صحائف
مُوسیٰ ۱


مُوسیٰ کی کِتاب
سے اِنتخابات

بائِبل کے ترجمہ سے نوِشتہ جَیسا کہ جوزف سمِتھ پر ظاہر کِیا گیا، جُون ۱۸۳۰–فروری ۱۸۳۱

باب ۱

(جُون ۱۸۳۰)

خُدا اپنے تئیں مُوسیٰ پر ظاہر کرتا ہے—مُوسیٰ کی صُورت تبدیل ہو جاتی ہے—وہ شیطان کا سامنا کرتا ہے—مُوسیٰ بُہت سی آباد دُنیائیں دیکھتا ہے—بیٹے نے اَن گنت دُنیائیں تخلیق کیں—کارِ خُدا اور جلال یہ ہے کہ اِنسان کی لافانی اور اَبَدی زِندگی کا سبب پَیدا کرے۔

۱ خُدا کا کلام، جو اُس نے مُوسیٰ سے اُس وقت فرمایا جب مُوسیٰ ایک اِنتہائی اُونچے پہاڑ پر پہنچایا گیا تھا،

۲ اور اُس نے خُدا کو رُوبرو دیکھا، اور اُس کے ساتھ ہم کلام ہُوا۔ اور خُدا کا جلال مُوسیٰ پر تھا؛ اِس لیے مُوسیٰ اُس کی حُضُوری برداشت کر سکتا تھا۔

۳ اور خُدا نے مُوسیٰ سے یہ کہتے ہُوئے فرمایا: دیکھ، مَیں خُداوند قادِرِ مُطلق خُدا ہُوں، اور اَزلی و اَبَدی میرا نام ہے؛ پَس مَیں ایّام کے شُروع یا برسوں کے آخِر کے بغیر ہُوں؛ اور کیا یہ اَزلی و اَبَدی نہیں؟

۴ اور دیکھ، تُو میرا بیٹا ہے، اِس لیے نظر کر، اور مَیں تُجھے اپنے ہاتھوں کی کاری گری دِکھاؤں گا؛ لیکن سب کُچھ نہیں، پَس میری صنعتیں اِنتہا کے بغیر ہیں، اور میرا کلام بھی، چُوں کہ وہ کبھی زائل نہیں ہوتا۔

۵ پَس، کوئی بھی میری ساری صنعتیں دیکھ نہیں سکتا، سِوا اِس کے کہ وہ میرے پُورے جلال کو بھی دیکھے؛ اور کوئی نہیں جو میرے پُورے جلال کو دیکھے اور پھِر زمِین پر بشری حالت میں رہے۔

۶ مُوسیٰ ٰمیرے بیٹے مَیں نے تُجھے فرض سونپنا ہے؛ اور تُو میرے اِکلوتے کی شبِیہ ہے؛ اور میرا اِکلوتا نجات دہندہ ہے اور ہو گا، پَس وہ فضل اور سچّائی سے بھرا ہے؛ بلکہ میرے علاوہ کوئی خُدا نہیں، اور ساری چِیزیں میرے ساتھ موجُود ہیں پَس مَیں اُن سب کو جانتا ہُوں۔

۷ اور اب، مُوسیٰ، میرے بیٹے دیکھ، یہ ایک چِیز مَیں تُجھے دِکھاتا ہُوں، پَس تُو دُنیا میں ہے اور اب مَیں تُجھے یہ دِکھاتا ہُوں۔

۸ اور اَیسا ہُوا کہ مُوسیٰ نے نظر کی اور وہ دُنیا دیکھی جہاں پر وہ پَیدا کِیا گیا تھا؛ اور مُوسیٰ نے دُنیا اور اُس کی اِنتہائیں دیکھیں، اور کُل بنی آدم جو ہیں اور جو پَیدا کیے گئے؛ اِنھی کے بارے میں وہ حیران ہُوا اور تعجب کِیا۔

۹ اور خُدا کی حُضُوری مُوسیٰ سے دُور ہُوئی، کہ اُس کا جلال مُوسیٰ پر نہ تھا؛ اور مُوسیٰ اپنی بسات پر چھوڑ دیا گیا۔ اور جب وہ اپنی بسات پر چھوڑ دیا گیا، وہ زمِین پر گِر گیا۔

