صحائف
ایلما ۳۷


باب ۳۷

پِیتل کے اَوراق اور دُوسرے نوِشتے رُوح کو نجات کی طرف لانے کے لِیے محفُوظ کیِے جاتے ہیں—بنی یارد اپنی بدکاری کے سبب سے نیست و نابُود ہُوئے—ضرُور ہے کہ اُن کی خُفِیہ قَسمیں اور مُعاہدے لوگوں سے دُور رکھے جائیں—اپنے سب کاموں میں خُداوند سے مشورت کر—جِس طرح لیحونا نے بنی نِیفی کی ہدایت فرمائی اِسی طرح مسِیح کا کلام بنی نوع اِنسان کی اَبَدی زِندگی کی طرف راہ نُمائی کرتا ہے۔ قریباً ۷۴ ق۔م۔

۱ اور اب، میرے بیٹے ہیلیمن، مَیں تُجھے حُکم دیتا ہُوں کہ یہ رُوداد، جِس کو میرے سُپرد کِیا گیا ہے تُو اِس کو اپنے پاس رکھ لے۔

۲ اور مَیں تُجھے یہ بھی حُکم دیتا ہُوں کہ اِس اُمّت کی سرگُزشت لکھنا، جَیسے مَیں نے بنی نِیفی کے اَوراق پر رقم کیا ہے، اور اِن سب باتوں کو مُقدّس ماننا جِنھیں مَیں نے محفُوظ کِیا ہے، اُنھیں محفُوظ رکھنا، یعنی جِس طرح مَیں نے رکھا؛ پَس یہ کسی دانا اِرادہ کے لِیے ہے کہ وہ محفُوظ کی گئی ہیں۔

۳ اور پِیتل کے یہ اَوراق، جن پر نقش کِیا گیا ہے، کہ جن پر پاک صحائف رقم کِیے گئے ہیں، یعنی اِبتدا سے جِن پر ہمارے باپ دادا کا شجرہِ نسب موجُود ہے—

۴ دیکھ، ہمارے باپ دادا نے یہ نبُوّت کی ہے، کہ اُنھیں محفُوظ رکھا جائے اور پُشت در پُشت سُپرد کِیا جائے اور یہ خُداوند کے ہاتھ کے وسیلے سے اُس وقت تک محفُوظ رہیں گے جب تک وہ ہر ایک قَوم، قِبیلہ، زبان اور لوگوں تک نہیں پُہنچتے تاکہ وہ اِس پر لِکھے ہُوئے بھیدوں کو جانیں۔

۵ اور اب دیکھ اگر یہ محفُوظ ہیں تو ضرُور ہے کہ یہ اپنی تجلی کو برقرار رکھیں؛ ہاں، اور یہ اپنی تجلی برقرار رکھیں گے؛ ہاں، اور سارے اَوراق بھی جو پاک نوِشتوں پر مُشتمل ہیں۔

۶ اب تُو تصُّور کر سکتا ہے کہ یہ میری بے وقوفی ہے؛ مگر دیکھ مَیں تُجھ سے کہتا ہُوں، کہ معمُولی اور سادہ چِیزوں سے افضل کام انجام پاتے ہیں؛ اور معمولی وسِیلوں سے کئی بار خِرد مندوں کو شرمندہ کرتے ہیں۔

۷ اور خُداوند خُدا اپنے افضل اور دائمی مقاصد کے لِیے وسائل پَیدا کرتا ہے؛ اور نہایت معمُولی وسِیلوں سے خُداوند داناؤں کو عاجز کرتا ہے اور بُہت سی جانوں کو نجات بخشتا ہے۔

۸ اور اب، یہ خُدا کی حِکمت رہی ہے کہ یہ چیزیں محفُوظ کی جائیں پَس دیکھ اُنھوں نے اِن لوگوں کی یاداشت بڑھائی، ہاں، اور بُہتیروں کو اُن کی غلط راہوں کا یقِین دِلایا ہے اور اُن کی جانوں کی نجات کے لِیے اُنھیں اُن کے خُدا کے عِلم کی طرف لائی ہیں۔

۹ ہاں، مَیں تُمجھ سے کہتا ہُوں، کیا یہ اِن باتوں کی بدولت نہیں جو اِن نوِشتوں میں مرقُوم ہیں، جو کہ اِن اَوراق پر ہیں، ورنہ عمون اور اُس کے ہم خِدمت بھائی کئی ہزار لامنوں کو اُن کے باپ دادا کی غلط رسُوم کی بابت قائل نہ کر سکتے؛ ہاں، یہ نوِشتے اور اُن کا کلام اُنھیں تَوبہ کی طرف لائے، یعنی، یہ اُنھیں خُداوند اپنے خُدا کا عِرفان پانے، اور یِسُوع مسِیح، اُن کے مُخلصی دینے والے میں شادمان ہونے کے لِیے لائے گئے۔

