مشن کی بُلاہٹیں
باب 3: سبق 1—یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کی بحالی کا پیغام


”باب 3: سبق 1—ِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کی بحالی کا پیغام،“ میری اِنجِیل کی مُنادی کرو: یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کا اِشتراک کرنے کے لیے ہدایت نامہ (2023)

”باب 3: سبق 1،“ میری اِنجِیل کی مُنادی کرو

باب 3: سبق 1

یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کی بحالی کا پیغام

شبیہ
پہلی رویا

لوگ سوچ سکتے ہیں

  • کیا خُدا موجُود ہے؟

  • مَیں خُدا کی قُربت کیسے محسُوس کر سکتا ہُوں؟

  • مَیں آج کی اُلجھی ہوئی دُنیا میں سچّائی کیسے سیکھ سکتا ہُوں؟

  • مذہب میری کیسے مدد کر سکتا ہے؟

  • یہاں بُہت سی کلِیسیائیں کیوں ہیں؟

  • مُجھے اِتنی مُشکلات کا سامنا کیوں ہے؟

  • مَیں اِس افراتفری کے دور میں کیسے اِطمینان پا سکتا ہُوں؟

  • مَیں کیسے خُوش رہ سکتا ہُوں؟

  • نبی کیسے آج دُنیا کی مدد کر سکتا ہے؟

دُنیا کی اِبتدا سے ہی، خُدا نے اپنے بچّوں پر انبیا کے ذریعے اِنجِیل آشکارا کی ہے۔ اُس نے اپنے بیٹے، یِسُوع مسِیح کے وسیلے سے ایسا کیا ہے۔ قدیم زمانے میں، یِسُوع نے آدم، نوح، ابرہام، اور مُوسیٰ جیسے نبیوں پر اِنجِیل نازل کی۔ مگر بُہت سے لوگوں نے اِسے رد کیا۔

دو ہزار سال پہلے، یِسُوع مسِیح نے خُود اپنی اِنجِیل کی تعلیم دی اور اپنی کلِیسیا قائم کی۔ حتیٰ کہ لوگوں نے یِسُوع کو بھی رد کر دِیا۔ اُس کی موت کے فوراً بعد، لوگ خُداوند کی سچّائی اور کلِیسیا سے بُہت زیادہ دُور ہو گئے۔ اِنجِیل کی معمُوری اور کہانتی اِختیار زمین پر موجُود نہ رہا۔

صدیوں بعد، خُدا نے ایک اور نبی، جوزف سمِتھ کو بُلایا۔ خُدا نے اُس کے وسیلے سے اِنجِیل کی معمُوری بحال کی اور اُسے کلِیسیائے یِسُوع مسِیح کو دوبارہ منظم کرنے کا اِختیار بخشا۔

ہمارے زمانہ میں یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کی معمُوری زمین پر ہونا عظیم برکات میں سے ایک ہے۔ اِنجِیل زندگی کے گہرے سوالات کے جواب دینے میں ہماری مدد کرتی ہے۔ زِندہ انبیا مُشکل اوقات میں ہماری راہ نُمائی کرتے ہیں۔ خُدا کی کہانت کا اِختیار اپنے بچّوں کو برکت دینے کے لیے ایک بار پھر زمین پر موجود ہے۔

شبیہ
مُناد خاندان کو تعلیم دیتی ہُوئیں

تعلیمی تجاویِز

یہ حِصّہ آپ کو سِکھانے کی تیاری میں مدد کے لیے نمونے کے طور پر ایک خاکہ فراہم کرتا ہے۔ اِس میں سوالات اور دعوتوں کی مثالیں بھی شامل ہیں جو آپ اِستعمال کر سکتے ہیں۔

جب آپ سِکھانے کی تیاری کریں، دُعا گو ہو کر ہر شخص کی صورتِ حال اور رُوحانی ضرُوریات کا خیال رکھیں۔ فیصلہ کریں کہ کیا زیادہ مدد گار ہو سکتا ہے۔ ایسے مُشکل الفاظ کو آسان طریقے سے بیان کریں جو شاید لوگ سمجھ نہ سکیں۔ اسباق کو مُختصر رکھنا یاد رکھتے ہوئے، مُیسر وقت کے مُطابق منصُوبہ بنائیں۔

سِکھانے کے لیے صحائف کا اِنتحاب کریں۔ سبق کے ”عقائدی بُنیاد“ والے حِصّے میں بُہت سے مددگار صحائف شامِل ہیں۔

سوچیں کہ تعلیم دیتے ہُوئے آپ کو کون سا سوال پُوچھنا ہے۔ ایسی دعوتیں دیں جِن پر عمل کرنے سے ہر کِسی کی حوصلہ افزائی ہو۔

خُدا کی وعدہ کی گئی برکات پر زور دیں، اور جو کُچھ آپ سِکھاتے ہیں اُس کے بارے گواہی دیں۔

آپ 15 سے 25 منٹ میں لوگوں کو کیا سِکھا سکتے ہیں

تعلیم دینے کے لیے درج ذیل اُصُولوں میں سے ایک یا زائد کا اِنتخاب کریں۔ ہر اصُول کی عقائدی بُنیاد خاکہ کے بعد فراہم کی گئی ہے۔

خُدا ہمارا پیارا آسمانی باپ ہے

  • خُدا ہمارا آسمانی باپ ہے، اور ہم اُس کے بچّے ہیں۔ اُس نے ہمیں اپنی شبیہ پر بنایا۔

  • خُدا ہمیں ذاتی طور پر جانتا اور ہم سے پیار کرتا ہے۔

  • خُدا گوشت اور ہڈیوں کا جلالی، کامِل بدن رکھتا ہے۔

  • خُدا ہمیں ابدیت تک قائم رہنے والا اِطمینان اور خُوشی کی معموری دینا چاہتا ہے۔

  • کیوں کہ خُدا ہم سے پیار کرتا ہے، اُس نے ہمیں گُناہ اور موت سے مُخلصی دینے کے لیے اپنے بیٹے، یِسُوع مسِیح کو بھیجا۔

خُدا ہر دور میں انبیا کے وسیلے سے اِنجِیل کو آشکارا کرتا ہے

  • خُدا زمین پر انبیا کو اپنی نُمائندگی کے لیے بُلاتا ہے۔

  • زمانہ قدیم میں، خُدا نے انبیا کو بُلایا جیسے کہ آدم، نوح، ابرہام، اور مُوسیٰ۔

  • زندہ نبی آج بھی ہمیں سِکھانے اور ہماری راہ نُمائی کرنے کے لیے خُدا سے مُکاشفہ حاصل کرتے ہیں۔