۱۰ اور اَیسا ہُوا کہ، کئی گھڑیاں بِیت جانے کے بعد مُوسیٰ نے عام آدمی کی طرح ہمت پائی؛ اور اُس نے اپنے آپ سے کہا: اب، اِس سبب سے مَیں جانتا ہُوں کہ اِنسان کُچھ بھی نہیں، مَیں نے پہلے اَیسا کبھی گُمان نہ کِیا تھا۔

۱۱ بلکہ اب میری اپنی آنکھوں نے خُدا کو دیکھ لیا ہے؛ اَلبتہ میری بشری نہیں، بلکہ میری رُوحانی آنکھوں نے، پَس میری بشری آنکھیں دیکھ نہ پاتیں؛ پَس مَیں اُس کی حُضُوری میں ناتواں اور مُردہ ہوتا؛ بلکہ اُس کا جلال مُجھ پر تھا؛ اور مَیں نے اُس کا دِیدار کِیا، پَس اُس کے حُضُور میری صُورت تبدیل ہو گئی۔

۱۲ اور اَیسا ہُوا کہ جب مُوسیٰ یہ کلام فرما چُکا، دیکھو، شیطان اُس کو یہ کہہ کر آزمانے کے لیے آیا، : مُوسیٰ، اِبنِ آدم، میری پرستش کر۔

۱۳ اور اَیسا ہُوا کہ مُوسیٰ نے شیطان پر نظر ڈالی اور کہا: تُو کون ہے؟ پَس دیکھ مَیں خُدا کے اِکلوتے کی تشبِیہ پر، اُس کا بیٹا ہُوں؛ اور تیرا جلال کہاں ہے کہ مَیں تیری پوجا کرُوں؟

۱۴ پَس دیکھ، مَیں خُدا پر نظر نہیں کر سکتا تھا، سِوا اِس کے کہ اُس کا جلال مُجھ پر طاری ہوتا، اور مَیں اُس کے حُضُور تبدیل کِیا جاتا۔ اَلبتہ مَیں بشری حالت میں تُجھ پر نظر کر سکتا ہُوں۔ کیا واقعی، اَیسا نہیں ہے؟

۱۵ میرے خُدا کا نام مُبارک ہو، پَس اُس کا رُوح مُجھ سے مکمل طور پر دُور نہیں ہُوا، لہٰذا تیرا جلال کہاں ہے، چُوں کہ یہ میرے لیے تارِیکی ہے؟ اور مَیں تیرے اور خُدا کے درمیان اِمتیاز کر سکتا ہُوں؛ پَس خُدا نے مُجھ سے کہا: خُدا کی عِبادت کر، پَس صِرف اِسی کی تُو خدمت کرے گا۔

۱۶ شیطان، دُور ہو جا؛ مُجھے فریب نہ دے؛ پَس خُدا نے مُجھ سے کہا: تُو میرے اِکلوتے کی شبِیہ پر ہے۔

۱۷ اور اُس نے مُجھے اَحکام بھی دیے جب اُس نے مُجھے جلتی جھاڑی سے یہ کہہ کر بُلایا : خُدا کو میرے اِکلوتے کے نام پر پُکارو، اور میری عِبادت کرو۔

۱۸ اور پھِر مُوسیٰ نے کہا: مَیں خُدا کو پُکارنے سے باز نہ آؤں گا، مُجھے اُس سے مزید باتیں جاننی ہیں، کیوں کہ اُس کا جلال مُجھ پر طاری تھا، پَس مَیں اُس میں اور تُجھ میں اِمتیاز کر سکتا ہُوں۔ اَب، شیطان دُور ہو جا۔

۱۹ اور اب، جب مُوسیٰ یہ کلام کر چُکا تو شیطان اُونچی آواز میں چِلایا اور زمِین پر گرج کر بولا، اور حُکم دیا: مَیں اِکلوتا ہُوں، میری عِبادت کر۔