۱۰ اور کون جانتا ہے کہ شاید یہ اپنوں میں سے کئی ہزاروں، ہاں، اور ہمارے کئی ہزاروں سرکش نِیفی بھائیوں کو بھی لانے کا وسِیلہ ہوں، جو اِس وقت اپنے دِل گُناہ اور بدیوں کے باعث اپنے مخلصی دینے والے کے عِرفان کے خِلاف سخت کرتے ہیں؟

۱۱ اب یہ بھید ابھی تک مُجھ پر پُوری طرح ظاہر نہیں کیے گئے؛ پَس مَیں توقف کرتا ہُوں۔

۱۲ اور میرے لِیے بس یہی کہنا کافی ہے کہ اُنھیں کسی دانا اِرادہ کے لِیے محفُوظ کِیا گیا ہے، جِس اِرادہ کو خُدا جانتا ہے؛ پَس وہ حِکمت سے اپنے سب کاموں کی مشاورت کرتا ہے، اور اُس کی راہیں سیدھی ہیں، اور اُس کی راہ ایک اَبَدی مدار ہے۔

۱۳ اَے میرے بیٹے ہیلیمن، یاد رکھ، یاد رکھ، کہ خُدا کے حُکم واضح اور قطعی ہیں۔ اور اُس نے فرمایا ہے: تُو مُلک میں خُوش حال ہوگا اگر تُو میرے حُکموں کو مانے گا—اِس کے برعکس تُو اُس کی حُضُوری میں سے کاٹ ڈالا جائے گا اگر تُو اُس کے حُکموں کو نہیں مانے گا۔

۱۴ اور اب یاد رکھ، میرے بیٹے، کہ خُدا نے تُجھے ان چِیزوں کا اَمِین بنایا ہے، جو کہ مُقدّس ہیں، جِنھیں اُس نے مُقدّس رکھا تھا، اور وہ اپنے دانا اِرادہ کے لِیے بھی رکھے گا اور محفُوظ کرے گا، تاکہ وہ آیندہ نسلوں پر اپنی قُدرت کو ظاہر کرے۔

۱۵ اور اب دیکھ، نبُوّت کی رُوح کے وسِیلے سے مَیں تُجھے بتاتا ہُوں، کہ اگر تُو خُدا کے حُکموں کے خِلاف خطا کرے گا، تو دیکھ، یہ چِیزیں جو پاک ہیں، خُدا کی قُدرت کے وسِیلے سے تُجھ سے لے لی جائیں گی، اور تُو شَیطان کے حوالے کر دِیا جائے گا تاکہ وہ تُجھے اَیسے پھٹکے جَیسے ہَوا کے آگے بُھوسا۔

۱۶ اَلبتہ اگر تُو خُدا کے حُکموں پر عمل کرے، اور اِن نوِشتوں کی تکمِیل کرے جو کہ مُقدّس ہیں اُسی کے مُطابق جِس کا خُداوند تُجھے حُکم دیتا ہے، (پَس تُو ہر بات میں جَیسے بھی اِن کی تکمِیل کرے خُداوند سے درخواست ضرُور کرنا) تو دیکھ، دُنیا یا دوزخ کی کوئی طاقت اِنھیں تُجھ سے نہ چِھین سکے گی، پَس خُدا اپنے ہر قَول کو پُورا کرنے پر قادِر ہے۔

۱۷ پَس وہ اپنا ہر وعدہ جو تُجھ سے کرے گا اُس کو پُورا بھی کرے گا، کیوں کہ اُس نے اپنا ہر وعدہ جو ہمارے باپ دادا سے کِیا اُس کو پُورا کِیا۔

۱۸ پَس اُس نے اُن کے ساتھ وعدہ کِیا تھا کہ وہ اِن نوِشتوں کو اپنے دانا اِرادہ کے لِیے محفُوظ رکھے گا تاکہ وہ آیندہ نسلوں پر اپنی قُدرت کو ظاہر کرے۔

۱۹ اور اب دیکھ، ایک اِرادہ اُس نے پُورا کر لِیا ہے، یعنی کئی ہزار لامنوں کو سچّائی کے عِرفان میں بحال کِیا ہے؛ اور اُن میں اپنی قُدرت ظاہر کی ہے اور وہ اب بھی آیندہ نسلوں میں اُن پر اپنی قُدرت کا مظہر کرے گا؛ پَس اُنھیں محفُوظ کِیا جائے گا۔