یِسُوع مسِیح کی زمینی خِدمت اور کفّارہ

  • یِسُوع مسِیح خُدا کا بیٹا ہے۔

  • اپنی زمینی خِدمت کے دوران، یِسُوع نے اپنی اِنجِیل کی تعلیم دی اور اپنی کلِیسیا قائم کی۔

  • یِسُوع نے بارہ رسُولوں کو بُلاہٹ دی اور اُنہیں اپنی کلِیسیا کی راہ نُمائی کرنے کا اِختیار بخشا۔

  • اپنی زندگی کے اِختتام پر، یِسُوع نے گتسمنی کے باغ میں دُکھ اُٹھا کر ہمارے گُناہوں کا کفّارہ دیا اور ہمارے لیے مصلُوب ہُوا۔ یِسُوع مرنے کے بعد، جی اُٹھا۔

  • یِسُوع کی کفّارہ بخش قُربانی کی بدولت، جب ہم توبہ کرتے ہیں تو ہمیں مُعاف کیا جاتا ہے اور ہم اپنے گُناہوں سے پاک ہو سکتے ہیں۔ اِس سے ہمیں اِطمینان مِلتا ہے اور ہمارے لیے خُدا کی حضوری میں واپس لوٹنا اور کامِل شادمانی کو حاصل کرنا مُمکن بناتا ہے۔

  • یِسُوع کی قیامت کی بدولت، ہم سب مرنے کے بعد دوبارہ زندہ کیے جائیں گے۔ اِس کا مطلب ہے کہ ہر شخص کا رُوح اور جِسم پھر سے اکٹھا ہو جائے گا اور ہمیشہ تک زندہ رہے گا۔

برگشتگی

  • یِسُوع کے رسُولوں کی وفات کے بعد، اِنجِیل اور یِسُوع مسِیح کی کلِیسیا برگشتگی کا شِکار ہو گئی۔

  • اِس دوران، لوگوں نے بُہت سی اِنجِیلی تعلیمات بدل دیں۔ لوگوں نے کہانتی رسُومات بھی بدل دیں، جیسا کہ بپتسما۔ کہانتی اِختیار اور کلِیسیا جو یِسُوع نے قائم کی تھی اب زمین پر نہیں تھی۔

جوزف سمِتھ کے ذریعے یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کی بحالی

  • جوزف سمتھ نے یہ جاننے کی کوشِش کی کہ کون سی کلِیسیا خُدا کی سچّی کلِیسیا ہے تاکہ وہ اُس میں شامل ہو سکے۔ آسمانی باپ اور یِسُوع مسِیح جوزف سمِتھ پر ۱۸۲۰ میں ظاہر ہُوئے۔ یہ واقع پہلی رویا کہلاتا ہے۔

  • خُدا نے پہلے زمانوں کے نبیوں کی طرح، جوزف سمِتھ کو بھی نبی ہونے کے لیے بُلایا۔

  • جوزف سمِتھ کے ذریعے یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل بحال ہُوئی۔

  • دُوسرے آسمانی پیامبروں نے کہانت بحال کی، اور جوزف کو کلِیسیائے یِسُوع مسِیح کو مُنظم کرنے کا اِختیار بخشا گیا۔

  • یِسُوع مسِیح زندہ نبیوں اور رسُولوں کے ذریعے آج بھی اپنی کلِیسیا کی راہ نُمائی کر رہا ہے۔

مورمن کی کِتاب: یِسُوع مسِیح کی بابت ایک اور عہد نامہ

  • مورمن کی کِتاب ان صحائف کا مجمُوعہ ہے جو قدیم زمانوں میں امریکہ کے انبیا نے لِکھی تھی۔ جوزف سمِتھ نے مورمن کی کِتاب کا ترجمہ خُدا کی نعمت اور قُدرت سے کِیا۔

  • بائبل کے ساتھ، مورمن کی کِتاب یِسُوع کی خِدمت، تعلیمات، اور ہمارے نجات دہندہ کے طور پر نبوت کی گواہی فراہم کرتی ہے۔

  • ہم مورمن کی کِتاب کو پڑھ کر اور اِس کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر خُدا کے نزدیک ہو سکتے ہیں۔

  • ہم مورمن کی کِتاب کو پڑھنے، اِس پر غور کرنے، اور اِس کے بارے میں دُعا کرنے سے جان سکتے ہیں کہ یہ خُدا کا کلام ہے۔ یہ عمل ہمیں یہ جاننے میں بھی مدد دے گا کہ جوزف سمِتھ نبی تھا۔

رُوحُ القُدس کے ذریعے سچّائی جاننے کے لیے دُعا کریں

  • دُعا خُدا اور اُس کے بچّوں کے درمیان دو طرفہ رابطہ ہے۔

  • مخلص دُعا کے ذریعے، ہم جان سکتے ہیں کہ یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کی بحالی کا پیغام سچّا ہے۔

  • جب ہم دُعا کرتے ہیں، تو رُوحُ القُدس ہمیں سچّائی سِکھاتا اور اُس کی گواہی دیتا ہے۔

شبیہ
مُناد نوجوانان کو تعلیم دیتے ہُوئے

سوالات جو شاید آپ لوگوں سے پُوچھ سکتے ہیں

درج ذیل سوالات مثالیں ہیں کہ آپ لوگوں سے کیا پُوچھ سکتے ہیں۔ یہ سوالات بامقصد گُفتگُو کرنے اور کِسی شخص کی ضروریات اور اُس کا نُقطہِ نظر سمجھنے میں آپ کی مدد کر سکتے ہیں۔

  • خُدا کے بارے میں آپ کا کیا ایمان ہے؟

  • خُدا کی قُربت کا احساس کیسے آپ کی مدد کر سکتا ہے؟

  • آپ یِسُوع مسِیح کے بارے میں کیا جانتے ہیں؟ اُس کی زندگی اور تعلیمات نے آپ کو کیسے مُتاثر کیا ہے؟

  • آپ آج کی پیچیدہ دُنیا میں قابلِ اعتماد جواب کیسے پاتے ہیں؟

  • یہ آپ کی اِس بات کو جاننے میں کیسے مدد کرے گی کہ آج زمین پر زندہ نبی موجُود ہے؟