۲۰ اور اَیسا ہُوا کہ مُوسیٰ بڑا خَوف کھانے لگا اور جب وہ خَوف کھانے لگا، اُس نے دوزخ کی کڑواہٹ دیکھی، تاہم، خُدا کو پُکار پُکار کر، اُس نے قُوّت پائی، اور اُس نے حُکم دیا: شیطان مُجھ سے دُور ہو، پَس مَیں اِس واحِد خُدا کی عِبادت کرُوں گا، جو جلال کا خُدا ہے۔

۲۱ اور اب شیطان کانپنے لگا، اور زمِین لرزی؛ اور مُوسیٰ نے قُوّت پائی اور خُدا کو یہ کہتے ہُوئے پُکارا: اِکلوتے کے نام پر، شیطان، اب دُور ہو۔

۲۲ اور اَیسا ہُوا کہ شیطان اُونچی آواز میں، روتے ہُوئے اور ماتم کرتے ہُوئے اور دانتوں کو پِیس کر چِلایا؛ اور وہ مُوسیٰ کے سامنے سے چلا گیا، اور وہ اُسے دِکھائی نہ دیا۔

۲۳ اور اب مُوسیٰ نے اِس بات کی گواہی دی؛ بلکہ بدکاری کے سبب سے یہ بنی آدم نے اپنے درمیان اِس گواہی کو نہ جانا۔

۲۴ اور اَیسا ہُوا کہ جب شیطان مُوسیٰ کے پاس سے چلا گیا، تب مُوسیٰ نے رُوحُ القُدس سے مَعمُور ہو کر، جو باپ اور بیٹے کی گواہی دیتا ہے، اپنی آنکھیں آسمان کی طرف اُٹھائیں؛

۲۵ اور خُدا کے نام کو پُکارا اور اُس نے اُس کا جلال پھِر سے دیکھا، پَس وہ اُس پر طاری ہُوا، اور اُس نے آواز کو فرماتے ہُوئے سُنا: مُوسیٰ، تُو مُبارک ہے، پَس مُجھ، قادِرِ مُطلق، نے تُجھے چُنا ہے، اور تُو کئی پانیوں سے زیادہ طاقت ور بنایا جائے گا؛ پَس وہ تیرا حُکم یُوں مانیں گے کہ جَیسے تُو خُدا ہے۔

۲۶ اور دیکھ، مَیں تیرے ساتھ ہُوں، حتیٰ کہ تیرے ایّام کے آخِر تک؛ پَس تُو میرے لوگوں کو غُلامی سے، یعنی میری برگُزیدہ اِسرائیل کو چُھڑائے گا۔

۲۷ اور اَیسا ہُوا، کہ وہ آواز ابھی محوِ کلام تھی کہ مُوسیٰ نے اپنی آنکھیں اُٹھائیں اور زمِین کو دیکھا، ہاں، یعنی کہ اِس ساری کو دیکھا، اور خُدا کے رُوح سے اُس کا اِدراک ہُوا؛ اور اَیسا کوئی ذرّہ نہ تھا جو اُس نے نہ دیکھا۔

۲۸ اور اُس نے اِس کے باشِندے بھی دیکھے، اور کوئی اَیسی جان نہ تھی جو اُس نے نہ دیکھی؛ اور اُس نے خُدا کے رُوح سے اُن کا اِدراک پایا؛ اور اُن کی تعداد بےشُمار تھی، یعنی سَمُندر کے ساحِل کی ریت کی مانِند اَن گنت۔

۲۹ اور اُس نے بُہت سے علاقے دیکھے؛ اور ہر علاقہ زمِین کہلاتا تھا، اور اُن کی سطح پر باشِندے تھے۔

۳۰ اور اَیسا ہُوا کہ مُوسیٰ نے خُدا کا نام لے کر پُکارا: مُجھے بتا، مَیں تیری مِنّت کرتا ہُوں، یہ اسباب اَیسے کیوں ہیں، اور تُو کِس سے اِنھیں پَیدا کرتا ہے؟