۲۰ پَس میرے بیٹے ہیلمن، مَیں تُجھے حُکم دیتا ہُوں، کہ تُو جاں فشانی سے میری سب باتوں کو پُورا کر اور کہ تُو مُستَعِد بن کر خُدا کے حُکموں کو ماننا جِس طرح اُنھیں لِکھا گیا ہے۔

۲۱ اور اب، مَیں تُجھ سے اُن چوبِیس–اَوراق کے حوالے سے بات کرتا ہُوں، کہ تُو اُن کی حِفاظت کرنا، تاکہ شُعبدہ بازیاں اور تارِیکی کے کرتُوت، اور اُن کی سازِشیں، یعنی اُن لوگوں کی درپردہ کارستانِیاں جو نیست و نابُود کر دِیے گئے تھے، اِس قَوم کی خاطر اُنھیں آشکار کِیا جائے گا؛ ہاں، اُن کے سارے قتال، اور غارت گریاں، اور اُن کی لُوٹ مار، اور اُن کی ساری بدکاریاں اور مکرُوہات، اِس قَوم پر آشکار کی جائیں؛ ہاں، اور یہ کہ تُو اِن ترجمانوں کو محفُوظ رکھنا۔

۲۲ پَس دیکھ، خُداوند نے دیکھا کہ اُس کی اُمّت سِیہ کاریوں کی مُرتکب ہونے لگی ہے، ہاں، خُفِیہ قتال اور مکرُوہات؛ پَس خُداوند نے فرمایا، اگر وہ تَوبہ نہیں کرتی تو وہ رُویِ زمِین سے نیست و نابُود کر دی جائے گی۔

۲۳ اور خُداوند نے فرمایا: مَیں اپنے خادم جیزلم کے لِیے اَیسا پتھر تیار کرُوں گا جو تارِیکی میں تجلّی کے لِیے چمکے گا، تاکہ مَیں اپنی اُمّت پر جو میری بندگی کرتی ہے عیاں کرُوں کہ مَیں اُن پر اُس کے بھائیوں کے نامہِ اَعمال افشا کر سکُوں، ہاں، اُن کی سازِشیں، اُن کی سِیہ کاریاں، اُن کی بدکاریاں اور مکرُوہات۔

۲۴ اور اب، میرے بیٹے، یہ ترجمان تیار کیے گئے تھے تاکہ خُدا کا کلام پُورا ہو، جو اُس نے یُوں کہہ کر، فرمایا:

۲۵ مَیں اُن کی درپردہ شازِشوں اور مکرُوہات کو اندھیرے سے نِکال کر اُجالے میں لاؤں گا؛ اور سِوا اِس کے کہ وہ تَوبہ کریں، مَیں اُنھیں رُویِ زمِین سے مِٹا ڈالوں گا؛ اور مَیں اُن کی ساری سازِشیں اور مکرُوہات ہر قَوم پر عیاں کرُوں گا جو اِس کے بعد اِس سرزمین کی مالک ہو گی۔

۲۶ اور اب، میرے بیٹے، ہم دیکھتے ہیں کہ اُنھوں نے تَوبہ نہ کی تھی؛ پَس اُنھیں نیست و نابُود کر دِیا گیا ہے، اور اِس نقطہ تک خُدا کا کلام پُورا ہو چُکا ہے؛ ہاں، اُن کی درپردہ مکرُوہات کو تارِیکی سے باہر نِکالا اور ہم پر عیاں کر دی گئیں۔

۲۷ اور اب، میرے بیٹے، مَیں تُجھے حُکم دیتا ہُوں کہ تُو اُن کے درپردہ مکرُوہ کاموں کی خاطر اُن کی ساری حلف برداریاں، اُن کے عہُود، اور اُن کے قسمیں وعدے، مَسدُود رکھنا؛ ہاں، اور اُن کے سارے نِشانوں اور عجائِب و غرائِب کو اِس قَوم پر عیاں کرنے سے اِجتناب کرنا، تاکہ وہ اُنھیں نہ جانیں، مبادا وہ بھی کہِیں تارِیکی میں نہ پڑیں اور ہلاک کِیے جائیں۔

۲۸ پَس دیکھ، اِس سارے مُلک پر لعنت بھیجی گئی ہے، چُناں چہ تارِیکی کے اُن سب گُماشتوں پر ہلاکت نازِل ہو گی، خُدا کی قُدرت کے موافق، جب وہ بالکل پک جائیں گے؛ پَس مَیں چاہتا ہُوں کہ یہ قَوم ہلاک نہ ہونے پائے۔