  • کیا آپ نے مورمن کی کِتاب کے بارے میں سُنا ہے؟ کیا ہم بتا سکتے ہیں کہ یہ کیوں اہم ہے؟

  • کیا آپ دُعا کے بارے میں اپنے عقائد بتائیں گے؟ کیا ہم دُعا کے بارے میں اپنے عقائد بتا سکتے ہیں؟

دعوتیں جو آپ دے سکتے ہیں

  • کیا آپ خُدا سے دُعا میں یہ جاننے کے لیے مدد مانگیں گے کہ جو ہم نے سِکھایا ہے وہ سچ ہے؟ (دیکھیں اِس سبق کے آخری حِصّہ میں ”تعلیمی بصیرت: دُعا“۔)

  • کیا آپ اِس کے بارے میں مزید جاننے کے لئے جو ہم نے سِکھایا ہے اِس اِتوار چرچ آئیں گے؟

  • کیا آپ مورمن کی کِتاب پڑھیں گے اور یہ جاننے کے لیے دُعا کریں گے کہ یہ خُدا کا کلام ہے؟ (آپ مخصُوص ابواب یا آیات تجویز کر سکتے ہیں۔)

  • کیا آپ یِسُوع کے نمونہ کی پیروی کریں گے اور بپتِسما لیں گے؟ (دیکھیں”بپتِسما لینے اور اِستحکام پانے کی دعوت،“ جو اِس سبق سے بِالکل پہلے تھی۔)

  • کیا ہم اپنی اگلی مُلاقات کے لیے وقت مُقرر کر سکتے ہیں؟

عقائدی بُنیاد

یہ حِصّہ آپ کے اِنجِیل کے علم اور گواہی کو مضبُوط کرنے اور سِکھانے میں مدد کے لیے آپ کے مُطالعہ کے لیے تعلیم اور صحائف فراہم کرتا ہے۔

شبیہ
خاندان

خُدا ہمارا پیارا آسمانی باپ ہے

خُدا ہمارا آسمانی باپ ہے، اور ہم اُس کے بچّے ہیں۔ اُس نے ہمیں اپنی شبیہ پر بنایا۔ اُس کے پاس کامِل جلالی ”گوشت اور ہڈیوں کا ایسا ٹھوس جِسم ہے جیسا کسی اِنسان کا“ (عقائد اور عہُود 130:‏22

خُدا ہمیں ذاتی طور پر جانتا، اور ہماری سوچ سے زیادہ ہم سے پیار کرتا ہے۔ وہ ہماری آزمائشوں، غموں، اور کمزوریوں کو سمجھتا ہے، اور وہ اُن میں سے نکلنے میں ہماری مدد کرنے کا وعدہ کرتا ہے۔ وہ ہماری ترقی میں خُوش ہوتا ہے اور درُست اِنتخابات کرنے میں بھی ہماری مدد کرے گا۔ وہ ہمارے ساتھ گُفتگُو کرنا چاہتا ہے، اور ہم دُعا کے ذریعے اُس سے بات کر سکتے ہیں۔

خُدا نے ہمیں زمین پر یہ تجربہ اس لیے بخشا ہے کہ ہم سیکھ سکیں، ترقی کر سکیں، اور مزید اُس کی مانند بن سکیں۔ کامِل محبّت کے ساتھ، وہ چاہتا ہے کہ ہم مرنے کے بعد اُس کے پاس واپس لوٹیں۔ بہرحال، ہم خُود سے ایسا نہیں کر سکتے۔ کیوں کہ خُدا ہم سے پیار کرتا ہے، اُس نے ہمیں مُخلصی دینے کے لیے اپنے بیٹے، یِسُوع مسِیح کو بھیجا۔ ”کِیُونکہ خُدا نے دُنیا سے اَیسی محبّت رکھّی، کہ اُس نے اپنا اِکلَوتا بَیٹا بخش دِیا … کہ دُنیا اُس کے وسِیلہ سے نِجات پائے“ (یُوحنّا 3:‏16–17

خُدا ہمیں ابدیت تک قائم رہنے والا اِطمینان اور کامِل شادمانی دینا چاہتا ہے۔ اُس نے ایک منصُوبہ فراہم کیا ہے جو ہمیں اِن برکات کو پانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ یہ منصُوبہ نجات کا منصُوبہ کہلاتا ہے (دیکھیں سبق 2

مُطالعہِ صحائف

اِس اُصُول کے بارے میں مزید جانیں

شبیہ
مُوسیٰ اور لوحیں، از جیری ہارسن

خُدا ہر دور میں انبیا کے وسیلے سے اِنجِیل کو آشکارا کرتا ہے

انبیا زمین پر خُدا کے نُمائندے ہیں

ایک اہم طریقہ جِس سے خُدا ہمارے لیے اپنے پیار کا اِظہار کرتا ہے وہ نبیوں کو بُلانا، اُنہیں کہانتی اِختیار دینا، اور اُنھیں اپنے لیے بولنے کا الہام بخشنا ہے۔ انبیا زمین پر خُدا کے نُمائندے ہیں۔ پرانے عہد نامے کے نبی عامُوس نے قلمبند کیا ہے کہ ”یقینا خُداوند خُدا کچھ نہیں کرتا جب تک کہ اپنا بھید اپنے خدمت گُزار نبیوں پر پہلے آشکارا نہ کرے!“ (عاموس 3:‏7)۔ زندہ نبیوں سے حاصل ہونے والی چند برکات ذیل میں بیان کی گئی ہیں۔

یِسُوع مسِیح کی گواہیاں۔ انبیا یِسُوع مسِیح کے خاص گواہ ہیں، اور اُس کی بطور نجات دہندہ اور مُخلصی دینے والے کی گواہی دیتے ہیں۔

تعلیمات۔ سچّ اور جھوٹ میں تمیز کرنے میں ہماری مدد کے لیے انبیا خُدا سے ہدایت پاتے ہیں۔ وہ ہمیں خُدا کے احکامات کی فرمانبرداری کرنا اور جب ہم گُناہ کرتے ہیں تو وہ ہمیں توبہ کرنا سِکھاتے ہیں۔ وہ گُناہ کے خلاف مُنادی کرتے اور اُس کے نتائج سے خبردار کرتے ہیں۔

