صحائف
مورمن کا کلام ۱


مورمن کا کلام

باب ۱

مورمن نِیفی کے اَوراقِ کبِیرہ کا خُلاصہ لِکھتا ہے—وہ چھوٹے اَوراق کو دیگر اَوراق کے ساتھ رکھتا ہے—بِنیامین بادِشاہ مُلک میں اَمن قائم کرتا ہے—قریباً ۳۸۵ عیسوی۔

۱ اور اب مَیں، مورمن، اِس سرگُزشت کو اپنے بیٹے مرونی کے ہاتھوں میں دینے کو ہُوں جِس کی مَیں تالیف کرتا رہا ہُوں۔ دیکھو، مَیں نے اپنے لوگوں، نِیفیوں، کی قریب قریب ساری تباہی دیکھی ہے۔

۲ اور یہ مسِیح کی آمد کے کئی سَو سال بعد کی بات ہے کہ مَیں اِس سرگُزشت کو اپنے بیٹے کے ہاتھوں میں دیتا ہُوں؛ اور مُجھے یہ گُمان ہوتا ہے کہ وہ میرے لوگوں کو یکسر نیست و نابُود ہوتا دیکھے گا۔ بلکہ خُدا کرے کہ وہ اَیسی تباہی سے بچا رہے، تاکہ وہ تھوڑا سا اُن کی بابت، اور تھوڑا سا مسِیح کی بابت لِکھ سکے، تاکہ کسی روز وہ اِس سے فیض یاب ہو سکیں۔

۳ اور اب، مَیں اُس کی بابت تھوڑا سا ذِکر کرتا ہُوں جو مَیں نے لِکھا ہے؛ کیوں کہ نِیفی کے اَوراق سے لے کر بِنیامین بادِشاہ کے عہدِ حُکُومت تک کا خُلاصہ لِکھنے کے بعد، جِس کا ذِکر عمالیقی نے کِیا، مَیں نے اُس سرگُزشت کا بغور مُطالعہ کِیا جو میرے ہاتھوں میں سونپی گئی تھی، اور مَیں نے مذکُورہ اَوراق کو دریافت کِیا، جِس میں یعقُوب سے لے کر اِس بِنیامین بادِشاہ تک، نبِیوں کی یہ مُختصِر سرگُزشت، اور نِیفی کی بُہت ساری باتیں بھی شامِل تھیں۔

۴ اور جو باتیں اِن اَوراق پر ہیں مُجھے تَشَفِی عطا کرتی ہیں، جِس کی وجہ مسِیح کی آمد کی نبُوّتیں ہیں؛ کیوں کہ وہ مسِیح کی آمد کی نبُوّتیں ہیں؛ اور میرے باپ دادا جانتے تھے کہ اُن میں سے اکثر پُوری ہو چُکی ہیں؛ ہاں، اور مَیں بھی جانتا ہُوں کہ جتنی باتوں کی نبُوّت آج کے دِن تک ہماری بابت کی گئی تھی پُوری ہو چُکی ہے، اور جتنی بھی آج کے دِن کے بعد کی ہیں یقِیناً پُوری ہوں گی—

۵ پَس، اُن پر اپنی سرگُزشت کو مُکَمَّل کرنے کے لِیے مَیں نے اِن باتوں کو چُنا، جِس کا آخِری حِصّہ مَیں نِیفی کے اَوراق سے لُوں گا؛ اور مَیں اپنے لوگوں کے حال و احوال کا سَواں حِصّہ بھی نہیں لِکھ سکتا۔

۶ بلکہ دیکھو، مَیں اِن اَوراق کو لُوں گا، جِن میں یہ نبُوّتیں اور مُکاشفے شامِل ہیں، اور اُنھیں اپنی سرگُزشت کے آخِری حِصّے کے ساتھ مرتب کرُوں گا، پَس وہ میرے لِیے برگُزیدہ ہیں؛ اور مَیں جانتا ہُوں وہ میرے بھائیوں کے واسطے برگُزیدہ ہوں گے۔

۷ اور مَیں اَیسا کسی دانا اِرادہ کے لِیے کرتا ہوں؛ پَس یُوں یہ مُجھے سرگوشی کرتا ہے، خُداوند کے رُوح کی تاثِیر کے مُوافِق جو مُجھ میں ہے۔ اور اب، مَیں ساری باتیں نہیں جانتا؛ بلکہ خُداوند سب باتیں جانتا ہے جنھیں رُو نما ہونا ہے؛ پَس، اُس کی مرضی پُوری کرنے کے لِیے وہ مُجھے ہدایت دیتا ہے۔