۲۹ پَس تُو اُن کی حلف برداریوں اور عہُود کے خُفیہ منصوبوں سے اِس اُمّت کو دُور رکھنا، اور صِرف اُن کی بدکاریاں اور اُن کے قتل و غارت اور اُن کی مکرُوہات اُن پر عیاں کرنا؛ اور تُو اُنھیں اَیسی بدی اور مکرُوہات اور قتل و غارت سے شدِید نفرت کرنے کی تعلِیم دینا؛ اور تُو اُنھیں یہ بھی سِکھانا کہ یہ قَوم اپنی بدی اور مکرُوہات اور اپنی قتل و غارت کے باعث نیست و نابُود ہُوئی تھی۔

۳۰ پَس دیکھ، اُنھوں نے خُداوند کے سب نبیوں کو قتل کر دِیا جنھوں نے اُن کے درمیان میں اُن کی سِیہ کاریوں کی بابت اُنھیں بتایا؛ اور جِن کو اُنھوں نے قتل کِیا تھا اُن کے خُون نے خُداوند اپنے خُدا کو اپنے قاتلوں سے اِنتقام لینے کے لِیے پُکارا؛ اور یُوں اِن تاریکی کے گُماشتوں اور درپردہ سازِشیوں پر خُدا کا غضب نازِل ہُوا۔

۳۱ ہاں، اور تارِیکی کے گُماشتوں اور درپردہ سازِشیوں کے لِیے مُلک ہمیشہ سے ہمیشہ تک ملعُون کِیا گیا، یعنی ہلاکت کی حد تک، سِوا اِس کے کہ وہ تَوبہ کریں اِس سے پہلے کہ وہ بالکل پک جائیں۔

۳۲ اور اب، میرے بیٹے، جو باتیں مَیں نے تُجھ سے کہی ہیں یاد رکھنا؛ اِن لوگوں کے خُفِیہ منصُوبوں پر بھروسا مت کرنا؛ بلکہ اُن کو گُناہ اور بدی سے دائمی نفرت کی تعلِیم دینا۔

۳۳ اُن میں تَوبہ اور خُداوند یِسُوع مسِیح پر اِیمان کی منادی کر؛ اُنھیں اپنے تئِیں مُتحمل مزاج ہونے اور حلِیم اور دِل کے فروتن ہونے کی تعلِیم دے؛ اُنھیں خُداوند یِسُوع مسِیح پر اپنے اِیمان کے وسِیلے سے اِبلِیس کی ہر آزمایش کا مقابلہ کرنے کی تعلِیم دے۔

۳۴ اُنھیں تعلِیم دے کہ نیکی کے کاموں سے کبھی ہِمّت نہ ہاریں، بلکہ دِل کے فروتن اور حلِیم ہوں؛ پَس اَیسے لوگ ہی اپنی جانوں کے لِیے آرام پائیں گے۔

۳۵ اَے، میرے بیٹے، یاد رکھ، اور اپنی جوانی میں حِکمت سِیکھ؛ ہاں، اپنی جوانی میں خُدا کے حُکموں پر عمل کرنا سِیکھ۔

۳۶ ہاں، اور اپنے سارے بوجھ اُٹھانے کے لِیے خُدا سے فریاد کرنا؛ ہاں، تیرے سب کام خُداوند کے لِیے ہوں، اور تُو جہاں کہیں بھی جائے خُداوند میں جانا؛ ہاں، تیرے سارے خیال خُداوند کی طرف لگے رہیں؛ ہاں تیرے دِل کی محبّتیں ہمیشہ تک خُداوند کی طرف لگی رہیں۔

۳۷ اپنے سب کاموں میں خُداوند سے مشورت کر، اور وہ بھلائی کے لِیے تیری ہدایت و راہ نُمائی کرے گا؛ ہاں، جب تُو رات کو لیٹے تو خُداوند کے لِیے لیٹنا، تاکہ وہ تیری نِیند میں تیرا نِگہبان ہو؛ اور جب تُو صُبح کو اُٹھے تو تیرا دِل خُدا کی شُکر گُزاری کرنے کے لِیے معمُور ہو؛ اور اگر تُو اِن باتوں پر عمل کرتا ہے، تو یوم ِآخِر کو تُو اقبال مند کِیا جائے گا۔

۳۸ اور اب، میرے بیٹے، مُجھے اُس چیز کی بابت کُچھ کہنا ہے جِسے ہمارے باپ دادا گیند، یا راہ بر کہتے تھے—یعنی جِسے ہمارے باپ دادا لیحونا کہتے تھے، جِس کا ترجُمہ، قُطب نما کِیا گیا ہے؛ اور خُداوند نے اُسے تیار کِیا تھا۔