انبیا کی تعلیمات ہمیں خُدا کی طرف لے جاتی ہیں اور وہ برکات حاصل کرنے میں ہماری مدد کرتی ہیں جو وہ ہمیں دینا چاہتا ہے۔ ہماری سب سے بڑی حفاظت خُداوند کے کلام کی پیروی کرنے میں ہے جو اُس کے انبیا کے ذریعے دی گئی ہے۔

کہانتی اِختیار۔ موجُودہ نبی زمین پر صدارتی کہانت کا حامِل ہے۔ کہانت خُدا کا اِختیار اور قُوت ہے۔ نبی کو اِختیار حاصِل ہے کہ وہ خُدا کے نام میں بولے اور اپنی اُمت کی نجات کے لیے کام کرے۔

کلِیسیائی ہدایت۔ کلِیسیائے یِسُوع مسِیح نبیوں اور رسُولوں کی بُنیاد پر تعمیر کی گئی ہے (دیکھیں اِفسیوں 2:‏19–20؛ 4:‏11–14

قدیم زمانے میں انبیا

آدم زمین پر پہلا نبی تھا۔ خُدا نے یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل اُس پر ظاہر کی اور اُسے کہانتی اِختیار بخشا۔ آدم اور حوّا نے اپنے بچّوں کو یہ سچّائیاں سِکھائیں اور اِیمان کو فروغ دینے اور اِنجِیل پر عمل کرنے کی حوصلہ افزائی کی۔

آخر کار آدم اور حوّا کی اولاد نے بغاوت کی اور اِنجِیل سے مُنہ پھیر لیا۔ یہ کام ایسے حالات کا ضامن بنتے ہیں جسے برگشتگی کہا جاتا ہے، یا زوال۔ جب وسیع پیمانے پر برگشتگی رُونما ہوتی ہے، تو خُدا اپنا کہانتی اِختیار واپس لے لیتا ہے، جو اِنجِیل کی رسُومات سِکھانے اور اُن کو عمل میں لانے کے لیے ضرُوری ہوتا ہے۔

پُرانے عہد نامے میں وسیع پیمانے پر رُونما ہونے والی برگشتگی کی بُہت سی مثالیں درج ہیں۔ اِن ادوار کو ختم کرنے کے لیے، خُدا دُوسرے نبی کو بُلاتا اور اپنے بچُوں سے رابطہ استوار کرتا۔ اُس نے اِنجِیل کی سچّائیوں کو اُن انبیا پر ظاہر کیا اور اُنہیں کہانتی اِختیار بخشا۔ اُن میں سے کُچھ انبیا، نوح، ابرہام، اور مُوسیٰ تھے۔ افسوس کی بات تو یہ ہے کہ، مُختلف وقتوں میں بار بار، لوگوں نے نبیوں کو رد کیا اور برگشتہ ہو گئے۔

مُطالعہِ صحائف

اِس اصُول کے بارے میں مزید جانیں

  • راہ نُما صحائف: ”نبی

  • اِنجِیلی موضُوعات: ”انبیا،“ ”کلِیسیا کی بحالی

شبیہ
اے میرے باپ، از سائمن ڈیوی

یِسُوع مسِیح کی زمینی خِدمت اور کفّارہ

یِسُوع مسِیح خُدا کا بیٹا ہے۔ یِسُوع اور اُس کا کفّارہ ہمارے لیے خُدا کے منصُوبے کا مرکزی حِصّہ ہیں۔ اِس کے کفّارہ میں گتسمنی باغ میں اُس کی تکلیف، صلیب پر اُس کی اذیت اور موت، اور اُس کی قیامت شامل تھی۔

آدم اور حوّا کے زمانے سے، لوگ اپنے نجات دہندہ اور مُخلصی دینے والے کے طور پر یِسُوع مسِیح کے مُنتظر تھے۔ آسمانی باپ نے ۲۰۰۰ سال قبل یِسُوع کو زمین پر بھیجا تھا۔

یِسُوع نے گُناہ سے پاک، ایک کامِل زِندگی بسر کی۔ اُس نے اپنی اِنجِیل کی تعلیم دی اور اپنی کلِیسیا مُنظم کی۔ اُس نے بارہ رسُولوں کو بُلاہٹ دی اور اُنہیں کہانتی اِختیار بخشا کہ وہ تعلیم دیں اور مُقدّس رسُوم ادا کریں، جیسا کہ بپتِسما۔ اُس نے اُنہیں اپنی کلِیسیا کی راہ نُمائی کرنے کا اِختیار بھی بخشا۔

اپنی زندگی کے اِختتام پر، یِسُوع نے گتسمنی کے باغ میں دُکھ اُٹھا کر ہمارے گُناہوں کا کفّارہ دیا اور ہمارے لیے مصلُوب ہُوا۔ یِسُوع کی کفّارہ بخش قُربانی کی بدولت، جب ہم توبہ کرتے ہیں تو ہمیں مُعاف کیا جاتا ہے اور ہم اپنے گُناہوں سے پاک ہو سکتے ہیں۔ اِس سے ہماری خُدا کی حضوُری میں واپسی مُمکِن بنتی ہے اور ہمیں مُکمل خُوشی حاصل ہوتی ہے۔

یِسُوع کے مصلُوب ہونے کے بعد، آسمانی باپ کی قُدرت سے وہ موت پر فتح پاتے ہُوئے جِی اُٹھا۔ یِسُوع کی قیامت کی بدولت، ہم سب مرنے کے بعد دوبارہ زِندہ کیے جائیں گے۔ اِس کا مطلب ہے کہ ہر شخص کے رُوح اور جِسم کا پھر سے ملاپ ہو گا اور ہم سب کامِل، جِی اُٹھے بدن کے ساتھ ہمیشہ تک زندہ رہیں گے۔ (دیکھیں ”یِسُوع مسِیح کا کفّارہ“ سبق 2 میں۔)

شبیہ
نبی جوزف سمِتھ

نبی جوزف سمِتھ نے سِکھایا، ”ہمارے مذہب کے بُنیادی اُصُول، یِسُوع مسِیح کی بابت رسُولوں اور نبیوں کی گواہیاں ہیں، کہ وہ مُوّا، دفن کیا گیا، اور تیسرے دِن جِی اُٹھا، اور آسمان پر چڑھ گیا؛ اور دیگر تمام چِیزیں جو ہمارے مذہب سے جُڑی ہیں وہ صرف اُس کی ضمیمہ ہیں“ (Teachings of Presidents of the Church: Joseph Smith [2007], 49