۸ اور خُدا سے میری دُعا میرے بھائیوں کی بابت ہے، کہ وہ ایک بار پھر خُدا کی معرفت پائیں، ہاں، مسِیح کی مُخلصی؛ تاکہ پھر سے دِل کش قَوم بن جائیں۔

۹ اور اب، مَیں مورمن اپنی سرگُزشت کو پایہِ تکمیل تک پہنچاتا ہُوں، جِس کو مَیں نِیفی کے اَوراق سے لیتا ہُوں؛ اور مَیں اِس کو اُس عِرفان اور فہم کے مُوافِق مرتب کرتا ہُوں جِس سے خُدا نے مُجھے نوازا ہے۔

۱۰ پَس، اَیسا ہُوا کہ جب عیمالیقی اِن اَوراق کو بِنیامین بادِشاہ کے ہاتھوں میں سونپ چُکا تھا، تو اُس کے بعد اُس نے اُنھیں لے کر دُوسرے اَوراق کے ساتھ مرتب کِیا، جِن میں اَیسی رُودادیں شامِل تھیں جِنھیں بادِشاہان نسل در نسل بِنیامین بادِشاہ کے دَور تک مُنتقِل کرتے رہے۔

۱۱ اور وہ بِنیامین بادِشاہ سے لے کر میرے ہاتھوں میں پہنچنے تک پُشت در پُشت مُنتقِل ہوتی رہی تھیں۔ اور مَیں، مورمن، خُدا سے دُعا کرتا ہُوں کہ اِس کے بعد سے وہ محفُوظ رکھی جائیں۔ اور مَیں جانتا ہُوں کہ اُنھیں محفُوظ رکھا جائے گا؛ کیوں کہ اُن پر اَفضل باتیں لِکھی ہیں، جِن میں سے میری قَوم اور اُن کے بھائیوں کی یومِ آخِر اور عظیم عدالت ہو گی، خُدا کے اِس کلام کے مُوافِق جِس کو رقم کِیا گیا ہے۔

۱۲ اور اب، اِس بِنیامین بادِشاہ کی بابت —اُس کے اپنے لوگوں میں تھوڑے سے جھگڑے تھے۔

۱۳ اور اَیسا بھی ہُوا کہ لامنوں کی فَوجیں نِیفیوں کے مُلک سے نِکل کر اُس کے لوگوں کے خِلاف لڑائی کے لِیے آئیں۔ بلکہ دیکھو، بِنیامین بادِشاہ نے اپنی فَوجوں کو اِکٹھا کِیا، اور اُن کے خِلاف کھڑا ہُوا تھا، اور وہ لابن کی تلوار اور اپنے زورِ بازو سے لڑا۔

۱۴ اور اُنھوں نے خُداوند کی قُدرت سے اپنے دُشمنوں کا مُقابلہ کِیا، یہاں تک کہ اُنھوں نے کئی ہزار لامنوں کو قتل کر دِیا۔ اور اَیسا ہُوا کہ وہ لامنوں کے خِلاف اِس حد تک لڑے کہ اُنھوں نے اُن کو اپنی ساری مُوروثی سر زمِین سے باہر نِکال دِیا۔

۱۵ اور اَیسا ہُوا کہ جُھوٹے مسِیح برپا ہو چُکے تھے، اور اُن کے مُنہ بند کِیے جا چُکے تھے، اور اپنے جرائم کے مُوافِق سزا پانے کے بعد؛

۱۶ اور اِس اُمت کے درمیان میں اِن جُھوٹے نبِیوں، اور جُھوٹے مُنادوں، اور اُستادوں کے برپا ہونے، اور اِن سب کو اُن کے جرائم کے مُوافِق سزا مِلنے کے بعد؛ اور لامنوں میں بُہت سارے جھگڑے پھیلنے اور بُہت زیادہ پُھوٹ پڑ جانے کے بعد، دیکھو، اَیسا ہُوا کہ بِنیامین بادِشاہ، اُن پاک نبِیوں کی مدد سے جو اُس کی اُمت میں موجُود تھے—

۱۷ پَس دیکھو، بِنیامین بادِشاہ نیک اِنسان تھا، اور اُس نے اپنی اُمت پر راستی سے حُکم رانی کی تھی؛ اور مُلک میں بُہت سارے نیک اِنسان تھے، اور وہ قُدرت اور اِختیار کے ساتھ خُدا کا کلام سُناتے تھے؛ اور لوگوں کی سرکشی کے باعث اُن کا کلام نہایت تیز دھار ہوتا تھا—

۱۸ پَس، اِن کی مدد کے ساتھ، بِنیامین بادِشاہ نے، اور نبِیوں نے بھی، اپنے جِسم کی ساری طاقت اور ساری رُوح کی لیاقت کے ساتھ محنت کر کے، ایک بار پھر مُلک میں اَمن قائم کِیا۔