۳۱ اور دیکھو، خُدا کا جلال مُوسیٰ پر طاری تھا، جِس سبب سے مُوسیٰ خُدا کی حُضُوری میں کھڑا ہُوا، اور اُس کے رُوبرو اُس سے ہم کلام ہُوا۔ اور خُداوند خُدا نے مُوسیٰ سے کہا: مَیں نے اپنی منشا کو پُورا کرنے کے لیے اِن چِیزوں کو بنایا ہے۔ یہ حِکمت ہے اور یہ مُجھ میں قائم رہتی ہے۔

۳۲ اور اپنے کلام کی قُدرت سے مَیں نے اُنھیں خلق کِیا ہے، جو میرا اِکلوتا بیٹا ہے، جو فضل اور سچّائی سے مَعمُور ہے۔

۳۳ اور لاتعداد دُنیائیں مَیں نے پَیدا کی ہیں؛ اور مَیں نے اُنھیں اپنی منشا کو پُورا کرنے کے لیے خلق کِیا ہے، اور بیٹے کے وسِیلے سے مَیں نے اُنھیں پَیدا کِیا ہے، جو میرا اِکلوتا ہے۔

۳۴ اور کُل اِنسانوں میں سے پہلے اِنسان کو مَیں نے آدم کہا، جِن کی کثرت ہے۔

۳۵ بلکہ صِرف اِس زمِین اور اِس کے باشِندوں کی رُوداد مَیں تُجھے دیتا ہُوں۔ پَس دیکھ، میری قُدرت کے کلام سے بُہت سی دُنیائیں بیت گئی ہیں۔ اور بُہت سی ہیں جو ابھی قائم ہیں، اور وہ آدمیوں کی نظر میں بےشُمار ہیں؛ بلکہ میرے حساب سے سب چِیزوں کا شُمار ہے، پَس وہ میری ہیں اور مُجھے اُن کا عِلم ہے۔

۳۶ اور اَیسا ہُوا کہ مُوسیٰ نے خُداوند سے اِلتجا کر کے کہا: اپنے خادِم پر رحم کر، اَے خُدا، اور مُجھے اِس زمِین اور اِس کے باشِندوں کے بارے میں بتا، اور اَفلاک کے بارے میں بھی، اور پھِر تیرا خادِم تسلّی پائے گا۔

۳۷ اور خُداوند خُدا نے مُوسیٰ سے یہ فرماتے ہُوئے کلام کِیا: اَفلاک، وہ بُہت ہیں، اور اِنسان اُنھیں شُمار نہیں کر سکتا؛ بلکہ وہ میرے شُمار میں ہیں، پِس وہ میرے ہیں۔

۳۸ اور جِس طرح ایک زمِین بِیت جائے گی اور اُس کے ساتھ اُس کا آسمان، اُسی طرح دُوسرا آ جائے گا؛ اور نہ میری صنعتوں کا، نہ میرے کلام کا کوئی آخِر ہے۔

۳۹ پَس دیکھ، میرا اَمر اور جلال یہ ہے—کہ اِنسان کی لافانی اور اَبَدی زِندگی کا سبب پَیدا کرُوں۔

۴۰ اور اب میرے بیٹے مُوسیٰ مَیں تُجھ سے اِس زمِین کی بابت کلام کرتا ہُوں جِس پر تُو کھڑا ہے، اور تُو اُن باتوں کو لِکھے گا جو مَیں فرماؤں گا۔

۴۱ اور اُس دِن جب بنی آدم میری باتوں کو ہیچ جانیں گے اور اُن میں سے بُہت ساری کو اُس کِتاب میں سے موقُوف کر دیں گے جو تُو لِکھے گا، دیکھ، مَیں تیری مانِند ایک اور برپا کرُوں گا؛ اور وہ باتیں بنی آدم کے درمیان میں پھِر سے قائم ہوں گی—اُن کے درمیان جِتنے بھی اِیمان لائیں گے۔

۴۲ (یہ باتیں مُوسیٰ کو پہاڑ پر فرمائی گئیں، جِس کا نام بنی آدم میں جانا نہ جائے گا۔ اور اب وہ تُجھے فرمائی جاتی ہیں۔ کسی کو اِنھیں نہ دِکھانا سِوا اُن کے جو اِیمان لاتے ہیں۔ اَیسا ہی ہے۔ آمین۔)