مُطالعہِ صحائف

اِس اُصُول کے بارے میں مزید جانیں

برگشتگی

یِسُوع مسِیح کی وفات کے بعد، اُس کے رسُولوں نے مسِیح کی تعلیم کو خالص رکھنے اور کلِیسیا میں نظم و نسق برقرار رکھنے کی کوشش کی۔ تاہم، کلِیسیا کے بُہت سے اراکین نے رسُولوں سے اور اُس عقیدے سے جو یِسُوع نے سِکھایا تھا مُنہ پھیر لیا تھا۔

رسُولوں کی ہلاکت کے بعد، یِسُوع مسِیح کی کلِیسیا اور اِنجِیل وسیع پیمانے پر برگشتگی کا شِکار ہو گئی۔ یہ زوال بعض اوقات عظیم برگشتگی کہلاتا ہے۔ اِس وجہ سے، خُدا نے زمین سے کہانتی اِختیار اُٹھا لیا۔ اِس نُقصان میں کلِیسیا کی ہدایت کے لیے ضروری اِختیار بھی شامل تھا۔ نتیجتاً، یِسُوع کی قائم کردہ کلِیسیا زمین پر موجود نہ رہی۔

اِس دوران، لوگوں نے بُہت سی اِنجِیلی تعلیمات بدل دیں۔ آسمانی باپ، یِسُوع مسِیح، اور رُوحُ القُدس کی حقیقی فطرت کے بارے میں زیادہ تر عِلم بدل گیا یا کھو گیا۔ لوگوں نے کہانتی رسُومات بھی بدل دیں، جیسا کہ بپتِسما۔

صدیوں بعد، سچّائی کے مُتلاشی مرد و زن نے اِن تعلیمات اور اَعمال کی اِصلاح کرنے کی کوشِش کی جو تبدیل ہو چُکی تھیں۔ وہ زیادہ رُوحانی روشنی کے طلب گار تھے، اور اُن میں سے بعض نے سچّائی کی بحالی کی ضرورت کے بارے میں بات کی۔ اِن کی کوششوں کی وجہ سے بُہت سی کلِیسیائی تنظیمیں وجُود میں آئیں۔

اِس عرصہ کے نتیجے میں مذہبی آزادی پر زیادہ زور دیا گیا، جِس نے خُدا کی سچّائی اور اِختیار کی بحالی کی راہ کھول دی۔

انبیا اور رسُولوں نے برگشتگی کی پیش گوئی کی تھی (دیکھیں 2 تھسلنیکیوں 2:‏1–3)۔ اُنھوں نے یہ بھی پیشن گوئی کی تھی کہ یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل اور کلِیسیا کو زمین پر بحال کیا جائے گا (دیکھیں اعمال 3:‏20–21)۔ اگر کوئی برگشتگی نہ ہوتی، تو بحالی کی ضرُورت نہ ہوتی۔

مُطالعہِ صحائف

اِس اُصُول کے بارے میں مزید جانیں

جوزف سمِتھ کے ذریعے یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کی بحالی

پہلی رویا اور بطور نبی جوزف سمِتھ کی بُلاہٹ

صدیوں سے جب یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کی معمُوری زمین پر موجود نہ ہوتی، تو آسمانی باپ اپنے بچّوں تک پُہنچنا جاری رکھتا۔ وقت گُزرنے کے ساتھ، وہ راستہ تیار کرتا تاکہ وہ پھر سے اِنجِیل کی معمُوری سے برکت پائیں۔ جب حالات اِس قابِل تھے تو، اُس نے جوزف سمِتھ کو نبی کے طور پر بُلایا جِس کے ذریعے اِنجِیل اور یِسُوع مسِیح کی کلِیسیا بحال کی جائے گی۔

جوزف سمِتھ بڑے مذہبی جوش و جذبے کے دور میں مشرقی ریاست ہائے مُتحدہ میں رہتا تھا۔ اُس کے خاندان کے افراد خُدا کے ساتھ وفادار تھے اور سچّائی کے طلب گار تھے۔ بُہت سی کلِیسیائیں سچّی ہونے کا دعویٰ کرتی تھیں، اور جوزف یہ جاننا چاہتا تھا کہ کون سی درُست ہے (دیکھیں جوزف سمتھ—تاریخ 1:‏18)۔ بائبل سِکھاتی ہے کہ ”ایک خُداوند، ایک اِیمان، ایک بپتِسما ہے“ (افسیوں 4:‏5)۔ جب جوزف مُختلف کلِیسیائی عبادات میں شامل ہُوا، تو وہ پریشان ہو گیا کہ کِس کلِیسیا میں شامل ہو۔ اُس نے بعد میں کہا:

”لیکن مُختلف فِرقوں کے درمیان تذب ذب اور تنازع اِس قدر شدید تھا، کہ میری طرح کِسی نابالغ شخص کے لیے … اُس کا کِسی حتمی نتیجے پر پہنچنا نامُمکن تھا کہ کون سچّا تھا اور کون جھوٹا تھا۔ …

”لفظوں کی اِس جنگ اور نظریات کے ہنگامے میں، مَیں نے اکثر اپنے آپ سے کہا کہ کیا کرنا چاہیے؟ اِن تمام فرقوں میں سے کون سا سچّا ہے؛ یا، کیا وہ سب کے سب باطل ہیں؟ اگر اُن میں سے کوئی سچّا ہے، تو کون سا ہے، اور مُجھے اِس کا علم کیسے ہو گا؟“ (جوزف سمِتھ—تاریخ 1:‏8، 10

بُہت سے لوگوں کی مانند، جوزف سمِتھ کے بھی اپنی جان کی نجات کے بارے میں سوالات تھے۔ وہ چاہتا تھا کہ اُس کے گُناہ مُعاف کیے جائیں اور خُدا کے حضور وہ پاک صاف ہو۔ جب وہ مُختلف کلِیسیاؤں کے درمیان سچّائی کا طلب گار ہُوا، تو اُس نے بائبل میں پڑھا، ”اگر تُم میں سے کِسی میں حِکمت کی کمی ہو، خُدا سے مانگے جو بغیر ملامت کئے سب کو فیاضی کے ساتھ دیتا ہے، اُس کو دی جائے گی“ (یعقُوب 1‏:5