۳۹ اور دیکھ، اِس طرح کی عُمدہ صنعت کاری کا کام کوئی بشر نہیں کر سکتا۔ اور دیکھ، یہ ہمارے باپ دادا کو اَیسی راہ دِکھانے کے لِیے تیار کِیا گیا تھا جِس پر اُنھیں بِیابان میں سفر کرنا ہے۔

۴۰ اور اِس نے اُن کے واسطے خُدا پر اُن کے اِیمان کے موافق کام کیا، پَس اگر وہ اِیمان کے ساتھ یہ یقِین کرتے کہ خُدا اِن سُوئیوں کو اُس طرف گُھمائے جِدھر اُنھیں جانا ہے، تو دیکھ، ویسا ہی ہو جاتا تھا؛ پَس اُن کے واسطے یہ مُعجزہ ہُوا تھا، اور خُدا کی قُدرت سے ہر روز اور بھی کئی مُعجزے ہوتے تھے۔

۴۱ پَس، اگرچہ وہ مُعجزے معمُولی وسِیلوں سے رُونما ہوتے تھے تو بھی اِس نے اُن پر حیرت خیز کام ظاہر کیِے۔ وہ کاہل تھے، اور اپنے اِیمان کا مُظاہرہ کرنے اور جاں فشانی سے عمل کرنا بھُول گئے تھے اور جِس کے نتِیجے میں وہ حیرت خیز کام رُک جاتے اور وہ اپنے سفر میں آگے نہ بڑھ پاتے۔

۴۲ پَس، وہ بیابان میں ہی ٹھہرے رہتے تھے، یعنی کسی سِیدھی راہ پر سفر نہ کر پاتے، اور اپنی خطاؤں کے سبب سے بُھوک اور پیاس کی مُصِیبتوں میں پڑ جاتے تھے۔

۴۳ اور اب، میرے بیٹے، مَیں چاہتا ہُوں کہ تُو جان لے کہ یہ چِیزیں کسی شبِیہ کے بغیر نہیں ہیں؛ چُوں کہ ہمارے باپ دادا اِس قُطب نما پر دھیان دینے میں کاہل تھے (اب اَیسی چیزیں دُنیاوی تھیں) جِس کے نتِیجہ میں اُنھیں خُوش حالی نصِیب نہ ہُوئی؛ بالکل اُسی طرح رُوحانی چِیزوں کے ساتھ بھی ہے۔

۴۴ پَس دیکھ، مسِیح کے کلام پر دھیان دینا، جو کہ اَبَدی خُوشی کی سِیدھی راہ دِکھائے گا، یہ اَیسے ہی ہے جَیسے ہمارے باپ دادا کا قُطب نما کی طرف دھیان دینا، جو اُنھیں موعودہ مُلک کی طرف سِیدھی راہ دِکھاتا تھا۔

۴۵ اور اب مَیں کہتا ہُوں، کہ کیا اِس میں اَیسا کوئی اِستعارہ نہیں ہے؟ پَس یقِیناً اِس راہ بر کی طرح، جِس کی ہدایت پر ہمارے باپ دادا نے عمل کِیا اور موعودہ سرزمِین میں پُہنچائے گئے تھے، بالکُل اُسی طرح، اگر ہم مسِیح کی باتوں کے مُطابق زِندگی بسر کرتے ہیں، تو وہ ہمیں دُکھوں کی اِس وادی سے بُہت دُور اِس سے کہیں زیادہ حسِین وعدے کی سرزمِیں میں لے جائیں گی۔

۴۶ اَے میرے بیٹے، ہم آسان راہ کے سبب سے کاہل نہ بن جائیں؛ چُوں کہ ہمارے باپ دادا کے ساتھ ایسا ہی ہُوا؛ پَس اُن کے لِیے اَیسی ہی راہ تیار کی گئی تھی، کہ اگر وہ اِس پر نظر کرتے تو وہ زِندہ رہتے؛ یعنی ویسا ہی ہمارے لِیے بھی ہے۔ راہ تیار ہے، اور اگر ہم اِس پر نظر کریں تو ہمیشہ تک زِندہ رہیں گے۔

۴۷ اور اب، میرے بیٹے، دیکھ کہ تُو اِن مُقدّس چِیزوں کی حِفاظت کرنا، ہاں، دھیان رکھ کہ تُو خُدا پر نظر کر اور زِندہ رہ۔ اِس قَوم میں جا اور کلام کی مُنادی کر، اور ہوشیار رہ۔ میرے بیٹے الوداع۔