین کی تھرتھراہٹ سے لڑھک کر زمِین بوس ہو گئے۔

۵ اور اَیسا ہُوا کہ اِن چیزوں کو دیکھنے کے بعد، مَیں نے تیرگی کی بھاپ کو دیکھا کہ وہ رویِ زمِین پر سے اُٹھائی گئی؛ اور دیکھو، مَیں نے ہجُوم دیکھے جو خُداوند کی بڑی بڑی اور ہولناک سزاؤں کے سبب سے ہلاک نہ ہُوئے تھے۔

۶ اور مَیں نے اَفلاک کو کُھلتے، اور خُدا کے برّے کو آسمان سے اُترتے دیکھا؛ اور وہ نیچے آیا اور خُود کو اُن پر ظاہر کِیا۔

۷ اور مَیں نے دیکھا اور گواہی بھی دی کہ رُوحُ القُدس دیگر بارہ پر نازل ہُوا اور وہ خُدا کی طرف سے مُقرّر کِیے اور چُنے گئے۔

۸ اور فرِشتہ یہ کہہ کر مُجھ سے ہم کلام ہُوا: برّے کے بارہ شاگِردوں کو دیکھ جو تیری نسل کی خِدمت کے لِیے چُنے گئے ہیں۔

۹ اور اُس نے مُجھ سے کہا: کیا تُجھے برّے کے بارہ رسُول یاد ہیں؟ دیکھ یہ وہ ہیں جو اِسرائیل کے بارہ قبیلوں کی عدالت کریں گے؛ پَس، وہ تیری نسل کے بارہ خادموں کی عدالت کریں گے؛ چُوں کہ تُو اِسرائیل کے گھرانے سے ہے۔

۱۰ اور یہ بارہ خادم جنھیں تُو دیکھتا ہے تیری نسل کی عدالت کریں گے۔ اور دیکھ وہ ہمیشہ تک راست باز ہیں؛ پَس خُدا کے برّے پر اُن کے اِیمان کے سبب اُن کے جامے اُس کے خُون سے سفید کِیے گئے ہیں۔

۱۱ اور فرِشتے نے مُجھ سے کہا: نظر کر! اور مَیں نے نظر کی، اور تین نسلوں کو راست بازی میں دُنیا سے جاتے دیکھا؛ اور اُن کے جامے سفید تھے یعنی خُدا کے برّے کی مانِند تھے۔ اور فرِشتے نے مُجھ سے کہا: یہ برّہ کے خُون سے سفید کِیے گئے ہیں، اُس پر اُن کے اِیمان کے سبب۔

۱۲ اور مُجھ نِیفی نے چوتھی پُشت کے بُہتیروں کو دیکھا جو راست بازی میں اِنتقال کر گئے۔

۱۳ اور اَیسا ہُوا کہ مَیں نے زمِین کے لشکروں کو جمع ہوتے دیکھا۔

۱۴ اور فرِشتے نے مُجھ سے کہا: اپنی نسل اور اپنے بھائیوں کی نسل کو بھی دیکھ۔

۱۵ اور اَیسا ہُوا کہ مَیں نے نظر کی اور دیکھا میری نسل کے لوگ میرے بھائیوں کی نسل کے خِلاف لشکروں میں اِکٹھے ہُوئے؛ اور وہ لڑنے کے لِیے جمع ہُوئے تھے۔

۱۶ اور فرِشتہ مُجھ سے یہ کہتے ہُوئے ہم کلام ہُوا: اُس غلیظ پانی کے چشمے کو دیکھ جو تیرے باپ نے دیکھا؛ ہاں، یعنی وہ دریا جِس کی بابت اُس نے کلام کِیا اور اُس کی گہرائیاں جہنم کی گہرائیاں ہیں۔

۱۷ اور تیرگی کے کُہر اِبلِیس کی آزمایشیں ہیں، جو آنکھوں کو اندھا کرتی، اور بنی آدم کے دِلوں کو سخت کرتی ہیں، اور اُنھیں کُشادہ راستوں پر لے جاتی ہیں تاکہ وہ ہلاک ہوں اور کھو جائیں۔

۱۸ اور وہ عمارت جو تیرے باپ نے دیکھی بنی نوع اِنسان کے بے سُود تصَوُّرات اور گھمنڈ ہے۔ اور بُہت بڑی اور خوف ناک خلیج اُنھیں جُدا کرتی ہے؛ ہاں، یعنی اَبَدی خُدا کے اِنصاف کا کلام، اور مَمسُوح جو خُدا کا برّہ ہے، جِس کی رُوحُ القُدس دُنیا کی اِبتدا سے اِس وقت تک، اور اب سے اَبّد تک گواہی دیتا ہے۔

۱۹ اور جب فرِشتہ یہ باتیں کر رہا تھا، مَیں نے نظر کی اور دیکھا کہ میرے بھائیوں کی نسل نے میری نسل کے خِلاف جھگڑا کِیا، فرِشتہ کے کلام کے مُطابق؛ اور میری نسل کے غرُور اور اِبلِیس کی آزمایشوں کے سبب سے، مَیں نے دیکھا کہ میرے بھائیوں کی نسل میری نسل کے لوگوں پر غالِب آئی۔

۲۰ اور اَیسا ہُوا کہ مَیں نے نظر کی اور اپنے بھائیوں کی نسل کے لوگوں کو دیکھا کہ وہ میری نسل پر غالِب آئے اور وہ رویِ زمِین پر لشکر بن کر پھیل گئے۔

۲۱ اور مَیں نے اُن کو لشکروں میں اِکٹھے ہوتے دیکھا اور مَیں نے اُن کے درمیان میں جنگیں اور جنگوں کی اَفواہیں دیکھیں؛ اور مَیں نے دیکھا جنگوں اور جنگوں کی اَفواہوں میں بُہت سی نسلیں گُزر گئیں۔

۲۲ اور فرِشتے نے مُجھ سے کہا کہ دیکھو، یہ بے اعتقادی میں رُوبہ زوال ہوں گے۔

۲۳ اور اَیسا ہُوا کہ مَیں نے دیکھا کہ بے اعتقادی میں رُوبہ زوال ہو جانے کے بعد وہ تِیرہ بخت، اور مکروُہ، اور نجس لوگ بن گئے، کاہلی اور ہر قسم کی مکروُہات سے لبریز۔