اِس عبارت کی بدولت، جوزف نے خُدا سے پُوچھنے کا فیصلہ کیا کہ اُسے کیا کرنا چاہیے۔ ۱۸۲۰ کے موسمِ بہار میں، وہ اپنے گھر کے قریب درختوں کے جُھنڈ میں گیا اور دُعا میں گھُٹنے ٹیکے۔ بعد ازاں اُس رویا کے چار بیانات آئے، جِن کو جوزف سمِتھ نے یا کاتب نے اُس کی زیرِ ہدایت قلمبند کِیا (دیکھیں اِنجِیلی موضُوعاتی مضمُون، ”پہلی رویا کے بیانات“)۔ صحائف کے طور پر بیان کردہ واقع میں، اُس نے اپنے تجربے کو یوں بیان کیا ہے:

شبیہ
پہلی رویا، از لِنڈا کرسٹنسن اور مائیکل مالم

”مَیں نے اپنے سر کے بالکل اُوپر نُور کا مِنارہ دیکھا، سُورج کی چمک سے بڑھ کر، جو آہستہ آہستہ اُترا یہاں تک کہ وہ مُجھ پر ٹھہر گیا۔ … ”جب تجلی مُجھ پر ٹھہر گئی، مَیں نے دو ہستیوں کو دیکھا، جِن کا نُور اور جلال بیان سے باہر ہے، جو میرے اُوپر ہُوا میں کھڑے تھے۔ اُن میں سے ایک نے، مُجھے میرے نام سے پُکار کر، اور دُوسرے کی طرف اِشارہ کر کے مُجھ سے فرمایا—یہ میرا پیارا بیٹا ہے۔ اِس کی سنو!“ (جوزف سمِتھ—تاریخ 1‏:16–17

اِس رویا میں، خُدا باپ اور اُس کا بیٹا، یِسُوع مسِیح، جوزف سمِتھ پر ظاہر ہُوئے۔ نجات دہندہ نے اُسے بتایا کہ وہ کِسی بھی کلِیسیا میں شامل نہ ہو۔

اِس رویا کے ایک اور بیانیے میں، جوزف نے بتایا کہ نجات دہندہ نے اُسے یہ بھی بتایا: ”تیرے گناہ معاف ہوئے۔ … دیکھ، میں جلال کا خُداوند ہُوں۔ مَیں جہان کے لیے مصلُوب کِیا گیا تھا، کہ وہ سب جو میرے نام پر اِیمان لائیں اَبدی زندگی پائیں۔“

رویا کے بعد، جوزف نے غور کیا، ”میری جان محبّت سے معمُور تھی، اور کئی دِنوں تک میں بڑی خُوشی سے شادمان رہا اور خُداوند میرے ساتھ تھا“ (Joseph Smith History, circa Summer 1832, 3, josephsmithpapers.org؛ ہِجوں اور اوقاف کو جدید اُصُولوں کے مُطابِق لگایا گیا ہے)۔

اِس رویا کے ذریعے، جوزف سمِتھ یِسُوع مسِیح کا گواہ بنا اور خُدائی اَرکان کے بارے میں اہم سچّائیاں سیکھیں۔ مثال کے طور پر، اُس نے سیکھا کہ آسمانی باپ اور یِسُوع مسِیح الگ ہستیاں ہیں۔ جب اُنھوں نے اُسے نام سے پُکارا، تو اُسے معلُوم ہُوا کہ وہ اُسے ذاتی طور پر جانتے ہیں۔ جب جوزف کو بتایا گیا کہ اُسے معاف کر دِیا گیا ہے، تو اُس نے جانا کہ خُدا رحم دِل ہے۔ اِس تجربے نے اُسے خُوشی سے بھر دیا۔

جیسا کہ خُدا نے سابقہ کئی انبیا کے ساتھ کِیا تھا، اُس نے جوزف سمِتھ کو نبی ہونے کے لیے بُلایا جِس کے وسیلے سے اِنجِیل کی معمُوری زمین پر بحال کی جائے گی۔ اِس بحالی سے خُدا کے بچّوں کو اِس دُنیا میں خُوشی پانے اور آنے والے جہان میں اَبدی زندگی پانے میں مدد مِلے گی—یہ سب یِسُوع مسِیح کے وسیلے سے ہو گا۔

کہانت اور کہانتی کُنجِیوں کی بحالی

شبیہ
تُم پر میرے ساتھی خادمو، از لِنڈا کرلی کرسٹنسن اور مائیکل مالم

باپ اور بیٹے کے ظہُور کے بعد، دُوسرے آسمانی پیامبر جوزف سمِتھ اور اُس کے معاون اولیور کاؤڈری کو بھیجے گئے۔ یُوحنّا بپتِسما دینے والا جی اُٹھی ہستی کے طور پر ظاہر ہُوا اور اُسے ہارونی کہانت اور اُس کی کُنجیاں عطا کیں۔ ہارونی کہانت میں بپتِسما دینے کا اِختیار بھی شامل ہے۔

شبیہ
پطرس، یعقُوب اور یُوحنّا کی آواز از ولڈن سی اینڈرسن

اِس کے فوری بعد، پطرس، یعقُوب، اور یُوحنّا—مسِیح کے تین رسُول—جِی اُٹھی ہستیوں کے طور پر ظاہر ہُوئے اور ملکِ صدق کی کہانت اور اُس کی کُنجیاں جوزف سمِتھ اور اولیور کاؤڈری کو عطا کیں۔ یہ کہانت وہی اِختیار ہے جو مسِیح نے اپنے رسُولوں کو قدیم زمانے میں بخشا تھا۔

شبیہ
Image of Moses Elias and Elijah descending into the Kirtland temple and appearing to Joseph Smith.

کرٹ لینڈ ہیَکل میں، مُوسیٰ، الیاس، اور ایلیاہ، جوزف سمِتھ اور اولیور کاؤڈری پر ظاہر ہُوئے اور آخری ایّام میں خُدا کے کام کی تکمیل کے لیے ضرُوری مزید اِختیار اور کہانتی کُنجیاں اُن کے سُپرد کیں۔ مُوسیٰ نے اِسرائیل کو اِکٹھا کرنے کی کُنجیاں دیں۔ الیاس نے ابرہام کے دور کی اِنجِیل سپُرد کی۔ ایلیاہ نے مُہر بندی کرنے کی قُدرت کی کُنجیاں دیں۔ (دیکھیں عقائد اور عہُود 110:‏11–16؛ مزید دیکھیں راہ نُمائے کِتاب، 3.1۔

کلِیسیائی تنظیم

جوزف سمِتھ کو ہدایت دی گئی کہ وہ کلِیسیائے یِسُوع مسِیح کو دوبارہ زمین پر مُنظم کرے۔ اُس کے وسیلے سے، یِسُوع مسِیح نے بارہ رسُولوں کو بُلاہٹ دی۔

بائبل کے دور کے انبیا نے اِس دور کا حوالہ جِس میں ہم رہ رہے ہیں آخری ایّام یا ایّامِ آخر سے دیا۔ یہ یِسُوع مسِیح کی آمدِ ثانی سے بِالکُل پہلے کا وقت ہے۔ اِسی لیے کلِیسیا کا نام کلِیسیائے یِسُوع مسِیح برائے مُقدّسِینِ آخِری ایّام رکھا گیا ہے (دیکھیں عقائد اور عہُود 115:‏3–4؛ مزید دیکھیں 3 نیفی 27:‏3–8

آج کے زِندہ انبیا اور رسُول

جِس طرح یِسُوع نے رسُولوں کو اپنی کلِیسیا کی راہ نُمائی کرنے کے لیے اپنی فانی خِدمت کے دوران بُلایا، اُس نے آج بھی رسُولوں کو بُلاہٹ دی ہے کہ اُس کی کلِیسیا کی راہ نُمائی کریں۔ صدارتِ اَوّل اور بارہ رسُولوں کی جماعت انبیا، رویا بین، اور مُکاشفہ بین ہیں۔

صرف سینئر رسُول کو نبی کہا جاتا ہے کیونکہ وہ پُوری کلِیسیا کی صدارت کرتا ہے اور منفرد طور پر خُداوند کے لیے کلام کرنے کا اِختیار رکھتا ہے۔ وہ جوزف سمِتھ کا بااِختیار جانشین ہوتا ہے۔ وہ اور مُوجودہ رسُولوں کے اِختیار کی غیر مُنقطع ہونے والی کڑی یِسُوع مسِیح سے مِلتی ہے جِس کا آغاز جوزف سمتھ کی آسمانی پیامبروں کے ہاتھوں تقرری سے ہُوا تھا۔

مُطالعہِ صحائف

اِس اُصُول کے بارے میں مزید جانیں

مورمن کی کِتاب: یِسُوع مسِیح کی بابت ایک اور عہد نامہ

مورمن کی کِتاب بائبل کی مانند مُقدّس صحائف کا ایک قدیم مجمُوعہ ہے۔ بائبل یِسُوع مسِیح کی گواہی ہے، اور مورمن کی کِتاب اُس کی خِدمت، اُس کی تعلیمات، اور ہمارے نجات دہندہ کے طور پر اُس کے مشن کی دُوسری گواہی ہے۔

جوزف سمِتھ کی راہ نُمائی مرونی نامی آسمانی پیامبر نے اُس پہاڑی کی جانب کی جہاں صدیوں سے قدیم ریکارڈ دفن تھا۔ یہ ریکارڈ، سونے کے اوراق (دھات کے باریک اوراق) پر کُندہ کیا گیا تھا، اِن میں براعظم امریکہ کے چند قدیم لوگوں کے ساتھ خُدا کے معاملات سے مُتعلق انبیا کی تحریریں شامِل تھیں۔ جوزف سمِتھ نے اِس ریکارڈ کا ترجمہ خُدا کی نعمت اور قُدرت سے کِیا۔

مورمن کی کِتاب میں انبیا یِسُوع مسِیح کے مشن کے بارے جانتے تھے اور اُنھوں نے اُس کی اِنجِیل کی تعلیم دی۔ یِسُوع کے جِی اُٹھنے کے بعد، وہ اُن لوگوں پر ظاہر ہُوا اور ذاتی طور پر اُن کی خِدمت کی۔ اُس نے اُنھیں تعلیم دی اور اپنی کلِیسیا مُنظم کی۔

جب ہم سیکھتے، سمجھتے، اور اِس کا اِطلاق کرتے ہیں تو مورمن کی کِتاب ہمیں خُدا کے قریب ہونے میں مدد دیتی ہے۔ نبی جوزف سمِتھ نے فرمایا ہے کہ ”کِسی اور کِتاب کی نسبت، اِس [کِتاب] کے احکام پر عمل کرنے سے ایک مرد [یا عورت] خُدا کے قریب تر ہو جائے گا (تعلیمات: جوزف سمِتھ، 64

شبیہ
آدمی مُطالعہ کرتے ہُوئے

یہ جاننے کے لیے کہ آیا مورمن کی کِتاب خُدا کا کلام ہے، ہمیں اِسے پڑھنے، اِس پر غور کرنے، اور اِس کے بارے میں دُعا کرنے کی ضرورت ہے۔ مورمن کی کِتاب کے نبی نے وعدہ کیا کہ جب ہم سچّے دِل، نیک نیتی، اور مسِیح پر اِیمان کے ساتھ دُعا کرتے ہیں تو خُدا کِتاب کی سچّائی ہم پر ظاہر کرے گا (دیکھیں مرونی 3:10–5)۔ دائمی تبدیلی کے لیے مورمن کی کِتاب کا مُطالعہ ضروری ہے۔

جب ہم مورمن کی کِتاب کو پڑھتے اور اِس کے بارے میں دُعا کرتے ہیں، تو ہم یِسُوع مسِیح کے بارے میں ایسی سچّائیاں سیکھیں گے جو ہماری زندگیوں میں برکت کا باعث بنیں گیں۔ ہم یہ بھی جانیں گے کہ جوزف سمِتھ خُدا کا نبی تھا اور یِسُوع مسِیح کی کلِیسیا اور اِنجِیل اُس کے وسیلے سے بحال ہُوئی۔

شبیہ
صدر رسل ایم نیلسن

”مَیں وعدہ کرتا ہُوں کہ جب آپ ہر روز دُعاگو ہو کر مورمن کی کِتاب کا مُطالعہ کرتے ہیں، آپ—ہر روز بہتر فیصلے کریں گے۔ مَیں وعدہ کرتا ہُوں کہ جب آپ اُس پر غور کریں گے جو آپ مُطالعہ کرتے ہیں، آسمان کے دریچے کُھل جائیں گے، اور آپ اپنے ذاتی سوالوں کے جوابات اور خُود اپنی زندگی کے لیے ہدایت پائیں گے۔ مَیں وعدہ کرتا ہُوں کہ جب آپ روزانہ مورمن کی کِتاب کا محّو مُطالعہ کریں گے، آپ روزانہ کی برائیوں کے خلاف قوتِ مدافعت پائیں گے“ (رسل ایم نیلسن، ”مورمن کی کِتاب: آپ کی زندگی اِس کے بغیر کیسی ہوگی؟انزائن یا لیحونا، نومبر 2017، 62–63)۔

مُطالعہِ صحائف

اِس اُصُول کے بارے میں مزید جانیں

  • راہ نُما صحائف: ”مورمن کی کِتاب

  • اِنجِیلی موضُوعات: ”مورمن کی کِتاب

شبیہ
خاتون دُعا کرتے ہُوئے

رُوحُ القُدس کے ذریعے سچّائی جاننے کے لیے دُعا کریں

کیوں کہ خُدا ہمارا باپ ہے، وہ سچّائی جاننے میں ہماری مدد کرے گا۔ جب ہم مورمن کی کِتاب کو پڑھتے اور خُدا سے دُعا کرتے ہیں تو ہم جان سکتے ہیں کہ یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کی بحالی کا پیغام سچّا ہے۔ جب ہم اِیمان اور اِرادے سے دُعا کرتے ہیں، تو وہ ہمارے سوالوں کے جوابات دے گا اور ہماری زندگیوں میں راہ نُمائی کرے گا۔

خُدا عموماً رُوحُ القُدس کے ذریعے ہماری دُعاؤں کا جواب دیتا ہے۔ جب ہم دُعا کرتے ہیں، تو رُوحُ القُدس سچّائی کی تعلیم دیتا اور اُس کی تصدیق کرتا ہے۔ رُوحُ الُقدس سے رابطہ قوی ہوتا ہے۔ وہ عام طور پر ہمارے احساسات، خیالات، اور تاثُرات کے ذریعے پُر سکون یقین دہانی کے طور پر آتے ہیں۔ (دیکھیں 1 سلاطِین 19:‏11–12؛ ہیلیمن 5:‏30؛ عقائد اور عہُود 8:‏2

صحائف (خصوصاً مورمن کی کِتاب) کا متواتر مُطالعہ، ہفتہ وار عِشائے ربانی کی عِبادت میں شرکت، اور مُخلص دُعا رُوحُ القُدس کی قُدرت کو محسُوس کرنے اور سچّائی دریافت کرنے میں ہماری مدد کرتی ہے۔

مُطالعہِ صحائف

اِس اُصُول کے بارے میں مزید جانیں

  • راہ نُما صحائف: ”دُعا

  • دیکھیے لغتِ بائبل: ”دُعا

  • اِنجِیلی موضُوعات: ”دُعا

مُختصر سے درمِیانی سبق کا خاکہ

اگر آپ کے پاس مُختصر وقت ہے تو درج ذیل خاکہ ایک نمونہ ہے آپ کِسی کو کیا سِکھا سکتے ہیں۔ اِس خاکہ کا اِستعمال کرتے ہُوئے، سِکھانے کے لیے ایک یا زائد اُصُولوں کا اِنتخاب کریں۔ ہر اُصُول کی عقائدی بُنیاد سبق میں پہلے فراہم کی جا چُکی ہے۔

جب آپ تعلیم دیں، سوالات پُوچھیں اور سُنیں۔ ایسی دعوتیں دیں جو لوگوں کو سیکھنے میں مدد دیں کہ خُدا کے قریب کیسے ہوں۔ اِس شخص کے لیے ایک اہم دعوت یہ ہے کہ وہ آپ سے دوبارہ مِلے۔ سبق کا دورانیہ اُن سوالات پر مُنحصر ہو گا جو آپ پُوچھتے اور سُنتے ہیں۔

شبیہ
مُناد ایک شخص سے گُفتگُو کرتے ہُوئے

آپ 3 سے 10 منٹ میں لوگوں کو کیا سِکھا سکتے ہیں

  • خُدا ہمارا آسمانی باپ ہے، اور اُس نے ہمیں اپنی شبیہ پر تخلیق کیا ہے۔ خُدا ہمیں ذاتی طور پر جانتا اور ہم سے پیار کرتا ہے۔ خُدا ہمیں ابدیت تک قائم رہنے والا اِطمینان اور کامِل شادمانی دینا چاہتا ہے۔

  • یِسُوع مسِیح خُدا کا بیٹا ہے۔ اُس کا مقصد ہمیں گُناہوں سے پاک کرکے ہمارے لیے، موت پر غالب آنا، اور اَبدی زندگی پانا مُمکن بنانا تھا۔

  • خُدا انبیا کو زمین پر اپنا نُمائندہ ہونے کے لیے بُلاتا ہے۔ قدیم زمانے میں، خُدا نے انبیا کو بُلایا جیسا کہ آدم، نوح، ابرہام، اور مُوسیٰ۔ زندہ نبی آج بھی ہمیں سِکھانے اور ہماری راہ نُمائی کرنے کے لیے خُدا سے مُکاشفہ حاصل کرتے ہیں۔

  • اپنی زمینی خِدمت کے دوران، یِسُوع نے اپنی کلِیسیا قائم کی۔ یِسُوع کے رسُولوں کی وفات کے بعد، یِسُوع مسِیح کی کلِیسیا اور اِنجِیل عظیم برگشتگی کا شِکار ہو گئی۔ لوگوں نے بُہت سی اِنجِیلی تعلیمات اور کہانتی رسُومات بدل دیں، جیسا کہ بپتِسما۔

  • خُدا نے پہلے زمانوں کے نبیوں کی طرح، جوزف سمِتھ کو بھی نبی ہونے کے لیے بُلایا۔ آسمانی باپ اور یِسُوع مسِیح اُس پر ظاہر ہُوئے۔ جوزف سمِتھ کے ذریعے یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل بحال ہُوئی۔

  • مورمن کی کِتاب صحائف کا مجموعہ ہے۔ بائبل کی مانند، یہ یِسُوع مسِیح کا عہد نامہ ہے اور جب ہم اِسے پڑھتے اور اِس کے اُصُولوں پر عمل کرتے ہیں تو ہمیں خُدا کے قریب ہونے میں مدد ملتی ہے۔ جوزف سمِتھ نے مورمن کی کِتاب کا ترجمہ خُدا کی نعمت اور قُدرت سے کِیا۔

  • دُعا کے ذریعے، ہم خُدا کے ساتھ بات چیت کر سکتے ہے۔ ہم جان سکتے ہیں کہ یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کی بحالی کا پیغام سچّا ہے۔